فاروق ستارکا ردعمل، “ہمیں فی الفور وفاقی حکومت سے باہر آجانا چاہیے
کراچی(بولونیوز) متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے گورنر سندھ کی ممکنہ تبدیلی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو فوری طور پر وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کر لینی چاہیے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان مسلم لیگ ن کی حلیف جماعت ہے اور روایتی طور پر سندھ کا گورنر ایم کیو ایم پاکستان کا ہوتا رہا ہے، جس حق سے پارٹی کو محروم کرنا ناانصافی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے یکطرفہ فیصلے کے بعد پارٹی کے پاس حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں بچتا، اور ایم کیو ایم پاکستان جلد اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔
قبل ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے بھی کہا تھا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کا علم انہیں ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہوا، اور وفاقی حکومت کی جانب سے پارٹی کو اس فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق گورنر سندھ کی تبدیلی کے معاملے سے وفاقی حکومت اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان اتحادی سیاست میں کشیدگی بڑھنے کا امکان ہے۔


