سندھ حکومت کے ترجمان سکھ دیو اسرداس ہمنائی کو سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر ای چالان موصول
کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت کے ترجمان سکھ دیو اسرداس ہمنائی کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر دس ہزار روپے کا ای چالان موصول ہوا ہے۔ چالان ڈرائیور کی جانب سے سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق یہ چالان 7 دسمبر کو کیا گیا تھا جبکہ انہیں 16 دسمبر کو باقاعدہ طور پر موصول ہوا۔ سکھ دیو اسرداس ہمنائی ای چالان ملنے کے بعد ٹریفک پولیس سہولت سینٹر پہنچ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ خلاف ورزی ڈرائیور کی جانب سے ہوئی تھی جس نے سیٹ بیلٹ استعمال نہیں کی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ “پہلا چالان معاف ہوتا ہے، اسی سہولت سے فائدہ اٹھایا ہے۔”
سکھ دیو ہمنائی نے گفتگو میں کہا کہ چاہے وزیر ہو یا مشیر، کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں، اور انہوں نے ڈرائیور کو واضح تنبیہہ کی کہ آئندہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “اگر میرا چالان ہوسکتا ہے تو سب کا ہوسکتا ہے، شہری ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور ای چالان سے بچیں۔”


