Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • کراچی کے ولیکا اسپتال میں ایڈز پھیلنے کی انکوائری رپورٹ منظرِ عام پر، ہولناک انکشافات

    کراچی(بولونیوز)ولیکا اسپتال میں نومولود بچوں میں ایڈز (ایچ آئی وی) کے پھیلاؤ سے متعلق انکوائری رپورٹ منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں اسپتال عملے کی سنگین غفلت کے چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارتِ صحت کی تیار کردہ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ولیکا اسپتال میں ایک ہی سرنج بار بار استعمال کی گئی، جس کے باعث نومولود بچوں میں ایچ آئی وی پھیلتا رہا۔ رپورٹ کے مطابق 10 سی سی (10cc) کی ایک ہی سرنج مختلف بچوں کو لگائی جاتی رہی۔

    متاثرہ بچوں کے والدین نے اسپتال انتظامیہ پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نرسنگ اسٹاف پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ نرسز سرنج استعمال کے بعد ضائع کرنے کے بجائے اسے بار بار استعمال کرتی رہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے ان الزامات کی تردید نہیں کی، تاہم انفیکشن کنٹرول کے اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    انکوائری رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے نومبر 2025 میں پہلی بار ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی اطلاع دی تھی۔ ابتدائی طور پر 91 کیسز سامنے آئے، جبکہ اب تک اسپتال سے 104 ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ متاثرین میں 95 معصوم بچے اور 9 بالغ افراد شامل ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ اور ڈپٹی نیشنل منیجر انسدادِ ایڈز پروگرام پر مشتمل وفاقی حکومت کی خصوصی ٹیم نے ولیکا اسپتال اور اس کے اطراف کے علاقے پٹھان کالونی کا تفصیلی دورہ کیا۔ ٹیم نے یونین کمیٹی کے عہدیداروں، مقامی رہائشیوں اور متاثرہ بچوں کے والدین سے ملاقاتیں بھی کیں۔

    تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ پٹھان کالونی میں بڑی تعداد میں لوگ اتائیوں سے علاج کرواتے ہیں، جو ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کا ایک اضافی سبب بن سکتا ہے۔

    تحقیقاتی ٹیم نے ولیکا اسپتال میں ایڈز کے پھیلاؤ کو خالصتاً مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو سخت اقدامات کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایک آزادانہ انکوائری کرائی جائے، ذمہ دار اسپتال انتظامیہ اور نرسنگ اسٹاف کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ پٹھان کالونی اور اطراف کے علاقوں میں اتائیوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ معصوم جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • کراچی میں رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران 200 لاوارث لاشیں برآمد

    کراچی(بولونیوز) کراچی میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مختلف مقامات سے 13 خواتین سمیت مجموعی طور پر 200 لاوارث لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ لاشیں جنوری سے جون کے دوران شہر کی مختلف سڑکوں، ندی کناروں، جھاڑیوں اور خالی مکانات سے ملی ہیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جولائی کے ابتدائی چار دنوں میں بھی تین نامعلوم افراد کی لاوارث لاشیں برآمد ہوچکی ہیں، جس پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق جون کا مہینہ سب سے زیادہ تشویشناک رہا، جس میں 48 لاوارث لاشیں برآمد ہوئیں، جن میں 41 مرد اور 7 خواتین شامل تھیں۔ اسی طرح مئی میں 40، اپریل میں 30 جبکہ مارچ میں 25 لاوارث لاشیں شہر کے مختلف علاقوں سے ملی ہیں۔

    ریسکیو اداروں کے مطابق لاشوں کی شناخت اور وجوہاتِ اموات جاننے کے لیے قانونی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشتبہ صورتحال کی فوری اطلاع ریسکیو اور پولیس کو دیں۔

  • کراچی ڈویژن میں ٹرین آپریشن معمول کے مطابق جاری

    کراچی(بولونیوز)پاکستان ریلوے کے تحت کراچی ڈویژن میں ٹرین آپریشن مجموعی طور پر معمول کے مطابق جاری ہے۔ متعدد اپ ٹرینیں مقررہ وقت پر روانگی کے لیے شیڈول ہیں، تاہم بعض ٹرینوں کی روانگی ڈاؤن ٹرینوں کی تاخیر سے آمد کے باعث متاثر ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 45 اپ پاکستان ایکسپریس کی روانگی مقررہ وقت 14:00 بجے کے بجائے 19:00 بجے، 33 اپ پاک بزنس ایکسپریس کی روانگی 16:00 کے بجائے 19:15 بجے جبکہ 17 اپ ملت ایکسپریس کی روانگی 17:00 کے بجائے 19:30 بجے متوقع ہے۔

    دوسری جانب 47 اپ رحمان بابا ایکسپریس، 41 اپ قراقرم ایکسپریس، 9 اپ علامہ اقبال ایکسپریس، 7 اپ تیزگام، 15 اپ کراچی ایکسپریس، 25 اپ زکریا ایکسپریس، 37 اپ فرید ایکسپریس، 5 اپ گرین لائن، 1 اپ خیبر میل اور 145 اپ سکھر ایکسپریس مقررہ وقت (RT) پر روانگی کے لیے شیڈول ہیں۔

    حکام کے مطابق آپریشنل اور فیلڈ اسٹاف کی مسلسل کاوشوں سے ٹرین آپریشن کو بہتر انداز میں برقرار رکھنے اور تاخیر کو کم سے کم سطح پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

    یہ ٹرینوں کی عارضی آمد و روانگی کا شیڈول ہے، آپریشنل صورتحال کے مطابق اوقات میں ردوبدل ممکن ہے۔ مسافروں سے گزارش ہے کہ سفر سے قبل تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کر لیں۔

  • انسانی ہمدردی کی بنیاد پرایران کو خامنہ ای کی آخری رسومات کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی، ٹرمپ

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایران کو رسومات کی ادائیگی کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔

    ریاست ڈکوٹا میں امریکا کی 250 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایران اور امریکا کے حالیہ تعلقات اور مذاکراتی عمل پر اہم گفتگو کی۔

    اپنے خطاب میں ٹرمپ نے امریکی طاقت اور فوجی برتری کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا نے وینزویلا کو 1 دن میں شکست دی اور ایران کو بھی سخت نقصان پہنچایا جس کے بعد ایران اب مذاکرات کا خواہاں ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایران کو سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور سوگ کی ادائیگی کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے، جس کے بعد مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ وہیں سے شروع کیا جائے گا جہاں سے روکا گیا تھا۔

    امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی قیادت اس وقت امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور وہ نئی ڈیل کے لیے سخت بے چین ہیں۔

    واضح رہے کہ ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی سرکاری آخری رسومات کا باقاعدہ آغاز تہران کی مصلیٰ مسجد اور اس سے ملحقہ شاہراہوں پر ہو گیا ہے۔

    دارالحکومت تہران میں لاکھوں سوگواروں کی آمد کے پیشِ نظر عظیم نماز گاہ کمپلیکس کے دروازے کھول دیے گئے ہیں، جہاں لوگ شہید رہبرِ اعلیٰ کو آخری خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

  • روس نے یوکرین کے ایک اور شہر پر قبضے کا دعویٰ کردیا

    ماسکو(بولونیوز)روس نے یوکرین کے خلاف جنگ میں ایک اور اہم کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے یوکرینی شہر کوستیان تینیوکا پر مکمل قبضہ کر لیا ہے۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس پیشرفت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی یوکرین کے پورے ڈونئیسک ریجن پر کنٹرول حاصل کرنے کی جانب پہلا لیکن انتہائی کلیدی قدم ہے۔

    انہوں نے مستقبل کے اہم فیصلوں اور جنگی حکمت عملی کے لیے یوکرین پر روسی حملوں میں مزید شدت لانے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے انٹیلیجنس حکام پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرینی دستوں میں لڑنے والے غیر ملکی جنگجوؤں کی اصل تعداد کا فوری پتا لگائیں۔

    صدر پیوٹن نے یوکرین کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ یوکرینی فوج روسی انفرااسٹرکچر پر جس قدر حملے کرے گی، روس اپنے سیکیورٹی زون کو اسی حساب سے مزید وسعت دیتا چلا جائے گا۔

    انہوں نے یورپی امن فوج (پیس کیپنگ فورس) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس فورس کا مقصد تنازع کا حل تلاش کرنا نہیں بلکہ روس کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنا ہے۔

    روسی صدر نے محاذ جنگ کے قریب قائم فوج کے ایک اہم سپورٹ پوائنٹ کا دورہ بھی کیا، جہاں فوجی کمانڈروں نے انہیں جنگ کی تازہ ترین صورتحال اور آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

  • آبنائے ہرمز بیرونی طاقتوں کی عسکری نمائش کا میدان نہیں، ایران کی سخت وارننگ

    تہران(بولونیوز)ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے غیر ملکی فورسز کو آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی فوجی نقل و حرکت سے خبردار کردیا۔

    ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری کردہ اپنے ایک اہم بیان میں بیرونی طاقتوں کو سخت خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بیرونی قوتوں کی عسکری نمائش کا میدان نہیں بننے دیا جائے گا۔

    ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران ایک ذمہ دار طاقت ہے، لیکن وہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی غیر معمولی اور مشکوک فوجی نقل و حرکت پر سخت نظر رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے متعلقہ قوتوں کو خبردار کرتا ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کا امن و استحکام صرف اور صرف اس کی حدود سے جڑے ساحلی ممالک کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی بیرونی مداخلت کی یہاں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    کاظم غریب آبادی نے سخت لہجے میں انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر یا بیرونی طاقتیں خطے میں کسی بھی قسم کا بحران پیدا کرنے کی کوشش کریں گی، وہ اپنی اس مہم جوئی اور اس کے نتیجے میں نکلنے والے بھیانک نتائج کی خود ذمہ دار ہوں گی-

  • ایک دفعہ پھرجیت گیا، حکومت کا قوم سے انوکھا مذاق

    اسلام آباد(بولونیوز) حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے، جسے عوامی حلقوں کی جانب سے ناکافی قرار دیا جا رہا ہے۔ وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ قیمتوں میں معمولی کمی کے اعلان کے بعد عوام کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔

    شہریوں اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے محض چند روپے کم کرنا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ایک بار پھر آئل مافیا کو فائدہ پہنچا ہے جبکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں ملا۔

    عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کر کے مہنگائی سے نجات دلائے، تاکہ روزمرہ اخراجات میں کچھ کمی آ سکے۔

  • سکیورٹی فورسز نے 50 کلو وزنی آئی ای ڈی ناکارہ بنا کر بڑی تباہی ٹال دی

    بنوں(بولونیوز)بنوں: بنوں میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 50 کلو وزنی آئی ای ڈی ناکارہ بنا کر بڑی تباہی ٹال دی۔ پولیس کے مطابق جانی خیل مین روڈ پر بچکی مارکیٹ کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے ایک ڈرم میں نصب بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد کی اطلاع موصول ہوئی۔

    اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیم کو طلب کیا گیا، جس نے موقع پر پہنچ کر مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے 50 کلو وزنی آئی ای ڈی کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔

    واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ ذرائع کے مطابق ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • فرانس میں شدید گرمی، ایک ہفتے میں 2 ہزار سے زائد اموات

    پیرس(بولونیوز) فرانس میں شدید گرمی کی لہر نے تباہی مچا دی، جہاں ایک ہفتے کے دوران 2 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی وزیرِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ ہیٹ ویو کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 2025 تک پہنچ چکی ہے، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔

    فرانسیسی وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ شدید گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں 12 سال سے زائد عمر کے افراد شامل ہیں، جن میں اموات کی شرح نمایاں طور پر زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اسپتالوں میں ایمرجنسی کے کیسز میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ ہفتے شدید گرمی کے باعث صرف فرانس ہی نہیں بلکہ بیلجیئم اور نیدرلینڈز بھی بری طرح متاثر ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق تینوں ممالک میں مجموعی طور پر کم از کم 3700 اموات ہوئیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے بیلجیئم میں شدید گرمی کے نتیجے میں 1200 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ریکارڈ توڑ درجہ حرارت اور ہیٹ ویو کے باعث نیدرلینڈز میں 480 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث یورپ میں ہیٹ ویوز کی شدت اور دورانیہ بڑھتا جا رہا ہے، جس سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی پر جماعتِ اسلامی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

    کراچی(بولونیوز) جماعتِ اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لیوی کے نام پر عوام سے ’’بھتہ ٹیکس‘‘ وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جانی چاہیے۔

    حافظ نعیم الرحمن نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں محض ایک روپے 97 پیسے کی کمی عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود اس کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا جا رہا، جس کی وجہ سے مہنگائی میں کمی کے بجائے اضافہ برقرار ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح اور مؤثر کمی کرے، تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ جماعتِ اسلامی کے مطابق اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ جماعتِ اسلامی کی جانب سے اعلان کردہ احتجاج ملک کے مختلف شہروں میں کیا جائے گا، جس میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔