Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • 2 بیٹوں کے بعد کمسن بیٹی میں بھی ایچ آئی وی کی تصدیق، والدین پر قیامت ٹوٹ پڑی

    کراچی(بولونیوز) ولیکا اسپتال میں ڈاکٹروں کی مجرمانہ غفلت نے کئی خاندانوں پر قیامت ڈھا دی مزید دو معصوم بچیاں ایچ آئی وی کا شکار ہو گئیں۔

    ولیکا اسپتال میں غافل ڈاکٹروں نے پاکستان کے مستقبل سے کھیلتے ہوئے درجنوں نونہالان وطن کو موذی مرض ایچ آئی وی کا شکار کر دیا، جس کے باعث کئی خاندانوں کی دنیا اجڑ گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مزید دو معصوم بچیاں ایچ آئی وی کا شکار ہو گئی ہیں۔ ان میں ایک بچی وہ بھی شامل ہے، جس کے دو بھائی پہلے ہی اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

    ضیا کالونی کے رہائشی اس خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔ متاثرہ والد کا کہنا ہے کہ ان کے تین بچے ہیں اور تینوں ہی موذی مرض ایچ آئی وی کا شکار ہو گئے ہیں۔

    غمزدہ والد نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ان کے 12 سالہ اور 3 سالہ بیٹوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی تھی۔ ہماری بیٹی چیسٹ انفیکشن کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ جب اس کی طبیعت نہ سنبھلی تو ٹیسٹ کرایا اور جب اس کی رپورٹ آئی تو ہم پر جیسے آسمان ٹوٹ پڑا کیونکہ ہماری تیسری اولاد میں بھی ایچ آئی وی کی تصدیق ہو گئی۔

    اس کے علاوہ میٹرول کی رہائشی تین سالہ بچی میں بھی ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے۔مذکورہ بچی کے والدین کا کہنا ہے کہ ہماری بیٹی کا بھی ولیکا اسپتال میں علاج ہوا تھا، طبیعت بگڑنے پر جب اس کا ٹیسٹ کرایا تو ایچ آئی وی پازیٹو آیا۔

    والدین نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کر کے انہیں نشانہ عبرت بنایا جائے، تاکہ مستقبل میں کوئی اور بچہ اس موذی مرض کا شکار نہ ہو۔

  • روایتی سرنجز پر مکمل پابندی کا بڑا فیصلہ آ گیا

    اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی حکومت نے روایتی (مینول) سرنجز پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے روایتی سرنجز پر پابندی کے لیے ورکنگ مکمل کر لی ہے، جس کے تحت ایک سے 10 سی سی حجم کی تمام روایتی سرنجز کی درآمد، تیاری، فروخت اور استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ روایتی سرنجز پر ’’مکمل پابندی‘‘ کے لیے یکم جولائی کا جاری کردہ حکم نامہ منسوخ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ یکم جولائی کو 3 اور 10 سی سی کی روایتی سرنجز پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق روایتی سرنجز پر مکمل پابندی کے فیصلے سے قبل تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کی گئی، اور یہ فیصلہ طویل مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، اگرچہ اس معاملے پر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مکمل اتفاق رائے موجود نہیں تھا۔

  • سرکاری ملازمین کی ترقی بڑی خبر آ گئی

    پشاور(بولونیوز)پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے ملازمین کی ترقیوں کے عمل کو آڈٹ کلیئرنس سے مشروط کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لائن سپرنٹنڈنٹس گریڈ 1 اور 2 سمیت اہل ملازمین کو ترقی سے قبل “نو پینڈنگ آڈٹ پیرا سرٹیفکیٹ” حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جن ملازمین کے خلاف آڈٹ اعتراضات زیر التوا ہوں گے، انہیں اعتراضات ختم ہونے تک ترقی نہیں دی جائے گی۔ پیسکو حکام نے تمام ڈویژنل سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ زیر التوا آڈٹ اعتراضات فوری طور پر نمٹائے جائیں۔

    پیسکو کے مطابق پروموشن بورڈ کے انعقاد سے قبل تمام اہل ملازمین کی ڈویژنل آڈٹ کلیئرنس لازمی ہوگی، جبکہ متعلقہ دفاتر کو سات روز کے اندر آڈٹ کلیئرنس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ آڈٹ کلیئرنس میں تاخیر کی ذمہ داری متعلقہ فارمیشنز اور ڈویژنز پر عائد ہوگی۔

  • سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلیے خوش خبری

    اسلام آباد(بولونیوز)سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ ان کے لیے بڑی سہولت بحال کر دی گئی ہے۔سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ خدمات کی معطلی کے بعد نادرا آفس نے آج سے اپنی خدمات کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

    مدینہ منورہ اور نواحی علاقوں میں مقیم پاکستانی شہری آج (اتوار) سے نادرا کی خدمات سے مستفید ہو سکیں گے۔نادرا کی مدینہ منورہ میں یہ خدمات سعودی حکومت کی ہدایات پر حج سیزن کے دوران معطل کی گئی تھیں۔

  • بنگلادیش میں تباہ کن بارشیں، درجنوں افراد جان سے گئے

    ڈھاکا (ایچ آراین ڈبلیو) بنگلادیش میں کئی روز سے جاری تباہ کن بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد جان سے گئے۔بنگلادیش کے مختلف شہریوں میں شدید بارشوں سے سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ جیسے حادثات رونما ہوئے جن میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 44 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہیں۔

    ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں بارشوں سے 10 لاکھ سے زائد افراد پھنس گئے، چٹاگرام، کوکس بازار، بندربان اور حبی گنج بُری طرح متاثر ہیں۔

    بنگلادیش دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں سب سے زیادہ قدرتی آفتیں آتی ہیں، جہاں ہر سال مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سیلاب، دریاؤں کا کٹاؤ اور لینڈسلائیڈنگ کے حادثات عام ہیں۔

    سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شدید بارشیں اب پہلے سے کہیں زیادہ اور تیز ہو رہی ہیں، جس سے ان آفتوں کی تباہی اور سنگینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • امریکا آبنائے ہرمز سے غیر قانونی راستہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، ایران

    تہران(بولونیوز)ایران کا کہنا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز سے غیر قانونی راستہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ایران کے بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمنیہ نے الزام لگایا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز سے ایک ایسا راستہ بنانے کے لیے مداخلت کر رہا ہے جو غیر قانونی ہے، انھوں نے کہا ایسے اقدامات سے علاقے میں عدم تحفظ پیدا ہوگا۔

    بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمنیہ نے کہا امریکا کو ایم او یو کی شرائط کی پاسداری کرنی چاہیے، اور یاد رکھنا چاہیے کہ ایران کی مسلح افواج آبنائے ہرمز اور عوام کے حقوق کا مضبوطی سے دفاع کریں گی۔

    دوسری طرف ایرانی چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے ایکس پر لکھا کہ یک طرفہ معاہدوں کا دور اب ختم ہو گیا، ہم نے آپ سے کہا تھا یا اپنے وعدے پورے کریں یا وعدہ خلافی کی قیمت ادا کریں۔ حقیقت آپ کے سامنے ہے۔

  • ٹرمپ کے قریبی ساتھی سینیٹر لنزے گراہم کا اچانک انتقال

    واشنگٹن(بولونیوز)صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی امریکی سینیٹر لنزے گراہم اچانک انتقال کر گئے۔امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر لنزے گراہم 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے دفتر نے اتوار کی صبح ان کی وفات کی تصدیق کی۔

    دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لنزے گراہم ہفتے کی شب ایک مختصر اور اچانک علالت کے باعث انتقال کر گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ سینیٹر گراہم کا خاندان اس مشکل وقت میں دعاؤں کی اپیل کرتا ہے اور رازداری کا احترام کرنے کی درخواست کرتا ہے۔

    لنزے گراہم امریکی سینیٹ کی بجٹ کمیٹی کے چیئرمین تھے اور رواں برس نومبر میں سینیٹ کی پانچویں 6 سالہ مدت کے لیے دوبارہ انتخاب لڑنے کی تیاری کر رہے تھے۔ وہ سینیٹ کے نمایاں ارکان میں شمار ہوتے تھے اور دفاعی و خارجہ پالیسی کے معاملات پر ریپبلکن پارٹی کی اہم آواز سمجھے جاتے تھے۔

  • ایران کا خطے میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    تہران(بولونیوز)ایران نے خطے میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے قطر، عمان، اردن، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

    پاسداران انقلاب نے کہا کہ اُردن میں امریکی ایئر بیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور ایم کیو ڈرون ہینگر کو تباہ کر دیا ہے، قطر میں العدید ایئر بیس پر بیلسٹک میزائل داغے گئے۔

    عمان کی بندرگاہ دُقم میں لاجسٹک سپورٹ مراکز پر میزائل حملے کیے گئے، کویت اور بحرین میں بھی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، اسلحہ گودام اور ریڈار تنصیب کو نشانہ بنایا۔ متحدہ عرب امارات میں بھی دشمن کے اہداف پر حملے کیے۔

    الجزیرہ کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے عمان کی بندرگاہ دقم میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے لیے استعمال ہونے والے لاجسٹک سپورٹ مراکز اور ایندھن بھرنے کے پلیٹ فارمز پر ’’شدید اور اچانک‘‘ حملہ کیا۔ بندرگاہ دقم عمان کے جنوب مشرقی علاقے، صوبہ الوسطیٰ میں واقع ہے۔

  • جدید قطر کے معمار شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی

    دوحہ (بولونیوز)جدید قطر کے معمار شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی انتقال کر گئے ہیں، وہ 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر رہے اور پھر بیٹے کو اقتدار چھوڑ دیا۔

    شیخ حمد نے خلیجی ریاست کو بین الاقوامی سفارت کاری میں نماں مقام دلایا، ان کی قیادت میں قطر نے عالمی سطح پر اپنا سیاسی و سفارتی اثر و رسوخ بڑھایا۔

    شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اقتدار بیٹے کو منتقل کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی نسل کے لیے آگے بڑھنے کا وقت آ گیا۔ موجودہ امیر قطر شیخ تمیم کو اقتدار کی منتقلی کے وقت ان کی عمر 33 سال تھی۔

    شیخ حمد کے دور میں قطر مائع قدرتی گیس کی پیداوار اور برآمدات کا مرکز بنا، اسی دور میں گیس کی ریکارڈ برآمدات سے قطر بین الاقوامی طاقت بنا، یہی دور تھا جب فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی قطر کو دیے جانے کا فیصلہ ہوا۔

  • سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک

    کرک(بولونیوز) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کرک میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے انسدادِ دہشت گردی آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسلک ظاہد گروپ کے چار مبینہ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق کارروائی وارفرنٹ آپریشنز کے تحت کی گئی، جس میں سیکیورٹی فورسز نے مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ کارروائیاں بھی جاری رہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔ تاہم اس کارروائی کی تفصیلات اور دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔