انفارمیشن ڈومین کے جامع پلان آف ایکشن کو باضابطہ منظوری دے دی گئی
کراچی(بولونیوز)شرجیل انعام میمن کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں قومی ایکشن پلان 2021 (RNA P 2021) کے تحت انفارمیشن ڈومین کے جامع پلان آف ایکشن کو باضابطہ منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ پلان آر این اے پی سیکریٹریٹ کے ذریعے وفاقی حکومت کو ارسال کیا جائے گا اور عمل درآمد کی پیش رفت کا سہ ماہی جائزہ لینے کے ساتھ باقاعدہ رپورٹنگ جاری رکھی جائے گی۔
اجلاس میں آر این اے پی 2021 کے انفارمیشن ڈومین کے تحت صوبائی سطح پر ہونے والی پیش رفت اور جامع ایکشن پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور آؤٹ ڈور میڈیا کے ذریعے مربوط مہمات چلانے، فلموں اور دستاویزی پروگراموں کے ذریعے قومی بیانیے کو مستحکم کرنے اور “معرکۂ حق” کے بعد دشمن کے بیانیے کا مدلل جواب دینے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جامع ایکشن پلان میں درج ذیل اقدامات شامل ہیں:
متحدہ قومی بیانیے کی تشکیل
پاکستانی شناخت اور پیغامِ پاکستان کا فروغ
انتہا پسندی اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا مؤثر جواب
ڈیجیٹل احتساب اور عوامی آگاہی کے پروگرام
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قومی بیانیے کو مضبوط اور مربوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور سندھ حکومت آر این اے پی 2021 کے تحت اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انفارمیشن ڈومین میں کیے جانے والے اقدامات قابلِ پیمائش اور دیرپا نتائج کے حامل ہوں گے، اور ایک متحد قومی بیانیہ دشمن کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دے سکتا ہے اور نئی نسل کو مثبت سمت فراہم کر سکتا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ قومی سلامتی، امن و استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے وفاقی ہدایات کے مطابق بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔


