Category: انٹرنیشنل نیوز

  • ٹرمپ انتظامیہ کا شہریت منسوخی کے اقدامات میں بڑے پیمانے پر اضافہ کا منصوبہ

    واشنگٹن(بولونیوز)ٹرمپ انتظامیہ نے قدرتی طور پر امریکا کی شہریت حاصل کرنے والے افراد کی شہریت منسوخ کرنے کے اقدامات میں نمایاں اور تیز رفتار توسیع کا منصوبہ بنایا ہے، جس پر امیگریشن حقوق کے محافظین نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ ڈیموکریٹ جماعت کے قانون سازوں نے اس اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔ کانگریس کے ایک سینئر رکن نے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدام امریکی شہریت کی بنیادی روح کو کمزور کر سکتا ہے۔

    نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز (USCIS) کے فیلڈ آفسز کو جاری کردہ اندرونی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ادارے کو مالی سال 2026 کے دوران “امیگریشن لٹیگیشن آفس کو ماہانہ 100 سے 200 ڈیناچرلائزیشن کیسز” فراہم کرنے ہوں گے۔
    اگر یہ منصوبہ نافذ ہوا تو یہ جدید دور میں شہریت منسوخی کے اقدامات میں بے مثال اضافہ ہوگا۔

    محکمہ انصاف کے اعدادوشمار کے مطابق 2017 سے اب تک مجموعی طور پر صرف 120 سے زائد کیسز دائر کیے گئے تھے۔ اس کے برعکس، نئے ہدف کے مطابق ماہانہ کیسز جمع ہونے کی صورت میں ایک سال میں 2,400 کیسز تک بڑھ سکتے ہیں۔

    امیگریشن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بڑے حجم سے نہ صرف ہزاروں شہری متاثر ہو سکتے ہیں بلکہ اس سے امریکی شہری شناخت اور قانونی استحکام پر بھی گہرے اثرات پڑیں گے۔

  • تاجکستان اور افغانستان کی سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ، 5 افراد ہلاک

    دوشنبے(بولونیوز)تاجکستان اور افغانستان کی سرحد پر مسلح جھڑپ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ اطلاع جمعرات کے روز تاجکستان کے سرکاری میڈیا نے دی۔

    سرکاری خبر ایجنسی خوار نے بارڈر ٹروپس آف دی تاجک اسٹیٹ کمیٹی فار نیشنل سیکیورٹی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ تین افراد منگل کی رات شمس الدین شوہین ضلع (ریجن: خاتلون، جنوب مغربی تاجکستان) میں سرحد پار کر کے ملک میں داخل ہوئے تھے، جن کا سراغ بدھ کے روز لگایا گیا۔

    بیان میں کہا گیا کہ “دہشت گردوں نے تاجک بارڈر گارڈز کے ہتھیار ڈالنے کے حکم کی تعمیل سے انکار کیا اور مسلح مزاحمت کی۔ وہ تاجکستان کی اسٹیٹ کمیٹی فار نیشنل سیکیورٹی کے بارڈر ٹروپس کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔”

    رپورٹ کے مطابق واقعے میں مجموعی طور پر پانچ افراد مارے گئے، جبکہ مزید تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔

  • پاکستان اور لیبیا کے درمیان 4 ارب ڈالر سے زائد کا دفاعی معاہدہ

    بنگازی(بولونیوز)پاکستان نے لیبیا کی نیشنل آرمی (LNA) کے ساتھ 4 سے 4.6 ارب ڈالر مالیت کا بڑا دفاعی معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ معاہدہ بنغازی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور LNA کے ڈپٹی کمانڈر صدام حفتر کی ملاقات کے بعد طے پایا۔

    معاہدے میں فضائی، بری اور بحری سازوسامان شامل ہیں، جن میں جے ایف-17 لڑاکا طیارے اور سپر مشاق تربیتی طیارے بھی شامل ہیں۔ معاہدہ تقریباً ڈھائی سال میں مکمل ہوگا۔

    پاکستانی حکام کے مطابق یہ معاہدہ اقوام متحدہ کی اسلحہ پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں کرتا۔ لیبین نیشنل آرمی نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون، اسلحہ فروخت اور مشترکہ تربیت کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

  • معروف یوٹیوبر ایڈم دی وو گھر میں مردہ پائے گئے

    فلوریڈا(بولونیوز) یوٹیوب کے ابتدائی اور معروف کانٹینٹ کری ایٹرز میں شمار ہونے والے ڈیوڈ ایڈم ولیمز، جو ایڈم دی وو کے نام سے جانے جاتے تھے، 51 برس کی عمر میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔

    ذرائع کے مطابق ایڈم دی وو کی اچانک موت کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ یوٹیوب کمیونٹی اور مداحوں نے ان کی اچانک وفات پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

  • صدر زرداری کی کربلا میں روضہ امام حسین (رض) پر حاضری

    کربلا(بولونیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کربلا میں روضہ حضرت امام حسین (رض) اور حضرت عباس بن علی (رض) پر حاضری دی۔

    اس موقع پر گورنر کربلا ڈاکٹر نصیف جاسم الخطابی بھی صدرِ پاکستان کے ہمراہ تھے، صدر مملکت نے دونوں مقامات پر فاتحہ خوانی کی اور نوافل ادا کیے، انہوں نے حضرت امام حسین (رض) کی قربانی کو حق، عدل اور استقامت کی ابدی علامت قرار دیا۔

    صدر آصف علی زرداری نے امتِ مسلمہ کے امن، اتحاد اور سلامتی کے لیے دعا کی، انہوں نے روضہ حضرت امام حسین پر گفتگو کرتے ہوئے ان کی تعلیمات کو حق، عدل اور انسانیت کے لیے رہنما قرار دیا۔

    حاضری کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے دونوں مزارات کے منتظمین اور مبلغین سے ملاقات بھی کی۔

  • لیبیا کے آرمی چیف محمد علی احمد الحداد کا طیارہ تباہ، ہلاکت کی تصدیق

    انقرہ/طرابلس(بولونیوز)لیبیا کے آرمی چیف محمد علی احمد الحداد کا طیارہ ترکی کے شہر انقرہ سے روانہ ہونے کے بعد تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں آرمی چیف سمیت طیارے میں سوار پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

    ترک میڈیا کے مطابق طیارے نے انقرہ ایئرپورٹ سے طرابلس کے لیے شام 8 بجکر 10 منٹ پر پرواز کی، لیکن 8 بجکر 52 منٹ پر اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد طیارے کا ملبہ برآمد ہوا۔

    لیبیا کے وزیراعظم نے آرمی چیف کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ملک کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔ ترک وزیرداخلہ نے بھی تصدیق کی کہ طیارے نے روانگی کے بعد لینڈنگ کی کوشش کی تھی لیکن کامیاب نہ ہوسکی۔

  • سعودی عرب، 71 کلو گرام منشیات کے ساتھ 6 پاکستانی گرفتار

    ریاض(بولونیوز)سعودی عرب میں 71 کلو گرام منشیات وصول کرتے ہوئے 6 پاکستانی شہری گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    سعودی وزارتِ داخلہ کے سکیورٹی ترجمان طلال الشلہوب کے مطابق، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (جی ڈی این سی) نے زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی کے تعاون سے ریاض ریجن میں مقیم ملزمان کو حراست میں لیا۔ گرفتار افراد کو 71 کلو گرام میتھایمفیٹامین وصول کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد ملک میں منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

  • امریکا نے H-1B ویزا کے لیے نیا ویٹڈ سسٹم متعارف کروا دیا

    واشنگٹن(بولونیوز) امریکا نے H-1B ورک ویزا کے موجودہ لاٹری سسٹم کو ختم کرتے ہوئے نیا ویٹڈ سسٹم نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت زیادہ ہنر مند اور زیادہ تنخواہ پانے والے غیر ملکی ورکرز کو ترجیح دی جائے گی۔

    امریکی محکمہ داخلہ (DHS) کے مطابق نیا قانون 27 فروری 2026 سے نافذ العمل ہوگا، جبکہ مالی سال 2027 کے لیے تقریباً 85 ہزار H-1B ویزے اسی نئے طریقہ کار کے تحت الاٹ کیے جائیں گے۔

    یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ لاٹری سسٹم کو بعض کمپنیاں غلط استعمال کر رہی تھیں، جن کے ذریعے وہ امریکی ملازمین کے مقابلے میں کم اجرت پر غیر ملکی ورکرز لاتی تھیں۔

    ترجمان کے مطابق نئے نظام میں تنخواہ اور مہارت کو ویزا الاٹمنٹ کا بنیادی معیار بنایا جائے گا، جس کے باعث انٹری لیول پروفیشنلز کے لیے امریکا میں ملازمت حاصل کرنا پہلے کے مقابلے میں مزید مشکل ہوسکتا ہے۔

  • یو اے ای میں یکم جنوری کو عام تعطیل کا اعلان

    ابوظہبی(بولونیوز)متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی نے نئے سال 2026 کی آمد پر یکم جنوری کو سرکاری و نجی شعبے کے تمام ملازمین کے لیے عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

    سرکاری اعلامیہ کے مطابق جمعرات، یکم جنوری 2026 کو ملک بھر میں تمام سرکاری و پرائیویٹ ملازمین کی چھٹی ہوگی۔

    اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جمعہ، 2 جنوری کو وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے ریموٹ ورک (ورک فرام ہوم) کا دن ہوگا۔ تاہم ایسے ملازمین جن کے فرائض دفتر میں موجودگی کے بغیر ممکن نہیں، انہیں جمعہ کے روز دفتر حاضر ہونا ہوگا۔

    نئے سال کے موقع پر چھٹی اور ریموٹ ورک کا یہ فیصلہ ملازمین کی سہولت اور حکومتی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔

  • لندن میں فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے پر ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ گرفتار

    لندن(بولونیوز) ماحولیاتی تحفظ کے لیے عالمی سطح پر معروف کارکن گریٹا تھنبرگ کو لندن میں فلسطین کے حق میں احتجاج کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ گریٹا تھنبرگ نے احتجاج میں ایک پلے کارڈ اٹھایا ہوا تھا جس پر لکھا تھا کہ وہ فلسطین کے حق میں کام کرنے والے قیدیوں کے ساتھ کھڑی ہیں اور نسل کشی کے خلاف آواز بلند کر رہی ہیں۔

    برطانوی پولیس نے انہیں دہشت گردی سے متعلق سخت قوانین کے تحت حراست میں لیا، جس پر انسانی حقوق کے حلقوں میں شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق اظہارِ رائے کی آزادی کے دعویدار برطانیہ میں محض ایک پلے کارڈ اٹھانے پر گرفتاری نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

    واقعے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تھنبرگ کے حق میں آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں، جبکہ برطانوی حکام نے اب تک معاملے پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔