پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی کا حافظ نعیم الرحمٰن کے بیان پر شدید ردعمل

کراچی(بولونیوز)پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے جماعت اسلامی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمٰن کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمٰن کا بیان اخلاقی دیوالیہ پن اور فکری افلاس کی بدترین مثال ہے۔

وقار مہدی نے کہا کہ بھٹو شہید پر لگائے جانے والے الزامات حافظ نعیم الرحمٰن کی تاریخ سے لاعلمی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حافظ نعیم الرحمٰن جھوٹ، دونمبری اور بھونڈے بیانات کے ذریعے اپنی ناکامی چھپا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پر بیہودہ الزام لگانا دراصل پاکستان کے آئین اور جمہوریت پر حملہ ہے۔ وقار مہدی کے مطابق حافظ نعیم الرحمٰن سیاسی یتیمی چھپانے کے لیے شہداء کی توہین کر رہے ہیں، جبکہ بھٹو شہید نے ملک اور قوم کے لیے اپنی جان قربان کی۔

سینیٹر وقار مہدی نے واضح کیا کہ جھوٹے بیانیے سے عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا، تاریخ سب یاد رکھتی ہے، اور عوام اصلی اور نقلی قیادت میں فرق بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھٹو شہید کی توہین برداشت نہیں کرے گی اور ہر محاذ پر جواب دیا جائے گا۔

مزید برآں، وقار مہدی نے جماعت اسلامی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت نے آمر ایوب خان، یحییٰ خان اور ضیاء الحق کی حمایت کی، ہر آمریت کو دوام بخشا اور سیاسی و مالی فوائد حاصل کیے۔ ان کے بقول جماعت اسلامی ہمیشہ گفتگو کے بجائے “الشمس” اور “البدر” کی شکل میں گولی پر یقین رکھتی ہے، جمہوریت میں یقین نہیں رکھتی اور عوام کو طاقت کا سرچشمہ سمجھتی ہے نہ تاریخ کے درست رخ میں کبھی رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *