ایران کا سخت مؤقف: خلیجی بندرگاہیں سب کیلئے یا کسی کیلئے نہیں
تہران(بولونیوز)ایران نے خلیج فارس اور بحیرۂ عمان کی بندرگاہوں اور سمندری گزرگاہوں سے متعلق سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بندرگاہیں یا تو سب کے لیے ہوں گی یا کسی کے لیے نہیں ہوں گی۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ملک کے قانونی حقوق کا دفاع ان کی ذمہ داری ہے اور علاقائی پانیوں میں خودمختاری کا استعمال ایرانی قوم کا فطری حق ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی کو یقینی بناتا رہے گا، تاہم دشمن سے منسلک جہازوں کو اس اہم گزرگاہ سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ دیگر جہاز ایرانی قوانین کے مطابق گزر سکیں گے۔
ایرانی افواج کے مطابق جنگ کے خاتمے کے بعد بھی آبنائے ہرمز پر مستقل سیکیورٹی کنٹرول کا نظام برقرار رکھا جائے گا۔
بیان میں امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی پانیوں میں جہاز رانی پر پابندیاں عائد کرنا غیر قانونی اقدام ہے اور اسے قذاقی کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔
ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر سمندری حدود اور بندرگاہوں کی سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہوا تو خلیج فارس اور بحیرۂ عمان کی کوئی بھی بندرگاہ محفوظ نہیں رہے گی۔


