وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیجیٹل ٹریفک چالان ون ایپ کا افتتاح کر دیا

لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیجیٹل ٹریفک چالان ون ایپ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کے بعد پنجاب میں ملکی سطح پر پہلی بار شواہد پر مبنی جدید ٹریفک انفورسمنٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت ٹریفک خلاف ورزیوں پر ویڈیو ثبوت کے ساتھ چالان جاری کیے جائیں گے، جس سے شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہر خلاف ورزی کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ اور قابلِ تصدیق ہوگی، تاکہ کسی بھی قسم کی شکایت یا غلطی کی گنجائش نہ رہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ون ایپ کے ذریعے موقع پر ہی شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور چوری شدہ گاڑیوں کی فوری تصدیق ممکن ہوگی۔ اس کے علاوہ گاڑی کی ملکیت، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی جانچ بھی فوری طور پر کی جا سکے گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق تجاوزات اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر بھی ڈیجیٹل کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انٹیگریٹڈ سسٹم کے تحت ای چالان کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر اسٹیٹس اور سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا سکے گا۔ دوسرے مرحلے میں پوائنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا جبکہ سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر کا اندراج بھی کیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی مکمل تفصیلات شہریوں کو کیو آر کوڈ کے ذریعے موصول ہوں گی، جس سے عوام کو اپنے چالان اور ریکارڈ تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر شفاف، مؤثر اور بلا امتیاز ٹریفک انفورسمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا، جس سے شہریوں کا اعتماد بحال ہوگا اور ٹریفک نظم و ضبط میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *