Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • موبائل فون کا زیادہ استعمال جسمانی صحت کے لیے نقصان دہ قرار، ماہرین نے احتیاطی تدابیر بتا دیں

    لندن(بولونیوز) ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا ضرورت سے زیادہ استعمال نہ صرف گردن، ریڑھ کی ہڈی اور بینائی کو متاثر کرتا ہے بلکہ جلد، پٹھوں کی طاقت اور جسمانی ساخت پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق مسلسل سر جھکا کر موبائل استعمال کرنے سے “ٹیک نیک” جیسی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے، جس سے گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر اضافی دباؤ پڑتا ہے اور وقت کے ساتھ پٹھوں، جوڑوں اور ڈسکس کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح سمارٹ واچ کا مسلسل استعمال جلد کی جلن اور الرجی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

    تحقیقی ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل وقت تک اسکرین کے سامنے رہنے سے آنکھوں پر دباؤ بڑھتا ہے، جبکہ جسمانی سرگرمیوں میں کمی کے باعث گرفت کی طاقت اور مجموعی جسمانی فٹنس بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ بچوں میں زیادہ اسکرین ٹائم کا تعلق باریک جسمانی مہارتوں اور تعلیمی کارکردگی پر منفی اثرات سے بھی جوڑا گیا ہے۔

    ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ موبائل فون کو آنکھوں کی سطح پر رکھ کر استعمال کیا جائے، وقفے وقفے سے اسکرین سے نظریں ہٹائی جائیں، روزانہ کچھ وقت کھلی فضا میں گزارا جائے، باقاعدہ ورزش کی جائے اور روزمرہ زندگی میں جسمانی سرگرمیوں کو شامل رکھا جائے تاکہ ڈیجیٹل آلات کے ممکنہ منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔

  • ایران نے اقوام متحدہ سے امریکا کے احتساب کا مطالبہ کر دیا

    نیویارک(بولونیوز)ایران نےاقوام متحدہ سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کےغیرقانونی اقدامات پراس کا سخت احتساب کرے۔اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے عالمی ادارے کو لکھے گئے ایک خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ امریکا مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ واشنگٹن کو اس کے رویے اور اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔

    ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے تمام غیر قانونی اقدامات کے باعث پیدا ہونے والے سیاسی اور قانونی نتائج کا بین الاقوامی طور پر مکمل ذمہ دار ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کو امریکا کی غیر قانونی جارحیت روکنے کے لیے فوری، مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کرنے چاہئیں، اور عالمی ادارے کو یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ امریکا اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں اور کیے گئے وعدوں پر مکمل پاسداری کرے۔

  • ’’ہفتے تک اعلان کر دو‘‘ امریکا کا ایران کو الٹی میٹم

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکا نے ایران کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہ اہے کہ وہ ہفتے تک آبنائے ہرمز میں حملے روکنے، راستہ کھلا رکھنے کا اعلان کرے۔

    امریکا نے ایران سے ہرمز میں حملے بند کرنے کے عوامی اعلان کا مطالبہ کیا ہے، امریکی ویب سائٹ ایکسیوس نے تین امریکی عہدے داروں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران سے کہا ہے کہ وہ ہفتے تک عوامی سطح پر یہ اعلان کرے کہ آبنائے ہرمز جہاز رانی کے لیے کھلا ہے اور وہ تجارتی جہازوں پر حملے بند کر دے گا۔

    عہدیداروں کا کہنا ہے کہ واشنگٹن نے علاقائی ثالثوں کے ذریعے یہ پیغام براہِ راست تہران تک پہنچایا ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ تجارتی جہازوں پر حالیہ حملے اُس مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی ہیں، جس پر تین ہفتے قبل دونوں فریقین نے دستخط کیے تھے، تاہم تازہ بحران نے اس نازک معاہدے کو ٹوٹنے کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

  • وینزویلا میں تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار ہوگئی

    کاراکاس(بولونیوز) وینزویلا میں دو ہفتے قبل آنے والے دو یکے بعد دیگرے طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرتے ہوئے 4,118 ہو گئی ہے، جبکہ 16 ہزار 740 افراد شدید زخمی ہیں۔

    24 جون کو آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے تباہ کن زلزلوں نے ملک کے مختلف حصوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ساحلی علاقے ‘لا گوائرا’ میں 800 سے زائد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ 190 عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہو گئیں۔

    اگرچہ امدادی ٹیموں نے ملبے تلے زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش کا عمل باضابطہ طور پر ختم کر دیا ہے، تاہم متاثرہ خاندان اب بھی ملبے کے ڈھیروں میں اپنے لاپتہ پیاروں کی لاشوں کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

    طویل معاشی بحران کی وجہ سے وینزویلا کی سرکاری خدمات اور انفراسٹرکچر پہلے ہی انتہائی کمزور ہو چکا ہے، جس کے باعث ملک کو بحالی کے کاموں میں شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔

    صورتحال کے پیش نظر اقوام متحدہ نے بدھ کے روز زلزلہ متاثرین کی فوری مدد اور بحالی کے لیے 300 ملین ڈالر کے ہنگامی فنڈ کی اپیل کی ہے۔

  • ایران کبھی سرینڈر نہیں کرے گا ، ایرانی اسپیکر باقر قالیباف نے واضح کردیا

    تہران(بولونیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے واضح کیا ایران کبھی سرینڈر نہیں کرے گا ، اگر امریکا اسلام آباد ایم اویو سے پیچھے ہٹا تو ہم اپنا دفاع کرنے کیلئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکہ اور اسرائیل کو سخت ترین پیغام دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کسی بھی دباؤ کے سامنے کبھی سرینڈر نہیں کرے گا، اور
    امریکاکےساتھ تنازعہ کبھی بھی تہران کےہتھیار ڈالنے پر ختم نہیں ہوگا۔

    ایرانی اسپیکر نے علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی وعدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اگر امریکہ ‘اسلام آباد ایم او یو’ سے پیچھے ہٹا تو ایران اپنا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور اس کے لیے تمام راستے کھلے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یرانی قیادت اور عوام ڈٹ کر کھڑے ہوں گے اور اپنے قومی و عوامی حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔ یہ بات سب کو معلوم ہونی چاہیے کہ دباؤ کی پالیسی کام نہیں آئے گی۔

    باقر قالیباف نے خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں زور دیا کہ تمام مسلم اقوام کو متحد ہو کر امریکہ اور اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کے خلاف ایک مضبوط اور مشترکہ مؤقف اپنانا چاہیے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت جنگ کا خاتمہ دنیا کے تمام ممالک کے لیے اولین ترجیح ہونی چاہیے، لیکن امن کا مطلب کمزوری یا سرینڈر کرنا ہرگز نہیں ہے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

    لاہور(بولونیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ متفرق درخواست جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کیا ہے۔

    درخواست گزار کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ چکی ہے، اس کے باوجود عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالا گیا۔ درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا کہ وفاقی حکومت کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے لیے واضح اور قانونی طریقۂ کار موجود نہیں۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے۔

  • پارٹی کارکنوں کے دباؤ پر متنازع قانون واپس لینے کا دعویٰ، کارکنوں کے کردار پر زور

    پشاور(بولونیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی جانب سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے دور میں پیش کیے گئے مائنز اینڈ منرل ایکٹ پر شدید تحفظات سامنے آنے کے بعد یہ قانون منظور نہ ہو سکا، حالانکہ حکومت نے اس حوالے سے اسمبلی میں بریفنگ اور آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے تھے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ بعد ازاں سہیل آفریدی کے دور میں اسمبلی سے مراعاتی قانون خاموشی سے منظور کرایا گیا، تاہم معاملہ منظرِ عام پر آنے کے بعد پارٹی کارکنوں نے اس کی حمایت نہیں کی۔ دعویٰ کیا گیا کہ حکومتی ٹیم کی کوششوں کے باوجود کارکنوں کے دباؤ کے باعث حکومت نے قانون واپس لینے کا فیصلہ کیا۔

    بیان کے مطابق دونوں واقعات سے یہ تاثر ملتا ہے کہ جب بھی پارٹی قیادت یا حکومت، عمران خان کے نظریے سے ہٹتی ہے تو پارٹی کارکن اپنی رائے اور دباؤ کے ذریعے قیادت کو اپنی پالیسی پر نظرثانی پر مجبور کرتے ہیں۔ تاہم ان دعوؤں پر حکومتی یا آزاد ذرائع سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

  • پاکستان نے ایل این جی کا ایک اور اسپاٹ کارگو خرید لیا

    اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان نے توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کا ایک اور اسپاٹ کارگو خرید لیا۔پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے مطابق 15 سے 16 جولائی کے دوران سپلائی ہونے والے ایل این جی کارگو کے لیے مجموعی طور پر تین بولیاں موصول ہوئیں۔

    پی ایل ایل کے مطابق شفاف خریداری کے عمل کے تحت سب سے کم بولی کو منظور کر لیا گیا۔ کامیاب بولی 18.23 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو رہی، جبکہ دیگر دو بولیاں بالترتیب 18.59 ڈالر اور 18.72 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھیں۔

    حکام کے مطابق ایل این جی کارگو کی خریداری کا مقصد ملک میں گیس کی طلب پوری کرنا اور توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

  • غیرقانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائی تیز، ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد کریک ڈاؤن کا اعلان

    اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغان شہریوں کے لیے مقررہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد متعلقہ اداروں نے ملک بھر میں کارروائیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    سرکاری مؤقف کے مطابق بغیر ویزا یا قانونی سفری دستاویزات کے پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ انہیں گرفتار کرکے ضابطے کے مطابق ملک بدر کرنے کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا۔

    حکام کے مطابق ایسے افراد کو پناہ دینے یا کرائے پر رہائش فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کے حوالے سے جاری حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

  • لیاری ایکسپریس وے پر ون وے انٹری فیس 100 روپے کیے جانے کا دعویٰ، شہریوں میں تشویش

    کراچی(بولونیوز) سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق لیاری ایکسپریس وے پر ون وے انٹری فیس 100 روپے مقرر کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق مجوزہ یا نافذ کیے گئے اس اضافے سے روزانہ لیاری ایکسپریس وے استعمال کرنے والے ہزاروں شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    تاہم اس حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ اعلامیہ یا تفصیلی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔ اگر فیس میں اضافے کی سرکاری طور پر تصدیق ہوتی ہے تو اس سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔