Category: پاکستان

  • اسلام آباد، پنجاب اور کے پی میں زلزلہ، ارکان اسمبلی نشست چھوڑ کر باہر آگئے

    اسلام آباد(بولونیوز)اسلام آباد اور کے پی کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔پشاور، سوات، کوہاٹ، لوئر دیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شانگلہ، بشام، چترال، باجوڑ اور گردونواح میں بھی زمین لرز اٹھی۔مردان، جنوبی وزیرستان، ڈی آئی خان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    ادھر وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے ارکان اسمبلی نشستیں چھوڑ کر باہر آگئے۔ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے زلزلے کی وجہ سے اجلاس میں 5 منٹ کا وقفہ کردیا۔

    شمالی وزیرستان پاک افغان سرحد کے قریب اور گردونواح میں بھی زلزلہ آیا جس پر لوگ خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کا بتانا ہے کہ زلزلے کی شدت 5.7 اور اس کی گہرائی 230 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا۔

  • کراچی میں واٹر ٹینکرز کے لیے بارکوڈ سسٹم متعارف، غیر قانونی ٹینکر مافیا کے خلاف بڑا اقدام

    کراچی(بولونیوز)مرتضیٰ وہاب نے شہرِ قائد میں پانی کی ترسیل کو شفاف بنانے اور غیر قانونی ٹینکر مافیا کے خاتمے کے لیے تمام رجسٹرڈ واٹر ٹینکرز پر بارکوڈ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اس حوالے سے میئر کراچی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اب شہری بارکوڈ اسکین کر کے فوری طور پر یہ معلوم کر سکیں گے کہ پانی فراہم کرنے والا ٹینکر قانونی ہے یا غیر قانونی۔ ان کے مطابق شہر میں چلنے والے تمام رجسٹرڈ واٹر ٹینکرز پر بارکوڈ نصب کر دیا گیا ہے۔

    مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ بارکوڈ اسکین کرنے سے ٹینکر، ڈرائیور، روٹ، فٹنس اور پانی کے منبع سمیت مکمل تفصیلات سامنے آ جائیں گی، جبکہ ہر رجسٹرڈ ٹینکر کی شناخت، ڈرائیور کی تصویر اور شناختی معلومات کی بھی تصدیق ممکن ہو گی۔

    انہوں نے کہا کہ غیر قانونی واٹر ٹینکر مافیا کے خاتمے کے لیے جدید بارکوڈ ٹریکنگ سسٹم نافذ کیا گیا ہے، جس کا مقصد غیر رجسٹرڈ ٹینکرز کی نشاندہی اور پانی کی ترسیل میں شفافیت لانا ہے۔ میئر کراچی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں میں آنے والے ٹینکر کا بارکوڈ لازمی اسکین کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی نشاندہی متعلقہ اداروں کو کریں۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون سے ہی غیر قانونی واٹر سپلائی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے، اور یہ نظام شہریوں کو موبائل فون پر ہی رجسٹرڈ ٹینکرز کی مکمل معلومات فراہم کرے گا، جو پانی کے بحران پر قابو پانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

  • کراچی نیو یارک سے بہتر شہر ہے، ضیا الحسن لنجار

    کراچی(بولونیوز) وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی نیو یارک سے بہتر شہر ہے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی سندھیوں، اردو بولنے والوں، پنجابیوں سمیت سب کا ہے، کراچی سندھ کا دارالخلافہ ہے اور رہے گا، تقریروں سے اِدھر اُدھر نہیں ہوگا۔

    ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ خطرناک شہروں میں اب کراچی 170 نمبر پر ہے، یہ نیو یارک سے بہتر شہر ہے، موٹرسائیکل کی چوری بہت زیادہ ہے جس کیلیے قانون سازی کرنی پڑے گی، بائیک پر جب تک ٹریکر نہیں لگے گا چوری کم نہیں ہوگی۔

    انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 1992 میں آپریشن ہوا تب ایم کیو ایم کے دوست حکومت کا حصہ تھے، ہم تب اپوزیشن میں تھے ہمارے لوگ بھی گرفتار ہوئے، ہر دور میں کوشش کی گئی کہ کراچی میں غیر یقینی صورتحال رہے، امن و امان پر کوئی مصلحت نہیں ہوگی، آپ ہمیں دوبارہ 1992 میں لے کر جا رہے ہیں، قانون ہاتھ میں لینے والا ایم پی اے ہی کیوں نہ ہو کارروائی ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں بوری بند لاشیں نہیں ہونے دیں گے، بوری بند لاشیں آپ کی پارٹی پالیسی ہے تو بری ہے، اسمبلی میں بیٹھے کئی ممبران کے آباؤ اجداد بھی اسمبلی ممبرز تھے، 1935 کی اسمبلی میں 85 ممبرز سندھی مسلم تھے، ان کے پاس زمینیں تھیں تب ممبرز بنے تھے، تاریخ مسخ مت کریں۔

  • ایف آئی اے امیگریشن کی بڑی کارروائی، آذربائیجان جانے والے دو مسافر روک لیے گئے

    کراچی(بولونیوز)کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آذربائیجان جانے والے دو مسافروں کو دورانِ امیگریشن کلیئرنس مشکوک سفری معلومات اور مبینہ غیر قانونی انتظامات کی بنیاد پر روک لیا۔ مسافروں سے مزید جانچ پڑتال کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق روکے گئے مسافروں کی شناخت اظہر علی پنہور ولد غلام یاسین اور اسداللہ سکنہ دادو، سندھ کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں مسافر پاکستانی پاسپورٹس پر آذربائیجان وزٹ ویزا کے ذریعے سفر کر رہے تھے۔

    دستاویزات کی جانچ اور انٹرویو کے دوران مسافر اظہر علی پنہور نے انکشاف کیا کہ اس کے والد غلام یاسین سندھ پولیس میں ملازم ہیں اور اس وقت پاسپورٹ آفس دادو میں تعینات ہیں۔ مسافر کے مطابق والد کے ذریعے اس کا رابطہ سلیم نامی شخص سے ہوا، جس نے بعد ازاں مبینہ ٹریول ایجنٹس راجہ اور سعید سے متعارف کروایا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں نے بتایا کہ وہ آذربائیجان میں موجود سعید نامی شخص سے بھی رابطے میں تھے، جو مبینہ طور پر وہیں مقیم ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ راجہ نامی شخص نے چار افراد کو آذربائیجان وزٹ ویزا پر بھجوانے اور ہوٹل مینجمنٹ کے شعبے میں ملازمت دلوانے کے نام پر 18 لاکھ روپے طلب کیے، جن میں سے 14 لاکھ روپے ابتدائی طور پر ادا کیے گئے۔

    ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے وقت صرف دو مسافر سفر کر رہے تھے، جبکہ دیگر دو افراد جہانگیر اور عرفان بعد میں روانہ ہونے والے تھے۔ مسافروں نے بتایا کہ رقم کی ادائیگی اظہر علی پنہور کے والد کی جانب سے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کی گئی۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مالی معاملات، بینک ریکارڈ اور دیگر ملوث افراد کے کردار کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملہ وزٹ ویزا کے ممکنہ غلط استعمال، غیر مجاز ٹریول ایجنٹس کی سہولت کاری اور بیرونِ ملک روزگار کے نام پر رقم وصول کرنے سے متعلق ہے۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق تمام ملوث افراد کی شناخت، مالی لین دین کی تصدیق اور متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کا خیرمقدم

    کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلوچستان کے علاقوں خاران اور مستونگ میں فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے خاران اور مستونگ میں 8 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارضِ پاک میں فتنہ پھیلانے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے عظیم مشن پر کاربند ہیں اور پوری قوم ان کی شجاعت، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت وفاقی اور صوبائی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

  • لیبر ڈپارٹمنٹ میں 30 ارب روپے کی مبینہ کرپشن، پیپلز پارٹی کی اپنی حکومت پر سنگین الزامات

    سندھ(بولونیوز)رکن سندھ اسمبلی سجاد علی سومرو نے لیبر ڈپارٹمنٹ میں 30 ارب روپے کی مبینہ کرپشن پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    سجاد علی سومرو کا کہنا ہے کہ سندھ کے سینئر وزیر سعید غنی خود اپنی وزارتِ لیبر پر 30 ارب روپے کی کرپشن کا الزام عائد کر رہے ہیں، جو حکومت کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان اور ناکامی کا اعتراف ہے۔ ان کے مطابق اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ حکومت کے اپنے وزیر ہی اپنی حکومت پر انگلیاں اٹھا رہے ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ اربوں روپے کسی فرد کی ذاتی ملکیت نہیں تھے بلکہ لیاری، کراچی اور پورے سندھ کے محنت کش مزدوروں کی امانت تھے، جنہیں مبینہ طور پر لوٹ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب عوام کو بتایا جائے کہ ان اربوں روپے کا حساب کون دے گا، ذمہ دار کون ہے اور عملی کارروائی کب ہوگی؟

    رکن سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ صرف الزامات لگانا کافی نہیں، پیپلز پارٹی کو سندھ کے ہر مزدور، ہر غریب اور ہر ٹیکس دینے والے شہری کے سامنے جواب دینا ہوگا۔ ان کے مطابق اب وقت آ گیا ہے کہ احتساب ہو اور عوام کو ان کے پیسے کا حساب دیا جائے۔

  • ملیر میں گھر سے ماں اور بیٹی کی لاشیں برآمد، شوہر حراست میں

    کراچی(بولونیوز)کراچی کے علاقے ملیر میں ایک گھر سے ماں اور بیٹی کی لاشیں ملنے کے بعد واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ مقتولہ کے والد نے اپنی بیٹی کی ذہنی حالت خراب قرار دیتے ہوئے داماد کو بے قصور قرار دیا ہے اور اس کی رہائی کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی صبا ذہنی مریضہ تھی اور ماضی میں بھی خود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر چکی تھی، حتیٰ کہ اس نے پہلے بھی ہاتھ کی رگ کاٹی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

    پولیس کے مطابق گھر سے ماں کی لاش جبکہ بیٹی کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر مقتولہ نے پہلے اپنی بیٹی کو قتل کیا اور بعد ازاں خودکشی کر لی، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

    دوسری جانب مقتولہ کے والد نے اپنے داماد پر شک کرنے سے انکار کرتے ہوئے پولیس سے اس کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل حقیقت جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حتمی مؤقف سامنے لایا جائے گا۔

  • عمران خان کے دستخط والی ٹی شرٹ کی مبینہ پانچ ملین ڈالر میں فروخت، سوشل میڈیا پر نئی بحث

    اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے دستخط والی ٹی شرٹ کے مبینہ طور پر پانچ ملین ڈالر میں فروخت ہونے کے دعوے نے سوشل میڈیا پر ایک نئی اور بھرپور بحث چھیڑ دی ہے۔ یہ دعویٰ پی ٹی آئی کی رہنما شاندانہ گلزار کی جانب سے سامنے آیا، جس کے بعد عوامی اور سیاسی حلقوں میں مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

    سیاسی مبصرین کے مطابق یہ معاملہ صرف ایک ٹی شرٹ یا اس کی قیمت تک محدود نہیں، بلکہ یہ عمران خان سے وابستہ عوامی محبت، عقیدت اور سیاسی وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ شاندانہ گلزار کے بیان کو عمران خان کی مسلسل عوامی مقبولیت اور اثر و رسوخ سے جوڑا جا رہا ہے۔

    حامیوں کا کہنا ہے کہ عمران خان آج بھی لاکھوں افراد کے لیے محض ایک سیاسی شخصیت نہیں بلکہ مزاحمت، خودداری، امید اور نظریے کی علامت ہیں۔ ان کے مطابق دستخط شدہ ٹی شرٹ اگر غیر معمولی قیمت پر فروخت ہونے کا دعویٰ سامنے آتا ہے تو اس کا مطلب یہی ہے کہ لوگ اسے محض کپڑا نہیں بلکہ ایک یادگار اور جدوجہد کی علامت سمجھتے ہیں۔

    سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں معروف شخصیات سے منسوب اشیا کی نیلامی ایک عام بات ہے، تاہم عمران خان کے معاملے میں یہ موضوع سیاسی اور جذباتی رنگ اختیار کر جاتا ہے۔ ان کے چاہنے والوں کے نزدیک عمران خان وہ رہنما ہیں جنہوں نے عوام کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا حوصلہ دیا۔

    اگرچہ پانچ ملین ڈالر میں فروخت ہونے کا دعویٰ تاحال بحث طلب ہے، لیکن اس واقعے نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان کا نام آج بھی میڈیا، سیاست اور عوامی گفتگو کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ناقدین اور مخالفین کی تنقید کے باوجود عمران خان کا ذکر سامنے آتے ہی عوامی توجہ کا رخ اسی جانب ہو جانا ان کی سیاسی اہمیت کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔

    سیاسی حلقوں کے مطابق یہ واقعہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ بعض شخصیات کو قیمت سے نہیں بلکہ جذبات اور وابستگی سے ناپا جاتا ہے، اور عمران خان کا نام اب بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔

  • ترکیے کا پاکستان کے بجلی شعبے کی نجکاری اور اصلاحات میں تعاون، تین نئے معاہدے طے

    اسلام آباد(بولونیوز)ترکیے نے پاکستان کے بجلی شعبے کی نجکاری اور اصلاحات میں تعاون فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ اس سلسلے میں 25 جون کو دونوں ممالک کے درمیان تین نئے تعاون معاہدے طے پا گئے ہیں۔

    ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بیرقدار نے اس موقع پر کہا کہ ترکیہ پاکستان کو بجلی کے نظام کی اصلاح، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک، مانیٹرنگ سسٹمز اور بجلی مارکیٹ آپریشنز میں اپنا تجربہ فراہم کرے گا۔

    معاہدوں کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تربیت، صلاحیت سازی، بجلی مارکیٹ کی ترقی اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں بھی تعاون کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس شراکت داری کا مقصد پاکستان کے توانائی شعبے کو زیادہ مؤثر، شفاف اور پائیدار بنانا ہے۔

    توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ ترکیے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر پاکستان میں بجلی کے نقصانات کم کرنے، نظام کی بہتری اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے، جو مجموعی طور پر معیشت کے لیے مثبت ثابت ہو گی۔

  • بلوچستان میں دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 8 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی(بولونیوز)آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون 2026 کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں دو کامیاب انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کیے، جن کے دوران مجموعی طور پر 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

    ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق 25 جون کو ضلع خاران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں کامیاب آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

    اسی طرح 26 جون کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش بمبار سمیت 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم (IEDs) اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔

    ترجمان آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ویژن “عزمِ استحکام” اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔