گورنر سندھ کی تبدیلی مسلم لیگ ن کا فیصلہ، سندھ حکومت مکمل تعاون کے ساتھ

کراچی(بولونیوز)وزیر اطلاعات و نشریات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کا اپنا ہے اور اس میں سندھ حکومت کا دخل نہیں ہے۔

ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ گورنر سندھ کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کے پاس ہونا تھا، تاہم نئے نامزد گورنر نہال ہاشمی کو ویلکم کرتے ہیں اور ہمارا کسی سے اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئین میں گورنر کا جو کردار ہے، وہ نئے گورنر ادا کریں گے۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ نئے نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی سے امید ہے کہ وہ آئینی کردار ادا کریں گے اور سندھ حکومت پہلے بھی گورنر کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اختلاف کی طرف نہیں جانا چاہیے اور سب کو مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کے سی سی آئی اور سندھ حکومت کے تعاون سے ایکسپو سینٹر میں گل پلازہ متاثرین کے 500 سے زائد اسٹال لگائے گئے اور صوبائی حکومت نے متاثرین کی مکمل مدد کی یقین دہانی کروائی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کے ہر شخص کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے اور اگلی عید پر گل پلازہ متاثرین اپنی دکانوں میں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ بدترین سیاست کی کوشش کر سکتے ہیں لیکن سندھ حکومت ہمیشہ متاثرین کے ساتھ ہے اور ہر مشکل گھڑی میں تاجر برادری کی حمایت جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *