وسیم اختر کا مطالبہ: گورنر سندھ کی تبدیلی پر وفاقی حکومت سے اتحاد ختم اور وزارتیں چھوڑ دیں

کراچی(بولونیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے گورنر سندھ کی تبدیلی کے فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سے اپنا اتحاد ختم کریں اور وزارتیں چھوڑ دیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ کامران ٹیسوری کو گورنر کے عہدے سے ہٹانا حیران کن اور غیر متوقع خبر تھی، اور یہ معلومات انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا فیصلہ کرنا تھا تو ایم کیو ایم سے مشاورت ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ن لیگ اپنے مفاد کے فیصلوں میں ایم کیو ایم سے ووٹ ڈلواتی ہے لیکن پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیتی۔

وسیم اختر نے واضح کیا کہ:

ایم کیو ایم کے مطالبات پر عمل نہیں ہوا، جس کی وجہ سے وزارتوں سے علیحدگی ضروری ہے۔

گورنر کے عہدے کا اختیار ایم کیو ایم کے پاس ہونا چاہیے، کیونکہ وزیراعظم نے پہلے اس بات کو تسلیم کیا تھا۔

ایم کیو ایم حکومت کی اتحادی جماعت ہے، کسی کو ہٹانے کی خواہش اتنی آسانی سے پوری نہیں ہوتی۔

پی ڈی ایم ون دور میں ایم کیو ایم نے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے، اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان پر اتفاق کیا تھا، مگر بغیر مشورے ایسا فیصلہ سمجھ سے باہر ہے۔

وسیم اختر نے پارٹی کے ذمہ داران سے کہا کہ اب بیٹھ کر دیکھنا ہوگا کہ ایم کیو ایم کو کیوں کمزور کیا جا رہا ہے اور مستقبل کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *