رہائشی پلاٹ کو کمرشل استعمال میں نہ لانے کے خلاف درخواست
کراچی(بولونیوز) رہائشی پلاٹ کو کمرشل استعمال میں تبدیل نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے سینئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان اتھارٹی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے رہائشی پلاٹس کی حیثیت میں تبدیلی سے متعلق تفصیلی رپورٹ 19 جنوری تک طلب کر لی۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے 2019 میں رہائشی پلاٹس کو کمرشل استعمال میں تبدیل کرنے کے خلاف واضح فیصلہ دیا تھا، جس کے بعد کسی بھی رہائشی پلاٹ کی منظوری تبدیل نہیں کی گئی۔
تاہم درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود شہر بھر میں درجنوں رہائشی پلاٹس کو کمرشل کیا گیا ہے، جو عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ناظم آباد کے علاقے میں ایک رہائشی پلاٹ کو کمرشل کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی، تاہم باقاعدہ قانونی کارروائی کے باوجود پلاٹ کی حیثیت تبدیل نہیں کی جا رہی۔
عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد سینئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان سے تحریری رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وضاحت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔


