وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس،سندھ میں نئی انسداد پولیو مہم کا اعلان
کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں پولیوٹاسک فورس کااجلاس منعقد ہوا جس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب،چیف سیکریٹری آصف حیدرشاہ،آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، سیکریٹری تعلیم زاہد عباسی، سیکریٹری ٹو سی ایم عبدالرحیم شیخ، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، سیکریٹری صحت جمشید میمن، سی ای او پی پی ایچ آئی جاوید جاگیرانی، کوآرڈینیٹر ای سی او شہریار میمن، ڈی جی صحت ڈاکٹر وقار اور صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے اور وائرس کی موجودگی کے باوجود ہمیں ہر صورت پولیو پر قابو پانا ہوگا۔ انہوں نے والدین، معاشرہ، میڈیا اور حکومت کو مشترکہ کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بچوں کی قوتِ مدافعت بڑھا کر وائرس کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 2024 میں 74، 2025 میں 31 جبکہ اس سال اب تک پولیو کے صفر کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں بھی 2024 میں 23، 2025 میں 9 اور 2026 میں صفر کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم صوبے کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ نئی انسداد پولیو مہم 2 سے 8 فروری تک ہوگی، جس کے دوران ایک کروڑ 5 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبے کے 30 اضلاع کی 1490 یونین کونسلز میں پولیو ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائیں گی، جبکہ ہر یونین کونسل میں ڈپٹی کمشنرز کو مانیٹرز تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مہم کے دوران 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز خدمات انجام دیں گے اور 21 ہزار پولیس اور رینجرز اہلکار ان کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، روٹری انٹرنیشنل سمیت تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شراکت داروں کی معاونت سے پولیو پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


