تھانہ منگھوپیر پولیس کی موٹرسائیکل لفٹنگ کے خلاف بڑی کارروائی، 3 ملزمان گرفتار

کراچی(بولونیوز)ویسٹ پولیس،تھانہ منگھوپیرنےموٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث ایک منظم اورخطرناک گروہ کے خلاف بڑی اور کامیاب کارروائی کرتےہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ایس ایچ او تھانہ منگھوپیر خوش نواز پتافی کی نگرانی اور مائی گاڑی چوکی انچارج الطاف دستی کی عملی قیادت میں عمل میں آئی، جسے عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر گلشنِ توحید کے قریب بروقت اور ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل چوری میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان شہر کے مختلف علاقوں سے موٹرسائیکلیں چوری کر کے ان کے پارٹس کھولتے اور دیگر موٹرسائیکلوں میں فِٹ کر کے منافع کے لیے فروخت کرتے تھے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک مسروقہ موٹرسائیکل، دو ٹائر، چیچس، ٹینکیاں اور دیگر قیمتی اسپیئر پارٹس برآمد کر لیے گئے۔ برآمد ہونے والی موٹرسائیکل نمبر KHC-6891 تھانہ منگھوپیر کی حدود سے چوری شدہ نکلی، جس کا مقدمہ پہلے ہی درج تھا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 42/2025 بجرم دفعہ 381-A تعزیراتِ پاکستان کے تحت تھانہ منگھوپیر میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ملزمان کو متعلقہ AVLC حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں عبدالرحمٰن ولد طارق شاہ، جاوید ولد محمد علی اور عبداللہ ولد سید انور شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تینوں ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، جن میں تھانہ سعید آباد اور تھانہ محمدی میں درج مقدمات شامل ہیں۔

علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے ایس ایچ او خوش نواز پتافی اور مائی گاڑی چوکی انچارج الطاف دستی کی قیادت میں کی گئی اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ موٹرسائیکل لفٹنگ اور اسٹریٹ کرائم کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مسلسل جاری رکھی جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *