Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • ٹیلی کام شعبے میں بڑا انضمام، ٹیلی نار پاکستان اور یوفون ایک کمپنی بن گئے

    اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان کے ٹیلی کام شعبے میں بڑا انتظامی اور کاروباری تبدیلی کا اعلان سامنے آیا ہے، جس کے تحت ٹیلی نار پاکستان اور یوفون کو ایک مشترکہ کمپنی میں ضم کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (CCP) کی شرائط کے تحت نئی کمپنی “پی ٹی ایم ایل (PTML)” قائم کی گئی ہے، جو دونوں موبائل نیٹ ورکس کو مشترکہ طور پر آپریٹ کرے گی۔

    دستاویزات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) کو ایک علیحدہ ادارے کے طور پر برقرار رکھا جائے گا اور وہ اپنے موجودہ ڈھانچے کے مطابق کام جاری رکھے گا۔

    ماہرین کے مطابق اس انضمام سے ٹیلی کام مارکیٹ میں مقابلے، سروس کوالٹی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ صارفین کے لیے نیٹ ورک کوریج اور ڈیجیٹل سروسز میں بہتری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • پیٹرول و ڈیزل سمیت ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار رد و بدل

    اسلام آباد(بولونیوز) ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پیٹرول و ڈیزل سمیت ضروری اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر کمی اور استحکام دیکھا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روزمرہ استعمال کی 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 17 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اس کے برعکس 23 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ بھی ہوا ہے۔

    ادارہ شماریات کے مطابق قیمتوں میں یہ رد و بدل مارکیٹ کے رجحانات اور طلب و رسد کی صورتحال کے باعث سامنے آیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

  • کنگڈم ویلی کے مالک غلام حسین شاہد کے خلاف فراڈ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع

    اسلام آباد(بولونیوز)کنگڈم ویلی کے مالک غلام حسین شاہد کے خلاف فائلوں اور پلاٹس کے بدلے رقم ہڑپ کرنے کے الزام سے متعلق مقدمے میں عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت میں 10 جولائی تک توسیع کر دی۔

    کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد (مغرب) محمد علی وڑائچ نے کی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔

    عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کر دی۔پولیس کے مطابق ملزم غلام حسین شاہد کے خلاف پلاٹس اور فائلز کے بدلے اکتیس کروڑ روپے کے فراڈ کا الزام ہے، جس پر تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • 112 چالان والی موٹرسائیکل پکڑی گئی، جرمانہ 2 لاکھ سے تجاوز

    لاہور(بولونیوز)لاہور میں لاہور ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایسی موٹرسائیکل کو تحویل میں لے لیا جس کے خلاف مجموعی طور پر 112 ٹریفک چالان درج تھے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق شہری نے 55 مرتبہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلائی، 20 بار ٹریفک سگنل توڑے، 28 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی کی جبکہ 8 مرتبہ اوورسپیڈنگ میں ملوث پایا گیا۔

    بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث موٹرسائیکل پر واجب الادا جرمانوں کی مجموعی رقم 2 لاکھ 7 ہزار 800 روپے تک جا پہنچی، جس پر موٹرسائیکل ضبط کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

    ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔

  • کریسیؤما کے میئر نے بے گھر شخص کا روپ دھار کر ایک دن سڑکوں پر گزار دیا

    کریسیؤما(بولونیوز) برازیل کے شہر کریسیؤما کے میئر واگینہو ایسپنڈولا نے سماجی نظام کی خامیوں کو جانچنے کے لیے ایک منفرد قدم اٹھاتے ہوئے خود کو بے گھر شخص ظاہر کر کے تقریباً پورا ایک دن سڑکوں پر گزار دیا۔

    ذرائع کے مطابق میئر واگینہو ایسپنڈولا نے جعلی داڑھی، پھٹے پرانے کپڑے پہنے اور بغیر کسی باڈی گارڈ کے شہر کی سڑکوں پر نکل آئے۔ تقریباً 20 گھنٹوں کے دوران انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں 40 کلومیٹر پیدل سفر کیا، ٹریفک سگنلز پر لوگوں سے سکے مانگے، راہگیروں سے مدد طلب کی اور سڑکوں پر رہنے والے اصل بے گھر افراد کے ساتھ وقت گزار کر ان کے مسائل سنے۔

    دلچسپ امر یہ ہے کہ دن کے اختتام پر خود میونسپلٹی کی سماجی بہبود کی ٹیموں نے ایک عوامی مقام پر ان سے رابطہ کیا اور انہیں ذرہ برابر بھی اندازہ نہ ہوا کہ وہ جس شخص کی مدد کر رہے ہیں، وہ دراصل شہر کا میئر ہے۔

    میئر واگینہو ایسپنڈولا نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد کسی قسم کی تشہیر یا سستی شہرت حاصل کرنا نہیں تھا، بلکہ وہ سماجی بہبود کے نظام اور دیکھ بھال کے طریقۂ کار میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنا چاہتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تجربے سے حاصل ہونے والی براہِ راست معلومات کی بنیاد پر کریسیؤما کی سماجی پالیسیوں کو مزید مؤثر اور انسانی ہمدردی پر مبنی بنایا جائے گا۔

  • پاکستان کے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے

    تہران(بولونیوز)پاکستان کے فیلڈ مارشل اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پاکستانی آرمی چیف ایران کے رہبرِ شہید کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ تہران پہنچنے پر وفد کا ایرانی فوج کے اعلیٰ افسران اور وزیر داخلہ نے پرتپاک استقبال کیا۔

    اس دورے کو پاکستان اور ایران کے درمیان عسکری و سفارتی روابط کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ رہبرِ شہید کی آخری رسومات میں عالمی سطح پر متعدد اعلیٰ شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

  • معروف یوٹیوبر و عالمِ دین علامہ ناصر مدنی کو نمازِ جمعہ کے دوران دل کا شدید دورہ

    جہانیاں(بولونیوز)معروف یوٹیوبر اور عالمِ دین علامہ ناصر مدنی کو جہانیاں میں نمازِ جمعہ کے دوران دل کا شدید دورہ پڑ گیا۔ذرائع کے مطابق علامہ ناصر مدنی جہانیاں ناسکو کے سامنے واقع مسجد البشیر اہلِ حدیث میں خطبۂ جمعہ دے رہے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے ملتان ریفر کر دیا گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق اس موقع پر ڈی ایس پی جہانیاں ملک عبدالمجید بھی مسجد میں موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ علامہ ناصر مدنی نے دو مرتبہ کلمہ پڑھا اور تیسری بار کلمہ پڑھتے ہوئے ممبر پر گر پڑے، جس کے بعد مسجد میں موجود افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔علامہ ناصر مدنی کی صحت سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

  • لاہور میں ڈکیتی کے دوران ایک اور شہری قتل، شاہدرہ بیگم کوٹ میں واردات

    لاہور(بولونیوز) لاہور کی سڑکوں پر ڈاکوؤں نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔ شہر کے علاقے شاہدرہ بیگم کوٹ میں دورانِ ڈکیتی ایک شہری کو قتل کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت بشیر کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک شریف شہری اور غریب مزدور تھا۔ ڈاکوؤں نے بشیر کو کھیتوں میں گن پوائنٹ پر روکا، اس سے نقدی اور دیگر سامان لوٹا، اور مزاحمت کرنے پر گولی مار دی۔ واردات کے بعد ملزمان لاش کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    مقتول کی ڈیڈ باڈی کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دورانِ ڈکیتی قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی کی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔

    سی سی ڈی افسران کا کہنا ہے کہ شہری کو ناحق قتل کرنے والے ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔

  • کینیا کی سپریم کورٹ آج شہید صحافی ارشد شریف قتل کیس میں اہم فیصلہ سنائے گی

    نئیروبی(بولونیوز) شہید صحافی ارشد شریف کے قتل کیس میں آج سپریم کورٹ آف کینیا اپنا اہم فیصلہ سنائے گی، جس پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی صحافتی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عوام کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔

    ارشد شریف کے اہلِ خانہ کا مؤقف ہے کہ انہیں مکمل اور شفاف انصاف فراہم کیا جانا چاہیے اور اس اندوہناک واقعے میں ملوث تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے۔

    قانونی ماہرین کے مطابق آج کا فیصلہ اس مقدمے میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ فیصلے کی مکمل تفصیلات عدالتی اعلان کے بعد سامنے آئیں گی۔

  • آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے کے دوران کسی بھی حملے کا جواب نہایت سخت ہوگا: ایران

    تہران(بولونیوز)ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل یا امریکا نے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کے دوران کسی قسم کی کارروائی کی تو ایران کی جانب سے نہایت سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

    خاتم الانبیا بریگیڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مخالف قوتیں جنازے کے موقع پر کسی بھی حملے سے قبل دو بار سوچ لیں، کیونکہ ایران اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

    بیان کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی، جس میں متعدد سربراہانِ مملکت سمیت 100 سے زائد ممالک کے مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ حکام کے مطابق جلوسِ جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد شریک ہو سکتے ہیں۔

    ایرانی ذرائع کے مطابق نمازِ جنازہ کے بعد جسدِ خاکی کو تہران سے قم، پھر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، جس کے بعد میت واپس ایران لا کر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

    ادھر ایران کے شہید سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ کی تیاریوں کے سلسلے میں ان کا جسدِ خاکی تہران کے جنوبی علاقے میں واقع امام خمینی حسینیہ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔