مفتی منیب الرحمان نے رمضان 1447ھ کے لیے فطرہ، فدیہ اور کفارہ صوم کا اعلان کر دیا
کراچی(بولونیوز)ممتاز عالمِ دین اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے رمضان المبارک 1447ھ (2026) کے لیے صدقہ فطر، فدیہ اور کفارہ صوم کی مقدار اور رقوم کا اعلان کر دیا ہے۔
رواں سال صدقہ فطر کی کم از کم رقم 300 روپے فی کس مقرر کی گئی ہے، جو گندم کے نصاب کے مطابق ہے۔ مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ اہلِ ثروت افراد اپنی مالی حیثیت کے مطابق جو، کھجور یا کشمش کے نصاب سے فطرہ اور فدیہ ادا کر سکتے ہیں تاکہ مستحقین کو زیادہ بہتر مدد فراہم کی جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق:
گندم کے نصاب: 2 کلو چکی والے آٹے کی قیمت 300 روپے فی کس (فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ)
جو کے نصاب: 4 کلو، فدیہ 1,160 روپے فی کس
کھجور کے نصاب: 4 کلو، فدیہ 2,800 روپے فی کس
کشمش کے نصاب: 4 کلو، فدیہ 7,200 روپے فی کس
روزہ جان بوجھ کر توڑنے والے کے کفارے کے حوالے سے مفتی منیب الرحمان نے وضاحت کی کہ اس کا حکم 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے، اور مالی کفارہ نصاب کے مطابق مختلف ہے:
گندم: 18,000 روپے
جو: 69,600 روپے
کھجور: 1,68,000 روپے
کشمش: 4,32,000 روپے
مفتی صاحب نے کہا کہ فدیہ صرف دائمی مریضوں یا ضعیف العمر افراد کے لیے ہے جو روزہ رکھنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ عارضی مریض یا مسافر بعد میں قضا روزے ادا کریں گے، ان کے لیے فدیہ لازم نہیں۔
اگر کوئی شخص بغیر شرعی عذر کے روزہ توڑ دے، تو اس پر کفارہ لازم ہے، جو 60 روزے رکھنے اور ایک روزے کی قضا کے ذریعے ادا کیا جائے گا۔ جسمانی طور پر روزہ رکھنے کی استطاعت نہ ہونے کی صورت میں مالی کفارہ ادا کرنا ضروری ہے۔


