کروڑوں ٹرانسفارمرز ناکارہ، امریکا اچانک اندھیرے میں ڈوب سکتا ہے
واشنگٹن(بولونیوز)امریکا میں بجلی کے ٹرانسفارمرز کی خراب حالت نے حکومت کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، رپورٹس کے مطابق امریکا کے نصف سے زیادہ بجلی ٹرانسفارمر ناکارہ ہو چکے ہیں۔
امریکی محکمہ توانائی نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا میں اندازاً 8 کروڑ بجلی کے ٹرانسفارمرز استعمال میں ہیں، پاور سسٹم ٹیکنالوجی کی رپورٹ کے مطابق 55 فی صد ٹرانسفارمرز اپنی عمر پوری کر چکے ہیں، اس لیے اگر انہی ٹرانسفارمرز پر قابلِ تجدید توانائی چلائی گئی تو پورا بجلی نظام بیٹھ سکتا ہے، اور امریکا اندھیرے میں ڈوب جائے گا۔
ٹرانسفارمر بحران کی وجہ سے قابل تجدید توانائی امریکا کے لیے گلے کی ہڈی بن گئی ہے، اور امریکا پر اندھیرے میں ڈوب جانے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، زیادہ تر ٹرانسفارمرز 33 سال پرانے ہیں، جب کہ ان کی زیادہ سے زیادہ عمر 35 سال ہوتی ہے، جب کہ تقریباً 20 فی صد ٹرانسفارمرز 25 سال سے زائد پرانے ہیں، اور صرف 25 فی صد ٹرانسفارمرز ہی اس وقت قابلِ اعتماد حالت میں ہیں۔
امریکی محکمہ توانائی نے بھی خبردار کیا ہے کہ پرانے ٹرانسفارمر کسی بھی وقت فیل ہو سکتے ہیں، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث قابلِ تجدید توانائی پر زور دیا جا رہا تھا، مگر اب امریکا نے مؤقف بدل لیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ قابلِ تجدید توانائی بلیک آؤٹ کا سبب بن سکتی ہے۔


