چین کا ایران پر حملے فوری روکنے کا مطالبہ، جنگ کی کھل کر مخالفت
بیجنگ(بولونیوز) چین نے ایران پر حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جاری فوجی کارروائیوں کی سخت مخالفت کر دی ہے۔اس حوالے سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنگ ہونی ہی نہیں چاہیے تھی اور طاقت کا استعمال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال نے خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کر دیا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے منصوبے کو عوامی مقبولیت حاصل نہیں ہو سکی، اس لیے ایسے اقدامات خطے میں امن کے بجائے مزید کشیدگی کو جنم دیتے ہیں۔
وانگ ای نے ایران اور خلیجی ممالک کی سلامتی اور خود مختاری کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر بھی زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
چین کے اس بیان کو عالمی سفارتی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔


