مادری زبان کے عالمی دن پر پیغام: ہر بچے کو اپنی زبان میں تعلیم کا حق حاصل ہے،بلاول بھٹو

کراچی(بولونیوز)بلاول بھٹو زرداری نے 20 فروری 2026 کو مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ ہر بچے کو اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کا پیدائشی حق حاصل ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ مادری زبان میں سیکھنا اعتماد کو مضبوط بناتا، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتا اور مساوی مواقع کو یقینی بناتا ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس کے مطابق، چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کا خوبصورت لسانی تنوع اس کی مختلف ثقافتوں اور روایات کی عکاسی کرتا ہے۔ ہر مادری زبان صدیوں کی دانش، لوک ادب، جدوجہد اور خوابوں کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زبانوں کا تحفظ دراصل اپنی اجتماعی یادداشت اور مستقبل کے تحفظ کے مترادف ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنی جماعت کے ثقافتی تنوع اور جامع ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد کا مطلب یکسانیت نہیں ہوتا۔ ایک مضبوط پاکستان وہ ہے جو اپنی سرزمین میں بولی جانے والی ہر زبان کا احترام کرتا اور اس کا جشن مناتا ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے پالیسی سازوں، ماہرینِ تعلیم اور عوام پر زور دیا کہ وہ آئندہ نسلوں کے لیے مادری زبانوں کے تحفظ اور فروغ کو یقینی بنائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *