رمضان سپورٹ پیکج : کم آمدنی والوں کو کتنے ہزار روپے کیش ملیں گے؟

پشاور(بولونیوز) کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے رمضان سپورٹ پیکج کی منظوری دے دی گئی ، جس کے تحت فی خاندان اوسطاً 12 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیرصدارت خیبرپختونخوا کابینہ کے 47ویں اجلاس میں کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے رمضان سپورٹ پیکج 2026 کی منظوری دے دی گئی۔

مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر رواں سال 10 لاکھ 63 ہزار کم آمدن والے افراد کو رمضان پیکج فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے فی خاندان اوسطاً 12 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے 2024 میں پہلی بار فی خاندان 10 ہزار روپے رمضان پیکج دیا تھا، تاہم بڑھتی مہنگائی کے باعث اس سال پیکج میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

کابینہ اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے، جن میں قرآن بورڈ کی ازسرنو تشکیل، نیشنل کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے ارکان کی تقرری، لیویز شہدا کے لواحقین کے لیے 385 ملین روپے اضافی گرانٹ اور جنوبی اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری شامل ہے۔

کابینہ نے ضلع ٹانک میں نئی تحصیل کے قیام، اولڈ ایج بینیفٹس ادارے کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو، ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ڈی آئی خان کے لیے اضافی گرانٹ، 9 طبی کیسز میں مالی معاونت اور نوشہرہ کے کیٹگری ڈی اسپتال کی اپ گریڈیشن لاگت میں اضافے کی بھی منظوری دی۔

اس کے علاوہ 958 ہائی اور ہائرسیکنڈری اسکولوں میں آئی ٹی لیبز فعال بنانے، آن لائن تعلیم کے پائلٹ منصوبے کی لاگت میں اضافے، خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی 2026 تا 2030، کالاش میرج بل 2025 اور ہندو میرج ترمیمی بل 2025 کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کی تعمیر، مردان میں قبرستان کے لیے زمین کے حصول، ایبٹ آباد میں گورنمنٹ ہائی اسکول جھنگی کے لیے زمین کی منتقلی، اور ہزارہ ڈویژن میں لائیو اسٹاک کے ذریعے روزگار بہتری منصوبے میں نظرثانی کی بھی منظوری دے دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *