وزیرِ اعظم شہباز شریف اور جاپانی ہم منصب کے درمیان رابطہ، ایران امریکا مذاکرات پر تبادلۂ خیال
اسلام آباد(بولونیوز)شہباز شریف سے جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں اسلام آباد میں ہونے والے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات پر گفتگو کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال، مذاکراتی عمل اور علاقائی استحکام پر تبادلۂ خیال کیا۔
جاپانی وزیرِ اعظم نے جنگ بندی اور مذاکرات کے انعقاد میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا اور خطے میں امن کے لیے کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی توانائی کی سلامتی کو بھی اہم قرار دیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جاپانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں جنگ بندی اور امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، اور اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہیں۔


