امریکی فوج کی بڑی تربیتی مشق اچانک منسوخ، مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ تعیناتی کی قیاس آرائیاں

واشنگٹن(بولونیوز) امریکی فوج کی ایک بڑی تربیتی مشق اچانک منسوخ کیے جانے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ فوجی تعیناتی سے متعلق قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔

امریکی فوج نے ایلیٹ ائیربورن ڈویژن کے ہیڈکوارٹر کی ایک اہم تربیتی مشق آخری وقت میں منسوخ کر دی۔ مشق کے لیے عملے کو ریاست لوزیانا جانا تھا، تاہم انہیں نارتھ کیرولائنا میں ہی رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔

4 سے 5 ہزار فوجیوں پر مشتمل ایک بریگیڈ کو 18 گھنٹوں کے اندر کسی بھی ممکنہ تعیناتی کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے، جس سے ہنگامی صورتحال کے خدشات کو تقویت ملی ہے۔امریکی فوج جلد ہی اسی ڈویژن کے ایک ہیلی کاپٹر یونٹ کی مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے طے شدہ تعیناتی کا اعلان بھی کر سکتی ہے۔

امریکی عوام کی بڑی تعداد زمینی فوج بھیجنے کے حق میں نہیں۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق صرف 12 فیصد امریکی زمینی فوج کی تعیناتی کے حامی ہیں، جبکہ 60 فیصد اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں امریکی فوجی سرگرمیوں میں یہ اچانک تبدیلی ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، تاہم امریکی حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *