کے الیکٹرک کے بریک ڈاؤن سے حب پمپنگ اسٹیشن بند، پانی کی فراہمی معطل
کراچی(بولونیوز) واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے حب پمپنگ اسٹیشن پر اچانک بریک ڈاؤن کے باعث بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں ضلع غربی اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہو گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ابتدا میں کے الیکٹرک کی جانب سے ولیکا گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ بعد ازاں اسٹینڈ بائی انتظام کے تحت الممتاز فیڈر سے حب پمپنگ اسٹیشن کو بجلی فراہم کی گئی، تاہم رات 10 بج کر 40 منٹ پر الممتاز فیڈر سے بھی بجلی اچانک بند ہو گئی۔
بجلی کی مکمل معطلی کے بعد حب پمپنگ اسٹیشن کی پمپنگ سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہو گئیں۔ کے الیکٹرک حکام کے مطابق فیڈر میں کیبل فالٹ کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیبل فالٹ کے باعث ضلع غربی اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہے، جبکہ بجلی کی جلد بحالی کے لیے واٹر کارپوریشن حکام کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
حکام کے مطابق بجلی بحال ہوتے ہی پمپنگ دوبارہ شروع کر دی جائے گی اور پانی کی فراہمی بتدریج معمول پر آ جائے گی۔


