ضلعی انتظامیہ کا اہم اقدام: مساجد اور امام بارگاہوں کے لیے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ
کراچی(بولونیوز)ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر مساجد اور امام بارگاہوں کے تحفظ کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تمام مذہبی عبادت گاہوں کو اسلحہ لائسنس جاری کیے جائیں گے تاکہ سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہو۔
اہم بات یہ ہے کہ اسلحہ لائسنس کسی فرد یا عالم کے نام پر نہیں بلکہ مسجد کمیٹی کے نام جاری کیے جائیں گے۔ جبکہ محکمہ اوقاف کے زیرِ انتظام چلنے والی مساجد کے لائسنس اوقاف اور مسجد کونسل کے نام جاری ہوں گے۔
مساجد اپنی کمیٹی کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دیں گی، جس کی سکروٹنی کی جائے گی۔ سکروٹنی کے بعد پولیس مسجد کا معائنہ کرے گی اور اسلحہ لائسنس کی ضرورت کا جائزہ لے گی۔ یہ فیصلہ مکمل طور پر پولیس رپورٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا کہ کس مسجد کو کتنے اسلحہ لائسنس جاری کیے جائیں۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد عبادت گاہوں میں سکیورٹی کو مضبوط بنانا اور شہریوں و مذہبی رہنماؤں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔


