زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز پاکستان ویمن ٹیم کیلئے انتہائی اہم ہے

لاہور(بولونیوز)وہاب ریاض نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے کہا کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی لیگ کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگز میں شرکت کے زیادہ مواقع ملنے چاہئیں تاکہ ان کی صلاحیتوں میں نکھار آئے۔

انہوں نے کہا کہ زمبابوے ویمن ٹیم کے خلاف سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے، جس سے ون ڈے رینکنگ پوائنٹس حاصل ہوں گے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد دے گی۔

وہاب ریاض کے مطابق ویمن کرکٹرز کی فٹنس اور فیلڈنگ میں بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے لیے کراچی اور لاہور میں خصوصی کیمپس لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے اور کھیل کی سمجھ بوجھ بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ کم میچز کے باعث ویمن کرکٹرز کو بین الاقوامی سطح پر تجربے کی کمی کا سامنا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہ اہم مواقع پر بہتر فیصلے نہیں کر پاتیں۔

واضح رہے کہ زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم پہلی بار پاکستان کے دورے پر ہے، اور سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 4 مئی کو کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *