کراچی میں 30 کروڑ روپے کی سنسنی خیز نقب زنی بے نقاب، سندھ پولیس کی بڑی کامیابی
کراچی(بولونیوز)سندھ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سنسنی خیز نقب زنی کی واردات کو بے نقاب کر دیا، جبکہ واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے کی رقم برآمد کر لی گئی۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی ویسٹ اور ویسٹ پولیس کی ٹیم سے ملاقات کی اور قلیل مدت میں بڑی واردات کے ملزمان کی گرفتاری اور خطیر رقم کی برآمدگی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزمان نے فلمی انداز میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نقب زنی کی واردات انجام دی۔ ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان نے شہریوں کی امانت کے طور پر رکھی گئی رقوم کو ہدف بنایا تھا۔
آئی جی سندھ نے کامیاب کارروائی پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مؤثر تفتیش، جدید تحقیقاتی طریقۂ کار اور مربوط چھان بین قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی واردات میں ملوث ملزمان کی بروقت گرفتاری اور مسروقہ مال کی برآمدگی سے شہریوں کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اسٹریٹ کرائم اور نقب زنی جیسے جرائم کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور اسنیپ چیکنگ میں مزید تیزی لائی جائے، جبکہ شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام زونز میں مؤثر نگرانی اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے۔
اس موقع پر آئی جی سندھ کی جانب سے نمایاں پولیس افسران اور اہلکاروں میں تعریفی اسناد اور کیش ریوارڈ بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ تاجر برادری، عوام اور میڈیا نے سندھ پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہا۔


