مریم نواز کا نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے طلبہ سے خطاب، پنجاب میں ترقی، حفاظت اور گڈ گورننس پر زور
لاہور(بولونیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل طلبہ کے ہاتھوں میں ہے اور میری پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بننا پاکستان کی تمام بیٹیوں کے لیے فخر کا مقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ ملک کے ہر شہری کے لیے دل کے دروازے کھلے رکھے ہیں، چاہے وہ کسی بھی صوبے سے تعلق رکھتے ہوں۔ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اب محفوظ ہیں کیونکہ پینک بٹن دبانے پر پولیس فوراً پہنچ جاتی ہے، اور جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب کے ہسپتالوں، کالجز اور یونیورسٹیوں سے ملک کے تمام صوبوں کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں اور کسی بھی شہری کو سندھی، پنجابی، بلوچی، کشمیری، گلگتی یا پختون ہونے کی بنیاد پر فرق نہیں دیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور میں پہلا سیف سٹی بنایا تھا اور اب پورے پنجاب میں سیف سٹی کا نظام نافذ ہے۔ موجودہ پی ایم ایل این حکومت عوام کے پیسے عوام پر خرچ کر رہی ہے اور پنجاب میں گڈ گورننس کا عملی مظاہرہ جاری ہے۔
ماضی میں جرائم، ریپ اور قتل کے واقعات عام تھے، لیکن الحمد للّٰہ اب جرائم کی شرح 100 سے کم ہو کر 30 فیصد تک آ چکی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بے گھر خاندانوں کے لیے 25 ہزار گھر بنائے جا چکے ہیں اور اگلے پانچ سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
مریم نواز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی افسر کی تقرری سفارش پر نہیں ہوتی بلکہ وی سی، سیکرٹری، ڈی سی اور کمشنرز کی سلیکشن پینل انٹرویوز کے بعد کی جاتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اختتام پر طلبہ کو حوصلہ دیا کہ وہ محنت اور علم کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔


