وفاقی محکموں میں ای آفس سسٹم سے 9.5 ارب روپے کی بچت، سرکاری کارروائی میں 84 فیصد کمی

اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی محکموں میں ای آفس سسٹم کے نفاذ سے حکومت کو سالانہ 9.5 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے جبکہ سمریوں کی پراسیسنگ کا وقت 25 دن سے کم ہو کر صرف 4 دن رہ گیا ہے، جس سے وقت میں مجموعی طور پر 84 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سرکاری دستاویز کے مطابق ای آفس سسٹم کے ذریعے کاغذ، پرنٹنگ، کوریئر اور افرادی قوت کے اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

ای آفس سسٹم کی توسیع پورے وفاقی سطح تک پھیل چکی ہے، جہاں 350 سے زائد سرکاری ادارے آن بورڈ ہیں، جبکہ 39 میں سے 35 ڈویژنوں میں مکمل نفاذ ہو چکا ہے۔

مزید برآں، اپاسٹیل اٹیسٹیشن سسٹم، جو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور ہیگ کنونشن سے مطابقت رکھتا ہے، اب تک 2 لاکھ 55 ہزار 835 شہریوں کو سہولت فراہم کر چکا ہے اور 6 لاکھ 33 ہزار 877 دستاویزات کی تصدیق کر چکا ہے۔

وفاقی حکام کے مطابق ای آفس سسٹم نہ صرف اخراجات میں کمی بلکہ سرکاری کارروائیوں میں شفافیت اور وقت کی بچت کے لیے بھی ایک اہم اقدام ثابت ہوا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *