جنید صفدر کی دوسری شادی، ولیمہ 18 جنوری کو جاتی امرا میں منعقد ہوگا
لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر کی دوسری شادی سے متعلق دعوت نامہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ شادی کارڈ کے مطابق ولیمہ کی تقریب 18 جنوری 2026 کو جاتی امرا میں منعقد کی جائے گی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف دسمبر میں اپنے نواسے جنید صفدر کی شادی کے سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ دبئی روانہ ہوئے تھے، جہاں شادی سے متعلق بعض خاندانی معاملات اور تقاریب کو حتمی شکل دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید صفدر کی ہونے والی اہلیہ شانزے شیخ معروف سماجی شخصیت شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔ شیخ روحیل اصغر کے مطابق شادی کی تقریبات 16، 17 اور 18 جنوری کو منعقد ہوں گی، تاہم یہ تمام تقاریب نجی نوعیت کی ہوں گی اور کسی عوامی یا سیاسی اجتماع کی صورت اختیار نہیں کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق مہندی کی تقریب جاتی امرا میں، بارات لیک سٹی میں جبکہ ولیمہ دوبارہ جاتی امرا میں ہوگا۔
واضح رہے کہ جنید صفدر کی اس سے قبل شادی معروف کاروباری شخصیت سیف الرحمان کی صاحبزادی سے ہوئی تھی، جو اکتوبر 2023 میں طلاق پر اختتام پذیر ہوئی۔
سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے کے باعث جنید صفدر کی شادی کی خبریں عوامی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہیں، تاہم خاندانی ذرائع کے مطابق تقریبات سادگی اور روایتی انداز میں منعقد کی جائیں گی۔


