Category: پاکستان

  • کراچی میں دل خراش واقعہ،سندھ اسمبلی کے ارکان آبدیدہ، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    کراچی(بولونیوز)تین سالہ ننھے ابراہیم کی المناک ہلاکت پر سندھ اسمبلی کے ارکان جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور اجلاس کے دوران آبدیدہ ہو گئے۔ ارکانِ اسمبلی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے کی موت نے پورے شہر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

    اجلاس میں مختلف ارکان نے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، غفلت برتنے والے افسران اور عملے کو نہ صرف نوکریوں سے برطرف کیا جائے بلکہ ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کیے جائیں۔

    ارکانِ اسمبلی کا کہنا تھا کہ چاہے کوئی شہری ڈکیتی کے دوران جان سے جائے یا کھلے مین ہول میں گر کر، اصل میں ہم سب اس کے ذمہ دار ہیں کیونکہ سڑکوں، نکاسی آب اور شہری انتظامیہ کے مسائل کی ذمہ داری ریاست اور عوامی نمائندوں پر عائد ہوتی ہے۔

    اجلاس کے دوران متعدد ارکان نے ننھے ابراہیم کی تصاویر اٹھا کر انصاف کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کراچی میں ایسے دل خراش واقعات معمول بن چکے ہیں، جنہیں روکنے کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات کیے جانے ضروری ہیں۔

  • میرانشاہ روڈ پر دہشت گردوں کا حملہ، اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید

    بنوں(بولونیوز)بنوں کے علاقے میرانشاہ روڈ پر فلور ملز کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کی گاڑی پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی اللہ سمیت 4 افراد شہید ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی اللہ میرانشاہ سے بنوں کی جانب آ رہے تھے۔ دہشت گردوں نے فائرنگ کے بعد گاڑی کو آگ بھی لگا دی۔ واقعے میں 2 پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر بنوں نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد زخمی پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے گاڑی کو گھیرے میں لے کر اندھا دھند فائرنگ کی۔

    سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ شہدا کی میتیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی جا رہی ہیں۔

  • استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدی پالیسی میں ممکنہ بڑی تبدیلی،اسکیمیں سخت کرنے پر غور

    اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد سے متعلق پالیسی میں اہم تبدیلیاں لانے پر غور شروع کردیا ہے۔ وزارت تجارت نے اس حوالے سے سمری تیار کر کے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھجوا دی ہے، جس پر ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں غور کیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدی پالیسی کا غلط استعمال روکنے کے لیے پالیسی میں ترمیم کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ تجویز میں پرسنل بیگیج اسکیم مکمل طور پر ختم کرنے اور گِفٹ اسکیم اور ٹرانسفر آف ریزیڈنس اسکیم کو سخت بنانے کا منصوبہ شامل ہے۔

    وزارت تجارت کی جانب سے ارسال کردہ سمری میں سفارش کی گئی ہے کہ ان دونوں اسکیموں کے تحت گاڑیوں کی درآمد میں پائے جانے والے بے ضابطگیوں اور غلط استعمال کو روکنے کے لیے سخت شرائط نافذ کی جائیں۔ اس مقصد کے لیے اضافی چیکس، دستاویزات کی تصدیق، اور اسکیموں کے دائرہ کار کو محدود کرنے جیسے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حتمی فیصلہ ای سی سی کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ دے گی، جس کے بعد ملک میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کا موجودہ طریقہ کار تبدیل ہوسکتا ہے۔

    حکومتی اقدامات کا مقصد غیر ضروری درآمدات کی حوصلہ شکنی، زرمبادلہ کے اخراج میں کمی اور ملک میں گاڑیوں کے غیر قانونی درآمدی چکر کو روکنا بتایا جارہا ہے۔

  • سربراہ مجلس وحدت مسلمین سینیٹرعلامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

    اسلام آباد(بولونیوز)مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ “اس وقت پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔” انہوں نے پارلیمانی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “یہ کیسی پارلیمنٹ ہے جس میں اپوزیشن لیڈر ہی موجود نہیں؟”

    سینیٹر راجہ ناصر عباس نے قانون سازی کے طریقہ کار پر بھی اعتراض اٹھایا اور کہا کہ “اچانک کوئی بل لا کر سر پر تھوپ دیا جاتا ہے، پارلیمنٹیرینز کو پہلے بل دیا جانا چاہئیے تاکہ اس پر کام کر سکیں۔” انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ تمام قانون سازیاں بغیر ہوم ورک، عجلت اور جلدبازی میں کی جا رہی ہیں۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے ملک کے پاپولر لیڈر عمران خان کی گرفتاری کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ “عمران خان جیل میں ہیں، ان سے ملاقات تک نہیں ہونے دی جا رہی۔”

    انہوں نے مزید کہا کہ “اپوزیشن کا پورے ملک میں سانس لینا بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔ ان کا گلا گھونٹا جا رہا ہے اور ان کے بنیادی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔”

    سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کو اس کی اصل روح کے مطابق چلایا جائے، اپوزیشن کو جائز اور قانونی کردار دیا جائے اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

  • پاکستانی برآمدات کو دھچکا؛ 5 ماہ میں تجارتی خسارہ 37 فیصد بڑھ گیا

    اسلام آباد(بولونیوز) ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں پاکستانی برآمدات میں نمایاں کمی جبکہ درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تجارتی خسارے میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر تجارتی خسارہ 37 فیصد یعنی 4 ارب 19 کروڑ ڈالر بڑھ گیا، جس کے بعد مجموعی تجارتی خسارہ 15 ارب 46 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

    برآمدات میں کمی

    ادارہ شماریات کے مطابق پہلے پانچ ماہ کے دوران ملکی برآمدات میں 87 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی،

    گزشتہ سال اس مدت میں برآمدات 13.72 ارب ڈالر تھیں

    جبکہ رواں سال یہ کم ہو کر 12.84 ارب ڈالر تک محدود رہ گئیں

    برآمدات میں مجموعی کمی 6.39 فیصد ریکارڈ کی گئی

    درآمدات میں اضافہ

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی تا نومبر کے دوران درآمدات میں 13.26 فیصد اضافہ ہوا ہے،
    جس کے بعد درآمدات کا حجم بڑھ کر 28.31 ارب ڈالر ہوگیا۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق مسلسل گرنے والی برآمدات اور بڑھتی ہوئی درآمدات ملکی معیشت کے لیے تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتی ہیں، جبکہ آنے والے مہینوں میں تجارتی پالیسیوں پر مزید دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔

  • سوشل میڈیا پر فیک نیوز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اعلان

    اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی فیک نیوز کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر 90 فیصد خبریں جعلی ہوتی ہیں اور اب اس بے لگام صورتحال کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل میڈیا پر غلط خبر نشر ہونے پر پیمرا کارروائی کرتا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بغیر کسی تصدیق کے تصاویر اور خبریں پوسٹ کی جاتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب یہ ممکن نہیں کہ کوئی بھی شخص اپنی مرضی کی خبر لگا دے۔ انہوں نے کہا کہ: “فیک نیوز پھیلانے والے صحافی نہیں ہوتے۔” “آزادی اظہار رائے اپنی جگہ، مگر جھوٹی خبریں پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔” “سوشل میڈیا پر غلط خبر لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔” وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بعض لوگ بیرون ملک بیٹھ کر ملکی اداروں سے متعلق بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں، لیکن ایسے افراد کو بھی جلد پاکستان واپس لا کر قانون کے سامنے جوابدہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پر نہ سیاست ہوگی اور نہ ہی کسی قسم کا سمجھوتہ کیا جائے گا، جبکہ سوشل میڈیا پر کسی کی تذلیل یا کردار کشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ محسن نقوی نے خبردار کیا کہ بیرون ملک بیٹھ کر جھوٹی پروپیگنڈہ مہم چلانے والے بھی جلد قانونی کارروائی کا سامنا کریں گے اور اپنے بیانات کا جواب دینا ہوگا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کم عمر طلبہ کی گرفتاری روکنے کا حکم

    لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کو گرفتار کرنے اور انہیں ہتھکڑیاں لگانے کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اس عمل سے روکنے کا حکم دے دیا۔

    وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں 16 سال کی عمر کے بچوں کو اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام، خصوصاً طلبہ میں شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی ہفتۂ آگاہی منانے کا اعلان کیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہیلمٹ نہ پہننے کی پہلی خلاف ورزی پر صرف وارننگ چالان جاری ہوگا، جبکہ ٹریفک کی مؤثر نگرانی کے لیے پہلی بار ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال بھی شروع کیا جارہا ہے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ

    کم عمر بچوں سے زیادہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کے بارے میں بچوں کی رہنمائی کریں۔

    ٹریفک قوانین عوام کی جان بچانے کے لیے بنائے گئے ہیں، اس لیے ہر شہری کو اپنی حفاظت کے لیے اپنی عادتیں بدلنا ہوں گی۔

    ’’معصوم بچوں کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے، مگر قانون کی پاسداری ضروری ہے۔‘‘

    ’’بچوں کی غلطی نہیں، ہم نے انہیں ہیلمٹ پہننے کی عادت ہی نہیں ڈالی۔‘‘ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ کی اہمیت سے آگاہ کریں۔

    مریم نواز شریف نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ عوام، بالخصوص طلبہ سے عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں، جبکہ بداخلاقی اور بدتمیزی سے مکمل طور پر گریز کیا جائے۔

    بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2445 پولیس گاڑیاں بھی قانون کی زد میں آچکی ہیں، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

  • پاک بحریہ کی سری لنکا میں امدادی سرگرمیاں تیسرے روز بھی جاری

    اسلام آباد(بولونیوز)پاک بحریہ کی جانب سے سری لنکا میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے شروع کیا گیا ریسکیو مشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔ پاک بحریہ کے جہاز پر موجود ہیلی کاپٹر نے امدادی کارروائی کے دوران پانچ دن سے پھنسے ایک خاندان کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ متاثرہ خاندان میں 7 ماہ کا بچہ بھی شامل تھا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مقامی انتظامیہ کے تعاون سے اونچے اور تیز سیلابی پانی میں گھرے شہریوں کو ان کی چھتوں سے نکال کر ریسکیو کیا گیا۔ پاک بحریہ کا جہاز سیف سری لنکا میں تعیناتی کے دوران سیلاب متاثرین کے لیے امدادی و ریسکیو آپریشن سرانجام دے رہا ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کی یہ انسانی ہمدردی پر مبنی سرگرمیاں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گہری دوستی، علاقائی تعاون اور یکجہتی کے عزم کی عکاس ہیں۔

  • اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری قتل، مشتعل عوام نے پکڑے گئے ڈاکو کو زندہ جلا دیا

    کراچی(بولونیوز)اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں مشتعل عوام نے موقع سے پکڑے گئے ڈاکو کو شدید تشدد کے بعد پول سے باندھ کر آگ لگا دی۔

    سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل افراد نے ڈاکو کو پول کے ساتھ باندھا ہوا ہے، جبکہ آگ لگنے کے بعد وہ خود کو کھولنے کی کوشش کرتا رہا۔ ویڈیو میں ڈاکو کو جلنے کے بعد اپنی قمیض اتارتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مٹی ڈال کر آگ بجھاتے ہوئے ڈاکو کو بچانے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق شدید جھلس جانے کے باعث زخمی ڈاکو کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

  • پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں سالانہ 3.47 ارب ڈالر سے زائد اضافہ

    اسلام آباد/کراچی(بولونیوز)ایک سال کے دوران ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 3 ارب 47 کروڑ 65 لاکھ ڈالر سے زائد کا قابلِِِِِِِِ قدر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ State Bank of Pakistan (اسٹیٹ بینک) کے ذخائر اس عرصے میں 2 ارب 52 کروڑ 28 لاکھ ڈالر سے بڑھ گئے، جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 95 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

    موجودہ اعداد کے مطابق مجموعی زرمبادلہ ذخائر 19 ارب 60 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جن میں سے اسٹیٹ بینک کے حصے کا ذخیرہ تقریباً 14 ارب 56 کروڑ 7 لاکھ ڈالر ہے اور کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 4 کروڑ 43 لاکھ ڈالر موجود ہیں۔

    موازنہ کے لیے، ایک سال قبل کل ذخائر تقریباً 16 ارب 12 کروڑ 85 لاکھ ڈالر تھے، جن میں اسٹیٹ بینک کے حصے میں 12 ارب 3 کروڑ 79 لاکھ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس 4 ارب 9 کروڑ 6 لاکھ ڈالر تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے بین الاقوامی مالیاتی ادارے International Monetary Fund (IMF) کی جانب سے منظور ہونے والے فنڈز کے اجرا سے زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافے کا امکان ہے۔