مسافرطیارہ لینڈنگ کےبعد ٹرک سےٹکرا گیا، دونوں پائلٹ ہلاک،100 سے زائد مسافر زخمی
کینیڈا(بولونیوز)ایئر کینیڈا کا مسافر طیارہ امریکا کے شہر نیویارک میں لاگارڈیا ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے فوراً بعد ایک ٹرک سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 100 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے باعث طیارے کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا۔ زخمیوں میں پانچ فائر فائٹرز بھی شامل ہیں، جنہیں فوری ریسکیو کر کے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے بعد حفاظتی خدشات کے پیش نظر لاگارڈیا ایئرپورٹ کو تمام پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا، جس کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا۔
نیو یارک اور نیو جرسی کی پورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ فائر فائٹنگ گاڑی ایک علیحدہ واقعے میں ریسکیو آپریشن میں مصروف تھی، جب رن وے 4 پر طیارے سے اس کی ٹکر ہوئی۔
باخبرذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فائر ٹرک پولیس افسران کے زیرِ انتظام تھا۔ حادثے میں ایک سارجنٹ اور ایک پولیس افسر کو شدید چوٹیں آئیں، تاہم اسپتال میں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔


