ایم کیو ایم رکن رانا شوکت کے ساتھی اراکین پر قتل کی دھمکیوں کے الزامات، پولیس طلب

کرایچ(بولونیوز)سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران رانا شوکت نے اپنے ساتھی اراکین پر قتل کی دھمکیوں کے الزامات عائد کیے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے فوری طور پر پولیس کو ایوان میں طلب کر لیا۔

رانا شوکت نے الزام عائد کیا کہ ان کے ساتھی شارق جمال اور اقبال محسود نے انہیں دھمکیاں دی ہیں اور کہا کہ وہ خالد مقبول گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔ رانا شوکت نے کہا کہ وہ اسمبلی کے ممبر ہیں اور متعلقہ تھانے کو بلا کر اپنی ایف آئی آر درج کروائیں، ورنہ ایوان سے استعفیٰ دے دیں گے۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ اسمبلی میں اس قسم کی باتیں مناسب نہیں اور اسپیکر ہاؤس کا کسٹوڈین ہونے کے ناطے اسپیکر ایس ایچ او کو بلانے اور رولنگ دینے کے اختیار رکھتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ممبران کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے اور اگر کوئی مسئلہ ہوا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

سندھ اسمبلی کے اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس ختم ہونے سے قبل معاملہ حل کریں، بصورت دیگر ممبر شپ معطل کی جا سکتی ہے، اور ایس ایس پی و ایس ایچ او کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پارٹی گروپنگ کے معاملات الگ ہیں، مگر کسی ممبر کو دھمکی ملنے کے بعد تحفظ نہ دیا گیا تو خطرناک ہوگا۔

اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا کہ معاملہ حل کرنے کے لیے ایک گھنٹہ دیا جائے اور روٹین کارروائی جاری رہے۔

بعد ازاں اجلاس دوپہر 2:30 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *