ایبٹ آباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ، باپ نے تین بچوں کو زہر دے کر قتل کر دیا، والدہ زخمی
ایبٹ آباد(بولونیوز)تھانہ میرپور کی حدود کاغان کالونی میں افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر حالات سے تنگ ایک شخص نے اپنے تین معصوم بچوں کو زہر دے کر مار ڈالا۔ واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا اور شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق تینوں بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ملزم والد زندہ بچ گیا۔ واقعے میں بچوں کی والدہ بھی شدید زخمی ہوئیں، جنہیں سر پر گہری چوٹیں آنے کے بعد فوری طور پر ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ میاں بیوی دونوں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
اس سانحے کے بعد شہر بھر میں غم و غصے اور بے چینی کی فضا قائم ہے، جبکہ مختلف چہ مگوئیاں بھی گردش کر رہی ہیں۔ واقعہ غربت، گھریلو تنازع، ذہنی دباؤ یا کسی اور وجہ کا نتیجہ ہے؟ اس حوالے سے کئی سوالات نے جنم لے لیا ہے۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حقائق جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں اور اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔


