سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود سندھ میں معذور کوٹہ پر عملدرآمد نہ ہونے کا کیس
کراچی(بولونیوز)سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود سندھ کے مختلف محکموں میں معذور افراد کے لیے مختص 5 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ گریڈ ایک سے چار کی سرکاری ملازمتوں میں معذور کوٹہ مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل مظفر علی اور علی محسن نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے ڈی آر سی کے ذریعے معذور افراد کو ملازمتیں دینے کا حکم دیا تھا، لیکن اس پر عمل نہیں ہو رہا، جس کی وجہ سے معذور افراد کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت دی اور واضح کیا کہ درخواست میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے مزید کہا کہ اگر عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا تو توہین عدالت کی کارروائی دائر کی جا سکتی ہے۔
درخواست شبانہ، علی بخش اور دیگر نے دائر کی ہے اور معذور افراد کے حق میں فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


