بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے میدان سج گیا، 50 سیاسی جماعتوں میں سخت مقابلہ

بنگلادیش(بولونیوز)عام انتخابات کے لیے میدان سج گیا ہے، جہاں ملک بھر میں 50 سیاسی جماعتیں انتخابی عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔ انتخابات میں 12 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر کے 299 حلقوں میں پولنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 30 منٹ پر ہوگا، جو شام 4 بج کر 30 منٹ تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

قومی اسمبلی کی 300 نشستوں کے لیے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)، بنگلادیش جماعت اسلامی، نیشنل سٹیزن پارٹی اور جماعتی پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 300 میں سے کم از کم 151 نشستیں حاصل کرنا ہوں گی۔

بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمان کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے، جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے شفیق الرحمان مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب عوامی لیگ کی رہنما شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے اگست 2024 میں تختہ الٹنے میں اہم کردار ادا کرنے والی جین زی پر مشتمل نیشنل سٹیزن پارٹی بھی جماعت اسلامی کے اتحاد کا حصہ ہے۔ پابندی کے باعث عوامی لیگ کے امیدوار اس بار انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔

انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ نتائج پر پوری قوم اور عالمی برادری کی نظریں مرکوز ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *