پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان
کراچی(بولونیوز) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مطالبات منظور نہ ہونے پر 27 مارچ سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما عبدالسمیع خان، امیر خان محسود اور طارق حسن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے صرف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا جبکہ ڈیلرز کے مارجن کو نظر انداز کیا گیا۔
صدر ایسوسی ایشن سندھ امیر خان محسود نے کہا کہ اگر ڈیلرز کے مارجن میں فوری اضافہ نہ کیا گیا تو 26 مارچ کی رات سے ہی سپلائی روک دی جائے گی، کیونکہ وہ نقصان میں کاروبار جاری نہیں رکھ سکتے۔
رہنما عبدالسمیع خان نے کہا کہ اب حکومت سے صرف شرافت سے بات نہیں ہوگی بلکہ ڈیلرز مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی اور قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام اور ڈیلرز دونوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
یہ فیصلہ ملک بھر میں پیٹرول کی فراہمی اور صارفین پر براہ راست اثر ڈال سکتا ہے، جس کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔


