وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عوام کیلئے تاریخی اقدام: تھرڈ پارٹی انشورنس لازمی قرار

کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہر گاڑی کے لیے تھرڈ پارٹی انشورنس لازمی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے قانون کے تحت بغیر انشورنس کے نہ گاڑی رجسٹر ہوگی اور نہ ہی ٹوکن ٹیکس جمع ہو سکے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق، سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو 7 لاکھ روپے اور معذوری کی صورت میں 5 لاکھ روپے معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے سندھ میں پاکستان کا پہلا جدید ڈیجیٹل انشورنس مانیٹرنگ سسٹم فعال ہونے کا بھی اعلان کیا۔

سندھ موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کے بعد نئی دفعہ 67-H شامل کی گئی ہے، جس کے تحت حادثات کے متاثرین کو مالی تحفظ فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیح ہے۔ وزیر ایکسائز مکیش چاولہ اور سیکریٹری ایکسائز کی کاوشوں کے بعد سندھ پہلا صوبہ بن گیا ہے جو انشورنس قانون نافذ کرے گا۔

سیکریٹری ایکسائز کے مطابق، انشورنس پالیسیوں کی ڈیجیٹل تصدیق کے لیے SECP کے ڈیٹا بیس سے رابطہ قائم کر دیا گیا ہے، اور گاڑیوں کی منتقلی کے لیے بھی ویلڈ انشورنس پالیسی لازمی ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس اقدام کو روڈ سیفٹی اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو اس نئے قانون کے فوائد سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم اتنا شفاف ہے کہ جعلی انشورنس کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گا۔

مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ اس قانون کا مقصد صرف ٹیکس کلیکشن نہیں بلکہ عوام کو فوری اور شفاف سروسز فراہم کرنا ہے تاکہ کسی بھی سڑک حادثے کا شکار شہری اکیلا نہ رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *