آئی جی سندھ کی انڈونیشیا کے قونصل جنرل سے ملاقات، سیکیورٹی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال
کراچی(بولونیوز)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں انڈونیشیا کے قونصل جنرل مسٹر مدزاکر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صوبے میں سیکیورٹی انتظامات، امن و امان کی موجودہ صورتحال، اور پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انڈونیشین قونصل جنرل نے سندھ پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے امن و امان کے قیام میں ان کی پیشہ ورانہ خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی جی سندھ نے معزز مہمان کو صوبے میں امن و امان کے قیام اور سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکواٹرز اور اے آئی جی آپریشنز بھی موجود تھے۔
ملاقات کے اختتام پر سندھ پولیس کی جانب سے قونصل جنرل کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی تاکہ دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور تعاون کو اجاگر کیا جا سکے۔


