Category: انٹرنیشنل نیوز

  • ماسکو میں کار بم دھماکے میں روسی جنرل ہلاک

    ماسکو(بولونیوز)یوکرینی ایجنٹوں کی بڑی کارروائی، ماسکو میں کار بم دھماکے میں سینئر روسی جنرل ہلاک ہو گیا۔

    ماسکو میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں روس کے ایک سینیئر جنرل ہلاک ہوگئے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل فانیل سرواروف پیر کی صبح ایک دھماکے میں ہلاک ہوئے، دھماکا خیز مواد روسی جنرل کی گاڑی کے نیچے نصب تھا۔

    روس کی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق سرواروف روسی مسلح افواج کے آپریشنل ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ تھے، روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے کے پیچھے یوکرینی اسپیشل فورسز کا ہاتھ ہے۔

    تاہم یوکرین کی طرف سے ابھی تک نے اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا، روسی حکام نے دھماکے کی جگہ، جو ماسکو کے جنوب میں واقع ہے، پر تحقیقاتی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔

  • ایران اسلحہ کن راستوں سے اسمگل کر رہا ہے؟ امریکا حیران

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی سیکیورٹی اور انٹیلیجنس ادارے کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ ایران نہ صرف اپنا میزائل پروگرام دوبارہ تیزی سے فعال کر چکا ہے بلکہ مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادی گروہوں کو اسلحے کی فراہمی بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

    العربیہ کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران اسلحے کی تیاری اور اسے مختلف مقامات تک پہنچانے کے لیے ہر دستیاب ذریعہ بروئے کار لا رہا ہے، جن میں زمینی راستے، بندرگاہیں اور ساحلی گزرگاہیں شامل ہیں۔ امریکی تخمینوں کے مطابق ایران کی اوّلین ترجیح اپنے حلیف ملیشیائی گروہوں کو مسلسل اسلحہ فراہم کرنا ہے۔

    اگرچہ واشنگٹن تفصیلی انٹیلیجنس ڈیٹا جاری نہیں کر رہا، امریکی دارالحکومت میں موجود سرکاری ذرائع کے مطابق ایران عراق میں اپنے حامی ملیشیائی گروہوں تک اسلحہ پہنچا رہا ہے، جس میں کردستان کے راستوں سے کام کرنے والے اسمگلرز بھی شامل ہیں۔

  • ہنستی مسکراتی فلسطینی بچی کیوں مرنا چاہتی ہے؟ ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    غزہ(بولونیوز)غزہ کی ایک ہنستی مسکراتی فلسطینی بچی کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس نے دنیا بھر کے درد مند دلوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

    الجزیرہ کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں ایک چھوٹی بچی سے ویڈیو بنانے والا سوال جواب کر رہا ہے، فلسطینی بچی اگرچہ ہنستے ہوئے جوابات دے رہی ہے لیکن وہ کہتی ہے کہ وہ مرنا چاہتی ہے۔

    لڑکی بھاگ کر آتی ہے تو ویڈیو بنانے والا رمی ابو سعدہ اسے دعا دیتا ہے کہ اللہ آپ کی مدد کرے، تو لڑکی نے جواب دیا ’’اللہ آپ کی مدد کرے، میری نہیں۔‘‘

    وہ پوچھتا ہے کہ کیوں، اور پھر پوچھتا ہے کہ اس نے خدا سے کیا مانگا؟ فلسطینی بچی نے جواب دیا موت۔ ویڈیو بنانے والے نے پوچھا کہ وہ کیوں مرنا چاہتی ہے، تو اس نے جواب میں کہا ’’تاکہ میں آرام کر سکوں۔‘‘

    ویڈیو بنانے والے پھر پوچھا کس سے؟ لڑکی نے جواب دیا ’’دنیا سے، طوفانوں، سیلابوں اور ہر چیز سے۔‘‘ اگرچہ لڑکی ہنس کر جواب دے رہی ہے لیکن غزہ کی ہول ناک صورت حال میں اس سے جنگ سے متاثرہ ایک بچی کی نفسیاتی حالت کی عکاسی ہوتی ہے کہ اس کا صبر اب جواب دے چکا ہے۔ اور اسرائیلی مظالم اور موسمی حالات سے تنگ فلسطینی بچے اب اس دنیا سے نجات حاصل کرنے کی تمنا کر رہے ہیں۔

  • غزہ میں غذائی بحران سنگین، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

    واشنگٹن(بولونیوز)اقوام متحدہ کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے کہ غزہ میں غذائی بحران سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔

    یونیسیف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 16 لاکھ افراد سنگین حالات سے دوچار ہیں اور ایک لاکھ بچے بھی غذا سے محروم ہیں جب کہ سردی سے تحفظ نہ ملنے سے بھی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

    یونیسیف کے مطابق اقوام متحدہ کے اداروں کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اکتوبر میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد غزہ کے کسی بھی علاقے کو اس وقت قحط زدہ قرار نہیں دیا جا رہا تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ بہتری انتہائی نازک ہے اور بڑے پیمانے پر امداد نہ ملنے کی صورت میں صورتحال دوبارہ سنگین ہوسکتی ہے۔

    جنگ بندی اور انسانی و تجارتی رسائی میں بہتری کے بعد غزہ کے کسی بھی حصے کو اس وقت قحط کے درجے میں شامل نہیں کیا گیا تاہم اقوام متحدہ کے اداروں ایف اے او، یونیسف، ورلڈ فوڈ پروگرام اور عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یہ پیش رفت انتہائی غیر مستحکم ہے۔

    غزہ کی 77 فیصد آبادی، یعنی کم از کم 16 لاکھ افراد، اب بھی شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ان میں ایک لاکھ سے زائد بچے اور 37 ہزار حاملہ و دودھ پلانے والی خواتین شامل ہیں، جن کے اپریل تک شدید غذائی قلت کا شکار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    شمالی غزہ، غزہ گورنریٹ، دیر البلح اور خان یونس کو ایمرجنسی سطح (آئی پی سی فیز 4) میں رکھا گیا ہے جب کہ غزہ گورنریٹ کو قحط کے درجے سے کم کر دیا گیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق جنگ بندی کے بعد خوراک، جانوروں کے چارے اور بنیادی اشیاء کی ترسیل میں کچھ بہتری آئی ہے تاہم زیادہ تر خاندان اب بھی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔

    جنگ بندی کے بعد سے 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں جو عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں اور مکمل طور پر انسانی امداد پر انحصار کر رہے ہیں۔

  • نو بیاہتا جوڑا ٹرین سے گر کر جاں بحق ہوگیا

    حیدرآباد(بولونیوز) بھارت تلنگانہ کے بھونگیر ضلع میں ایک دلخراش حادثہ رونما ہوا، چلتی ٹرین سے پھسل کر گرنے کے باعث ایک نو بیاہتا جوڑا موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ٹرین سے حادثاتی طور پر گرنے سے یہ المناک واقعہ پیش آیا۔ ریلوے پولیس نے مرنے والوں کی شناخت آندھرا پردیش کے سمہاچلم (25) اور انکوارم گاؤں کی رہنے والی بھوانی (19) کے طور پر کی ہے۔

    نو بیاہتا جوڑا دو ماہ قبل ہی شادی کے بندھن میں بندھا تھا، سمہاچلم حیدرآباد کے مضافاتی علاقے میں ایک کیمیکل فیکٹری میں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ جوڑا اپنے گھر جانے کے لئے جمعرات کی رات سکندرآباد سے ٹرین میں سوار ہوا تھا۔

    ٹرین کے ونگاپلی ریلوے اسٹیشن سے آگے بڑھنے کے بعد جب دونوں دروازے کے قریب کھڑے تھے، اسی دوران توازن بگڑنے سے حادثاتی طور پر نیچے گر پڑے۔ شدید چوٹیں آنے کے باعث دونوں موقع پر ہی اپنی جان گنوا بیٹھے۔

  • بھارت میں ٹرین حادثہ: 8 ہاتھی ہلاک، ریل پٹڑی سے اتر گئی

    آسام، بھارت(بولونیوز)آسام کے ضلع ہو جائی میں رات تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر ایک ٹرین حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 8 ہاتھی ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق، حادثہ کے وقت ہاتھی ریل پٹڑی کے قریب موجود تھے، اور ٹرین کے پٹری سے اترنے کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ مقامی حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

  • ٹرمپ کا گرین کارڈ لاٹری پروگرام معطل کرنے کا اعلان

    واشنگٹن(بولونیوز)ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سیکرٹری نے اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین کارڈ لاٹری پروگرام معطل کر دیا ہے۔ سیکرٹری نے کہا کہ ایسے افراد جنہیں پروگرام کے تحت امریکہ میں داخلے کی اجازت ملتی، انہیں کبھی بھی ملک میں آنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے تھی۔

    اس فیصلے کا مقصد غیر ملکی شہریوں کے داخلے پر مزید کنٹرول اور قومی سلامتی کو مضبوط بنانا بتایا جا رہا ہے۔

  • غیرقانونی ایران میں داخل ہونیوالے 30 افراد سردی کے باعث جاں بحق ہوگئے

    افغانستان(بولونیوز)ایران جانے کی کوشش میں 30 افغان شہری سردی سے جاں بحق ہوگئے- ذرائع کے مطابق، ایک گروہ جو غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہونا چاہتا تھا، وہ سخت سردی کے باعث ہرات کے قریب پاک-ایران سرحدی علاقے میں جاں بحق ہو گیا

    تاحال جاں بحق افراد کی درست تعداد معلوم نہیں ہو سکی، لیکن ذرائع کے مطابق اب تک کم از کم 30 لاشیں ملی ہیں۔

    افغان سرکاری حکام نے اس واقعے پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق افغان حکام آج اس واقعے کے اعداد و شمار جاری کریں گے۔

  • ایم کیو ایم کے سابق رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ فاروق لندن میں انتقال کرگئیں

    لندن(بولونیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ فاروق لندن میں انتقال کر گئی ہیں۔ مرحومہ طویل عرصے سے شدید مالی مشکلات اور بیماری کے باعث انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور تھیں۔

    ذرائع کے مطابق شمائلہ فاروق گلے کے اسٹیج فور کینسر میں مبتلا تھیں، جس کے باعث وہ بولنے کی صلاحیت سے بھی محروم ہو چکی تھیں۔ طبی کمزوری کے باعث چند روز قبل وہ لندن کے ایک ریلوے اسٹیشن پر گر پڑیں، جس کے بعد اسپتال کے عملے نے انہیں وہیل چیئر کے ذریعے گائز اسپتال منتقل کیا تھا۔

    طویل علالت کے بعد شمائلہ فاروق دنیا فانی سے رخصت ہوگئیں۔

    ڈاکٹر عمران فاروق 2010 میں لندن میں قتل کیے گئے تھے، جس کے بعد ان کی فیملی شدید معاشی اور سماجی مشکلات کا شکار رہی۔ شمائلہ فاروق کے انتقال پر مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

  • قاتلانہ حملے میں زخمی طلبہ تحریک کے رہنما عثمان ہادی انتقال کرگئے

    بنگلادیش(بولونیوز)قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے بنگلادیش کے معروف نوجوان سیاسی رہنما عثمان ہادی انتقال کرگئے۔

    عثمان ہادی جولائی میں حسینہ واجد حکومت کا تختہ الٹنے والی طلبہ تحریک کے اہم رہنما تھے اور طلبہ رہنماؤں کے قائم کردہ سیاسی پلیٹ فارم انقلاب منچہ کے ترجمان بھی تھے۔

    انہیں گزشتہ جمعے کو ڈھاکا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔ عثمان ہادی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا آپریشن کیا گیا تاہم انہیں مزید علاج کے لیے ہفتے کے روز سنگاپور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ آج دوران علاج انتقال کرگئے۔

    عثمان ہادی بنگلادیش کے آئندہ انتخابات میں آزاد حیثیت میں حصہ لینے کے خواہش مند تھے۔

    گزشتہ روز سنگاپورکے وزیر خارجہ نے اسپتال میں عثمان ہادی کی عیادت کی تھی اور بنگلادیشی چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ٹیلی فونک گفتگو میں انہیں بتایا تھا کہ عثمان ہادی کی حالت انتہائی نازک ہے۔

    بنگلادیشی حکام کے مطابق عثمان ہادی پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور اب تک 14 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    ڈھاکا میں عثمان ہادی پر قاتلانہ حملے کے خلاف مظاہرین نے کل بھارتی ہائی کمیشن کے سامنےبھی احتجاج کیا تھا۔