ایران،اسرائیل جنگ کے تناظر میں اے آئی کے استعمال پر تنازع، چیٹ جی پی ٹی بائیکاٹ مہم شروع
اسلام آباد(بولونیوز)عالمی سطح پر جاری ایران اسرائیل کشیدگی کے تناظر میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مصنوعی ذہانت کی کمپنی OpenAI نے اپنی ٹیکنالوجی امریکی محکمۂ دفاع کے خفیہ نیٹ ورک کو فراہم کرنے کے لیے معاہدہ کیا ہے، جس کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
کمپنی کے شریک بانی اور سی ای او Sam Altman نے اس معاہدے کی تصدیق کی ہے۔ اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد متعدد صارفین نے احتجاجاً ChatGPT کو اپنے موبائل فونز سے اَن انسٹال کرنا شروع کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر بائیکاٹ مہم بھی دیکھی جا رہی ہے۔
مارکیٹ انٹیلی جنس کمپنی Sensor Tower کے مطابق پینٹاگون کے ساتھ شراکت داری کی خبر سامنے آنے کے بعد امریکا میں ہفتہ 28 فروری کو ایک ہی دن میں چیٹ جی پی ٹی موبائل ایپ کی اَن انسٹالیشن میں 295 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران ایپ کی یومیہ اَن انسٹالیشن کی اوسط شرح تقریباً 9 فیصد تھی، تاہم اس خبر کے بعد یہ شرح غیر معمولی طور پر بڑھ گئی۔
اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ 28 فروری کو ایپ کو ملنے والے ایک اسٹار ریویوز میں 775 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ یکم مارچ کو اس میں مزید 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی عرصے کے دوران پانچ اسٹار ریویوز میں تقریباً 50 فیصد کمی دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے عسکری استعمال سے متعلق اخلاقی اور سماجی مباحث مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں، جبکہ صارفین کی جانب سے ردعمل ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے ایک اہم چیلنج بن سکتا ہے۔


