رمضان المبارک میں سیکورٹی ہائی الرٹ، ڈی آئی جی آپریشنز نے سرپرائز دورے کیے
لاہور(بولونیوز) پولیس کے آپریشن ونگ کے تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور شہر بھر کی مساجد کے سیکورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نماز فجر کے دوران سرپرائز دورے کیے اور ہربنس پورہ، شالیمار سمیت مختلف مساجد میں سیکورٹی چیکنگ کی۔ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود افسران اور جوانوں کو سیکورٹی کے حوالے سے ہدایات دیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کی بھی فیلڈ میں سرپرائز چیکنگ کرائی جبکہ ڈولفن اور پیرو کی گشت ڈیوٹی کا بھی جائزہ لیا۔
فیصل کامران نے کہا کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار اور ہر نماز پر سیکورٹی ہائی الرٹ ہے اور سحر و افطار کے اوقات میں سیکورٹی کے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ عبادات کے دوران کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے یقین دہانی کرائی کہ رمضان کے دوران سپیشل سیکورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔


