Category: پاکستان

  • ایس بی سی اے ٹیم پر حملہ 4 افراد زخمی حالت میں نجی اسپتال منتقل

    کراچی(بولونیوز)ایڈمن سوسائٹی 400 گزمکان نمبر بی 190.بلاک نمبر 3 سندھ ھائی کورٹ کے آڈر پر 2022 میں 3rd فلور ڈیمولیشنگ کیا گیا تھا اب تیسرا اور چوتھا مالہ تعمیرات جاری تھی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی ڈیمولیشن ٹیم پر کارروائی کے دوران مشتعل افراد نے حملہ کردیا حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض سمیت چار اہلکار زخمی ہوگئے

    ایس بی سی اے حکام کے مطابق زخمیوں کو شدید حالت میں فوری طور پر قریب واقع ایک نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس کی نفری طلب کرلی گئی جبکہ مشتعل افراد کی مزاحمت کے باعث ایس بی سی اے کی ٹیم کو موقع پر کام سے روک دیا گیا حکام کے مطابق مزید نفری کے ہمراہ دوبارہ کارروائی کی جائے گی

  • جسٹس طارق جہانگیری ڈگری کیس میں کراچی یونیورسٹی سے ریکارڈ طلب کر لیا

    اسلام آباد(بولونیوز) ہائی کورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری سے متعلق کیس میں کراچی یونیورسٹی سے متعلقہ تعلیمی ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے یہ حکم بذریعہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ریکارڈ منگوانے کے لیے جاری کیا۔

    سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ “ہم میرٹس پر جائے بغیر فی الحال صرف ایچ ای سی سے ریکارڈ طلب کر رہے ہیں”۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ کراچی یونیورسٹی، ایچ ای سی کے ذریعے جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری سے متعلق تمام تفصیلات اور تصدیقی ریکارڈ عدالت میں جمع کرائے۔

  • ترکی کے وزیرِ توانائی کی جی ایچ کیو آمد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات

    اسلام آباد(بولونیوز) جمہوریہ ترکی کے توانائی اور قدرتی وسائل کے وزیر الپرسلان بیرکتار نے آج جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر NI (M)، HJ سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے، دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور تزویراتی شراکت داری کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس موقع پر دونوں جانب سے علاقائی استحکام اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے باہمی تعاون مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    چیف آف آرمی اسٹاف نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے مختلف عالمی فورمز پر ترکی کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ ترک وزیر الپرسلان بیرکتار نے توانائی کے شعبے میں مزید گہرے تعاون کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

  • سابق چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان ڈینگی میں مبتلا، اسپتال منتقل

    کراچی(بولونیوز)سابق چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی اور معروف عالمِ دین مفتی منیب الرحمان ڈینگی میں مبتلا ہو گئے۔ طبیعت ناساز ہونے پر انہیں کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

    اہلِ خانہ نے عوام سے مفتی منیب الرحمان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

    واضح رہے کہ ڈینگی وائرس مخصوص مچھر کے ذریعے پھیلتا ہے، جبکہ اس کا لاروا صاف اور کھڑے پانی میں تیزی سے افزائش پاتا ہے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاروا کی افزائش ختم کرنا اور بروقت احتیاطی اقدامات ضروری ہیں۔

    دنیا بھر میں ڈینگی وائرس کی چار اقسام پائی جاتی ہیں اور ہر سال 50 سے 100 ملین افراد اس کا شکار بنتے ہیں۔ این آئی ایچ کے مطابق ڈینگی کے مریضوں میں بخار، گلے کی خرابی، سر اور جسم درد، اور قے جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں، جبکہ پیچیدگی کی صورت میں شرح اموات میں اضافہ بھی ممکن ہے۔

    ماہرین کے مطابق ڈینگی کی بروقت تشخیص اور مناسب علاج مریض کو پیچیدگیوں سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، جبکہ مریض کو الگ رکھ کر وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔

  • نادرانےشناختی نظام میں ریگولیٹری اصلاحات کا اجراء کر دیا

    اسلام آباد(بولونیوز)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرہ) نے شناختی نظام میں اہم ریگولیٹری اصلاحات کا اجراء کردیا، نادرا کے ترجمان کے مطابق یہ اصلاحات نادرا اتھارٹی بورڈ کی منظوری کے بعد گزٹ آف پاکستان میں شائع کی گئیں۔

    نادرا اتھارٹی بورڈ کی منظوری کے بعد یہ اصلاحات گزٹ آف پاکستان میں شائع کی گئیں۔ نئی ریگولیشنز میں شناختی دستاویزات کی تصدیق کے لیے ریکارڈ کے جائزے کا باقاعدہ طریقہ کار شامل کیا گیا ہے۔تحقیقات، سماعت اور حتمی فیصلوں کے لیے خصوصی ویریفکیشن بورڈز قائم کر دیے گئے ہیں۔ شناختی کارڈ کے ضوابط میں اہم اصطلاحات کی مزید وضاحت بھی شامل ہے۔

  • موٹروے ایم ون شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند

    لاہور(بولونیوز)موٹروے ایم ون کو شدید دھند اور حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جب کہ ٹریفک کو متبادل راستے جی ٹی روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق چارسدہ اور رشکئی انٹرچینج پر گاڑیوں کا موٹروے میں داخلہ روک دیا گیا ہے، جبکہ پشاور ٹول پلازہ سے بھی کسی گاڑی کو ایم ون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

    موٹروے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، رفتار کم رکھیں اور فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں۔ شدید دھند کے دوران حادثات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

  • سالوں سے کھدا یونیورسٹی روڈ حادثات اور اموات کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، ترجمان ایم کیو ایم

    کراچی(بولونیوز)مین ہول میں گر کر کمسن بچے کی ہلاکت کے دردناک واقعے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق سالوں سے کھدا ہوا یونیورسٹی روڈ حادثات اور اموات کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، جو صوبائی حکومت اور نام نہاد مقامی انتظامیہ کی سنگین بے حسی کا واضح ثبوت ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ سندھ حکومت واقعے کی شفاف تحقیقات کرے اور متاثرہ خاندان کی داد رسی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی محض بیانات اور ڈھنڈورا پیٹنے میں مصروف رہتی ہے، جبکہ عملی کارکردگی صفر ہے۔

    ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق 9 ٹاؤنز میں اپنے چیئرمینز ہونے کے باوجود جماعت اسلامی ذمہ داری لینے سے گریزاں ہے، اور بلیم گیم کرنا ان کی منافقت کو بے نقاب کرتا ہے۔

  • ڈالر کی قیمت میں کمی، اسٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان

    لاہور(بولونیوز)انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈالر ایک پیسہ سستا ہو کر 280 روپے 50 پیسے کی سطح پر ٹریڈ ہوتا رہا۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق کرنسی ٹریڈنگ کا آغاز آج محتاط انداز میں ہوا جبکہ مارکیٹ میں طلب و رسد معمول کے مطابق رہی۔

    دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیاں مثبت رہیں، جہاں بینچ مارک 100 انڈیکس میں 400 پوائنٹس تک اضافہ ریکارڈ ہوا۔ تجارت کے دوران انڈیکس 1 لاکھ 68 ہزار 462 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا، جبکہ سرمایہ کاروں کا رجحان مستحکم اور خریداری کا رحجان نمایاں طور پر بڑھتا دکھائی دیا۔

    مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی اقدامات اور بہتر مالیاتی اشاریوں نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری سامنے آئی۔

  • پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا جعلی نوٹیفکیشن مسترد کردیا

    لاہور(بولونیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ایک جعلی نوٹیفکیشن کی وضاحت جاری کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن تیزی سے گردش کر رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی اے نے مبینہ طور پر مختلف سوشل میڈیا گروپس کے منتظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گروپس سے غیر ملکی ممبران کو ہٹا دیں۔

    پی ٹی اے نے اس نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اتھارٹی نے ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔ بیان میں کہا گیا کہ اس قسم کی اطلاعات حقائق کے منافی ہیں اور عوام الناس کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔

    پی ٹی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور مستند اور درست معلومات کے لیے صرف پی ٹی اے کے آفیشل پلیٹ فارمز پر اعتماد کریں۔

  • ای-چالان سسٹم کے تحت کراچی آنے والی انٹر سٹی بسوں کیلئے ایک اور مشکل

    کراچی(بولونیوز)انٹر سٹی بسوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ای ٹکٹ کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شہر میں آنے والی بین الاضلاعی بسوں کے آپریٹرز کیلئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی ہے۔

    ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق وہ تمام انٹرسٹی بسیں جو سہراب گوٹھ بس ٹرمینل یا کراچی بس ٹرمینل کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے براہ راست شہر کے اندر داخل ہوتی ہیں، ان کے خلاف ای چالان جاری کیا جا رہا ہے۔ ٹریفک پولیس نے واضح کیا کہ مقررہ روٹس اور ٹرمینلز کے برعکس شہر میں داخل ہونا قانون کی خلاف ورزی ہے، جس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

    حکام کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف نہ صرف ای ٹکٹ جاری کیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ مسلسل خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور ڈرائیورز کے خلاف اضافی سزائیں اور جرمانے بھی لاگو کیے جائیں گے۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ قواعد پر عمل درآمد شہری ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے اور کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔