ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ، 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح کم ہو کر 3.75 فیصد کی سطح پر آ گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 17 اشیاء مہنگی ہوئی ہیں جبکہ 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق چکن فی کلو 40 روپے 34 پیسے مہنگا ہوا، انڈے فی درجن 10 روپے 31 پیسے مہنگے ہو گئے، اور جلانے کی لکڑی فی من 12 روپے 35 پیسے مہنگی ہوئی۔ اسی طرح دال مونگ فی کلو 1 روپے 17 پیسے مہنگی ہوئی جبکہ دہی، تازہ دودھ، مٹن اور خشک دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
دوسری جانب ٹماٹر فی کلو 9 روپے 1 پیسہ سستا ہوا، آلو فی کلو 5 روپے 08 پیسے کم ہوئے، اور چینی کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 09 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ڈیزل، دال مسور اور ایل پی جی سلنڈر بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں، جبکہ بریڈ، گندم کا آٹا اور کپڑوں سمیت 20 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔


