Category: انٹرنیشنل نیوز

  • لیو اِن ریلیشن شپ: باپ نے بیٹے کے ساتھ رہنے والی لڑکی کو بھیانک طریقے سے قتل کر دیا

    رائے پور(بولونیوز)بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک باپ نے اپنے بیٹے کے ساتھ رہنے والی لڑکی کو بھیانک طریقے سے قتل کر دیا، بتایا جا رہا ہے کہ وہ لیو اِن ریلیشن شپ پر ناراض تھا۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ضلع کاوردھا میں لوہارہ تھانہ کے علاقے بنداٹولا گاؤں میں جہل پٹیل نامی شخص نے ’لیو اِن ریلیشن شپ‘ پر ناراض ہونے کے سبب اپنے بیٹے کے ساتھ رہنے والی لڑکی کامنی نشاد کو قتل کر دیا۔

    پولیس نے جہل پٹیل کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے بتایا کہ اس نے 7 نومبر کو بیٹے کو کسی بہانے گھر سے باہر بھیجا، پھر خاتون کامنی کو زبردستی زہریلی دوا پلائی اور پھر اسے قتل کر دیا، اس کے بعد لاش گھر کے صحن میں سیپٹک ٹینک میں پھینک دی، اور اس کے اوپر سیمنٹ سے پلستر کر دیا۔

    پولیس کے مطابق باپ لیو ان ریلیشن سپ سے سخت ناراض تھا، وہ اس بات پر بھی پریشان تھا کہ خاتون کا تعلق ایک مختلف کمیونٹی سے ہے۔ ملزم کا بیٹا جب گھر واپس آیا تو اس نے خاتون کے بارے میں دریافت کیا، والد نے بتایا کہ عورت گھر سے بھاگ گئی ہے، جب لڑکی کا کوئی سراغ نہیں ملا تو اس نے تھانہ لوہارا میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرا دی۔

    تفتیش کے دوران پولیس نے جہل پٹیل سے کئی بار پوچھ گچھ کی اور ہر بار اس نے مختلف بیانات دیے، جس سے پولیس کا شک ہوا، جب پولیس سختی اختیار کی تو ملزم نے اعتراف کر لیا۔

    رپورٹ کے مطابق کامنی اور نوجوان بھوجرام پٹیل حیدرآباد میں ایک ساتھ کام کرتے تھے، جہاں ان میں محبت ہو گئی، اور کچھ مہینوں بعد وہ شادی کرنے کے ارادے سے گاؤں بنداٹولا، کاوردھا آئے۔ خاتون کا تعلق مختلف ذات سے تھا اس لیے نوجوان کے گھر والے اس شادی پر راضی نہیں تھے۔

  • باپ کے ہاتھوں انتخابات میں بیٹے کو زبردست شکست

    حیدرآباد(بولونیوز)بھارتی شہر حیدرآباد میں پنچایت انتخابات میں باپ نے بیٹے کو شکست دے دی۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد میں گرام پنچایت سرپنچ انتخابات میں ایک شخص نے اپنے ہی بیٹے کے خلاف زبردست کامیابی حاصل کی۔

    پنچایت کا یہ انتخاب میدک ضلع کے رامایم پيٹ کے علاقے جھانسی لِنگاپور میں ہوا، جہاں دو مرتبہ سرپنچ انتخاب جیتنے والے راماکِشٹیا کے خلاف ان ہی کا بیٹا وینکٹیش کھڑا ہو گیا تھا۔

    دونوں کی جانب سے زبردست انتخابی مہم چلائی گئی، تاہم ووٹروں نے باپ راماکِشٹیا پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انھیں 99 ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنا دیا۔

  • تنخواہوں میں اضافے کیلئے 2 سال میں برطانوی ڈاکٹرز کی 14ویں ہڑتال

    لندن(بولونیوز) تنخواہوں میں اضافے کیلئے 2 سال میں برطانیہ کے ڈاکٹرز نے 14ویں ہڑتال کا اعلان کردیا، ہڑتال کا آغاز بدھ سے کیا جائے گا۔

    برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن نے جاری بیان میں کہا کہ انگلینڈ میں ڈاکٹرز کی 5 روزہ ہڑتال اسی ہفتے ہوگی، برطانوی ڈاکٹرز کی ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے کی گئی نئی پیشکش کو بھی مسترد کردیا ہے۔

    ریزیڈنٹ ڈاکٹرز کی ہڑتال بدھ کی صبح 7 بجے شروع ہوگی، اس سلسلے میں سیکریٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام غیرذمہ دارانہ اور خطرناک ہوگا کیونکہ اسپتالوں پر فلو کا دباؤ ہے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن ممبران کی اکثریت نے ہڑتال کے حق میں ووٹنگ کی ہے، آن لائن پول میں بی ایم اے کے 83 فیصد اراکین نے ہڑتال کے حق میں ووٹ دیا۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے ریذیڈنٹ ڈاکٹرز نے کرسمس سے قبل مطالبات کے حق میں پانچ روزہ ہڑتال کا اعلان اس ماہ کے شروع میں کیا تھا، ہڑتال 17 سے 22 دسمبر تک کی جائے گی۔

    ریزیڈنٹ ڈاکٹرز کمیٹی کے سربراہ کے مطابق برطانوی حکومت ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے میں ناکام رہی۔

    کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت ڈاکٹرز کی ملازمتوں کے بحران کو دور کرنے کے لیے قابل اعتبار منصوبہ پیش کرنے میں ناکام رہی ہے، اسی لیے ہڑتال کرنے کے سوا دوسرا کوئی چارہ نہیں۔

  • سڈنی حملے میں ملوث ساجد اکرم کے بھارتی ہونے کا انکشاف

    سڈنی(بولونیوز)سڈنی کے ساحل پر ہونے والے حالیہ حملے میں ملوث ساجد اکرم کے بھارتی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ 24 سالہ حملہ آور نوید اکرم کے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ نوید کے والد ساجد اکرم کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ ان کی ماں اٹلی کی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حملے کے بارے میں اکثر بات چیت کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ نوید کے پاس اسلحے کا قانونی لائسنس موجود تھا، تاہم کسی نے یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ اس طرح کا حملہ کر سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا میں اس دہشت گردی کے واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا زور پکڑ گیا تھا۔ سڈنی حملے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے، اور کچھ اسرائیلی، بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے اس واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی۔

    اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے حملہ آوروں کو پاکستانی قرار دیا جبکہ ‘را’ سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی پاکستان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا شروع کر دیا۔ تاہم حالیہ انکشاف سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ ساجد اکرم کا تعلق بھارت سے ہے، جس سے پروپیگنڈے کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔

  • بس گہری کھائی میں گرنے سے 17 ہلاک، 20 زخمی

    کولمبیا(بولونیوز)کولمبیا میں ایک بس گہری کھائی میں گرنے کے حادثے میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 16 ہائی سکول کے طلبہ اور بس کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔

    عالمی خبررساں ادارے کے مطابق ہلاک طلبہ کی عمر 16 سے 18 سال کے درمیان تھی اور وہ میڈیلین کے قریب واقع شہر بیلو کے ایک سکول سے تعلق رکھتے تھے۔ طلبہ اپنی گریجویشن کی خوشی منانے کے لیے کولمبیا کے کیریبین ساحلی علاقوں ٹولو اور کوویناس کے سفر پر تھے جب یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

    حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر مقامی اسپتالوں میں منتقل کر کے طبی امداد دی جا رہی ہے، جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

  • 500 ملین ڈالر خرچ کرکےبےگھرافراد کے لیے مفت اسپتال قائم کر دیا

    لاس اینجلس(بولونیوز) عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے مبینہ طور پر اپنی پوری ذاتی دولت، جس کی مالیت تقریباً 500 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے، بے گھر اور غیر بیمہ شدہ افراد کے لیے دنیا کا سب سے بڑا مفت اسپتال قائم کرنے پر خرچ کر دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سرینا ولیمز نے خاموشی سے اپنے تمام اثاثے—جن میں اسٹاکس، جائیدادیں، زیورات حتیٰ کہ ان کے 23 گرینڈ سلیم ٹرافیز بھی شامل ہیں—فروخت یا استعمال کر کے “کوئنز مرسی میڈیکل سٹی” کے نام سے ایک جدید اسپتال تعمیر کروایا۔ یہ 1,200 بستروں پر مشتمل اسپتال لاس اینجلس کے علاقے اسکڈ رو میں قائم کیا گیا ہے، جو صرف بے گھر اور غریب افراد کے لیے وقف ہے اور جہاں تمام سہولیات ہمیشہ کے لیے مکمل طور پر مفت ہوں گی۔

    تعمیراتی عملے کے مطابق سرینا ولیمز گزشتہ 114 دنوں سے اسپتال کی جگہ پر ایک خیمے میں رہ رہی تھیں، ننگے پاؤں کام کرتیں، رات تین بجے وہیل بیرو دھکیلتی دیکھی گئیں، جبکہ وہ اپنے دوسرے بچے کی امید سے بھی تھیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال کے دروازے آدھی رات کو کھولے گئے، جہاں سرینا ولیمز خود آنسوؤں کے ساتھ پہلے مریض—ایک بے ہوش سابق فوجی—کو وہیل چیئر پر اسپتال میں داخل کراتے ہوئے نظر آئیں اور اس کا ہاتھ تھامے رکھا۔

    اس جدید طبی مرکز میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، کینسر وارڈز، ذہنی صحت کے خصوصی فلورز، ڈینٹل سوئٹس اور یہاں تک کہ چھت پر قائم زرعی فارم بھی شامل ہے۔ اسپتال میں فراہم کی جانے والی ہر سہولت مکمل طور پر مفت ہوگی۔

    رپورٹ کے مطابق سرینا ولیمز نے حال ہی میں اپنا فلوریڈا میں واقع شاندار محل بھی فروخت کر دیا تاکہ آخری مرحلے میں ایم آر آئی مشینیں خریدی جا سکیں۔

    اس منصوبے کو انسانیت کی خدمت کی ایک بے مثال مثال قرار دیا جا رہا ہے، جس نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کر لی ہے۔

  • سڈنی میں یہودیوں کی تقریب پر فائرنگ، 16 افراد ہلاک، 40 سے زائد زخمی

    آسٹریلیا(بولونیوز)شہر سڈنی کے معروف ساحلی علاقے بونڈی بیچ پر اتوار کی شب یہودی تہوار ہنوکہ کی تقریب کے دوران فائرنگ کے ایک ہولناک واقعے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    پولیس اور ریاستی محکمہ صحت کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 10 سالہ بچہ بھی شامل ہے، جب کہ سب سے زیادہ عمر کے مقتول کی عمر 87 سال بتائی جا رہی ہے۔ پیر کی صبح تک کم از کم 40 زخمی افراد مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج تھے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

    واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا جبکہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب تقریب میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جب کہ سڈنی بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

  • بھارتی پروپیگنڈا فلم ’دھورندھر‘ پر خلیجی ممالک میں پابندی عائد

    بھارت(بولونیوز)متنازع اور پروپیگنڈا پر مبنی فلم ’دھورندھر‘ کی ریلیز پر خلیجی ممالک میں پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کو پاکستان مخالف مواد پر مبنی قرار دیے جانے کے باعث خلیجی ریاستوں میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں فلم ’دھورندھر‘ ریلیز نہیں کی جا سکی۔ فلم کی ٹیم نے ان ممالک میں نمائش کے لیے کوششیں کیں، تاہم حکام کی جانب سے اجازت نہ مل سکی۔

    واضح رہے کہ خلیجی حکومتیں ایسے مواد کی منظوری کے معاملے میں خاصی محتاط رہتی ہیں جسے پاکستان یا کسی دوست ملک کے خلاف تصور کیا جائے۔ اس سے قبل بھی جان ابراہیم کی فلم ’ڈپلومیٹ‘ کی ریلیز پر اسی نوعیت کے خدشات کے باعث پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

    فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق ’دھورندھر‘ پر پابندی خلیجی ممالک کی جانب سے علاقائی حساسیت اور سفارتی توازن کو برقرار رکھنے کی پالیسی کی عکاس ہے۔

  • براؤن یونیورسٹی میں امتحانات کے دوران فائرنگ، 2 افراد ہلاک، 8 شدید زخمی

    رہوڈ آئی لینڈ(بولونیوز)امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کی براؤن یونیورسٹی میں امتحانات کے دوران ایک نامعلوم حملہ آور کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور آٹھ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

    حکام کے مطابق واقعہ یونیورسٹی کی انجینئرنگ اور فزکس کی سات منزلہ عمارت “بارس اینڈ ہولی” میں پیش آیا، جب طلبہ فائنل امتحانات دے رہے تھے۔ ایک طالب علم نے بتایا کہ وہ خوف کے عالم میں دو گھنٹے تک میز کے نیچے چھپا رہا، جب تک پولیس نے عمارت کو کلیئر نہیں کیا۔

    پولیس کے مطابق حملہ آور سیاہ لباس میں ملبوس ایک مرد تھا جو فائرنگ کے بعد پیدل فرار ہو گیا۔ ابھی تک کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہو سکا اور ملزم کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

    تمام زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اسپتال انتظامیہ کے مطابق چھ زخمی نازک مگر مستحکم حالت میں ہیں۔ صدر ٹرمپ نے متاثرین کے لیے دعا اور جلد از جلد انصاف کے وعدے کا اظہار کیا ہے۔

  • افغانستان میں انسانی بحران کے حل کے لیے فوری عالمی اقدام ضروری

    چین(بولونیوز)نمائندے فو کانگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے افغانستان میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے فوری اور مؤثر اقدام کرنے کی اپیل کی۔

    فو کانگ نے کہا کہ افغانستان شدید فقر، قدرتی آفات اور پناہ گزینوں کی واپسی کے باعث سنگین انسانی بحران میں مبتلا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں تقریباً 30 ملین افراد شدید غربت کا شکار ہیں اور ان کی روزانہ آمدنی محض ایک ڈالر ہے، جو کہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔

    چینی نمائندے نے کہا کہ افغانستان کے بحران کا حل صرف عالمی تعاون اور فوری مدد فراہم کرنے سے ممکن ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر ان ممالک کی طرف اشارہ کیا جو ماضی میں افغانستان کے بحران میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں اور مطالبہ کیا کہ وہ اپنے مالی وعدوں کو دوبارہ شروع کریں یا انہیں بڑھائیں تاکہ افغان عوام کی فوری مدد ممکن ہو سکے۔