Category: پاکستان

  • چالان کے بعد دل کا دورہ، موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    لاہور(بولونیوز) ایک افسوسناک واقعے میں موٹر سائیکل سوار مبینہ طور پر 2 ہزار روپے کا چالان دیکھ کر دل کا دورہ پڑنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ واقعے نے عوام میں شدید غم و غصے کے ساتھ ساتھ قانون پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہمدردی کے پہلو کو نظرانداز کرنے پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق متوفی مزدور پیشہ شخص کی روزانہ کی دیہاڑی تقریباً 800 روپے تھی۔ چالان کے وقت اس نے پولیس اہلکار سے شکوہ کرتے ہوئے کہا:
    “جناب میری دن بھر کی دیہاڑی 800 روپے ہے، آپ نے ایک لمحے میں 2000 روپے کا چالان کر دیا… اب بچوں کے لیے کیا لے جاؤں گا؟”
    یہ الفاظ ادا کرنے کے فوراً بعد اسے شدید تکلیف ہوئی اور وہ گر کر بے ہوش ہوگیا۔ اسپتال منتقل کرنے سے قبل ہی وہ دم توڑ چکا تھا۔

    مقامی شہریوں نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون اپنی جگہ ضروری ہے لیکن چالان کرتے وقت شہریوں کی معاشی حالت، ہمدردی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق سخت جرمانے غریب شہریوں کی زندگیوں پر براہِ راست اثر ڈالتے ہیں۔

    عوامی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے چالان کے نظام میں بہتری، جرمانوں میں نرمی اور عوام دوست پالیسیوں کو فروغ دیا جائے تاکہ قانون کے ساتھ ساتھ انسانیت کا تقاضا بھی پورا ہو سکے۔

  • بی آئی ایس پی نے مستحقین کے بااختیار بنانے کے لیے ’بینظیر ہنرمند پروگرام‘ کا آغاز کر دیا

    اسلام آباد(بولونیوز)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحقین اور ان کے اہلِ خانہ کو ہنر مند بنا کر معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ’بینظیر ہنرمند پروگرام‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد غریب اور نادار افراد کو ہنر سکھا کر باعزت روزگار کے قابل بنانا ہے۔

    حکام کے مطابق پروگرام کے تحت مستحق افراد کو مفت تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت، ماہانہ وظیفہ، گریجویشن بونس، سرٹیفکیٹ اور ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ تربیتی پروگراموں میں آئی ٹی، ہیلتھ، ہوٹل مینجمنٹ، کنسٹرکشن، بیوٹی سروسز، فیشن اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف کورسز شامل ہیں، جن کی مدت 3 سے 6 ماہ رکھی گئی ہے۔

    پروگرام میں شمولیت کی شرائط

    بی آئی ایس پی کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق:

    صرف بی آئی ایس پی کی ڈائنامک رجسٹری میں شامل مستحقین یا ان کے اہلِ خانہ پروگرام میں داخلے کے اہل ہیں۔

    داخلے کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک مقرر کی گئی ہے۔

    درخواست دہندگان کی عمر کی حد 18 سے 40 سال رکھی گئی ہے۔

    ویب پورٹل (hunarmand.bisp.gov.pk) صرف رجسٹریشن کے لیے ہے، رجسٹریشن کے بعد درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی انتخاب ہوگا۔

    ایک گھرانے سے صرف ایک فرد کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پروگرام کا مقصد غربت میں کمی لانا، روزگار کے مواقع بڑھانا اور نوجوانوں کو معاشی طور پر خود مختار بنانا ہے۔

  • 2025 کا آخری سپر مون آج رات سپارکو’کولڈ مون‘ پاکستان میں واضح طور پر دیکھا جاسکے گا

    کراچی(بولونیوز) پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اعلان کیا ہے کہ سال 2025 کا آخری سپر مون، جو دسمبر کے لیے ’کولڈ مون‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، آج 4 اور 5 دسمبر کی درمیانی شب پاکستان سمیت دنیا کے کئی حصوں میں واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔

    سپارکو کے مطابق یہ دسمبر کا کولڈ مون سال کا تیسرا مسلسل سپر مون ہے، جو 5 دسمبر کی صبح 4 بج کر 15 منٹ پر اپنی 99.8 فیصد روشن حالت میں عروج پر ہوگا۔

    محکمے کے مطابق پاکستان میں چاند 4 دسمبر کو شام 4 بج کر 58 منٹ پر 99.2 فیصد روشن حالت میں طلوع ہوگا، جبکہ 4 اور 5 دسمبر کی رات چاند اور زمین کے درمیان فاصلہ 357,218 کلومیٹر ریکارڈ کیا جائے گا۔

    سپارکو کا کہنا ہے کہ سپر مون کے دوران چاند اپنی معمول کی نسبت تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے، اس لیے شہری اسے肉 آنکھ سے باآسانی دیکھ سکیں گے۔

    واضح رہے کہ سپر مون سال میں عموماً تین سے چار مرتبہ رونما ہوتا ہے۔

  • راولپنڈی راجہ بازار مشہور برینڈ مشتاق کلاتھ ہاؤس کی دو نمبریاں عروج پر

    راولپنڈی(بولونیوز)معروف مشتاق کلاتھ ہاؤس، راجہ بازار میں کسٹمرز کے ساتھ نہایت افسوسناک فراڈ کیا جا رہا ہے۔نوید نامی کسٹمر سے بل کی ادائیگی ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے وصول کر لی گئی۔بعد ازاں دکان کے سیکیورٹی گارڈ کو بلا کر یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ
    “ہم نے واضح طور پر لکھ کر لگایا ہے کہ ہمارے پاس ڈیبٹ کارڈ کی سہولت موجود نہیں”۔

    اسی بہانے کسٹمر کا ATM کارڈ لے کر اپنی مشین پر سویپ کیا گیا اور اس سے 2,500 روپے کارڈ سے بھی کاٹے گئے جبکہ نقد بل بھی وصول کر لیا۔یعنی کسٹمر سے ڈبل پیمنٹ لے کر کھلا دھوکا کیا گیا!

    راولپنڈی انتظامیہ، پولیس حکام، اور تاجر برادری راجہ بازار اس نوسربازی کا فوری نوٹس لے۔
    مشتاق کلاتھ ہاؤس کو سخت وارننگ دی جائے تاکہ دوبارہ کسی شہری کے ساتھ ایسا فراڈ نہ ہو۔

  • گیس پائپ لائن بند ہونے سے محلہ امام بارگاہ اور گلی افضل بھٹی کے رہائشی شدید مشکلات کا شکار

    شکرگڑھ(بولونیوز)شہر کے مصروف اور گنجان آباد محلہ امام بارگاہ اور اس سے ملحقہ گلی افضل بھٹی میں گیس پائپ لائن بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق گیس کے بھاری بل ادا کرنے کے باوجود گھروں میں لگے کنکشن صرف ہوا فراہم کر رہے ہیں، جب کہ رات گئے کچھ دیر کے لیے گیس دستیاب ہوتی ہے، بصورتِ دیگر سارا دن سپلائی مکمل طور پر بند رہتی ہے۔

    گلی کے رہائشیوں نے شکرگڑھ میڈیا سروس سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ گیس پائپ لائن میں سیوریج کا پانی داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث گیس کی ترسیل بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ گیس کی عدم فراہمی کے باعث گھریلو زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، کھانا پکانا تک ناممکن ہو چکا ہے۔

    متاثرہ گلی کے مکینوں نے بتایا کہ چار سے پانچ سو گھروں پر مشتمل اس علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ رہائشیوں نے ممبر قومی اسمبلی انوارالحق چوہدری اور متعلقہ گیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے نئی گیس پائپ لائن بچھانے کے اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • بغدادی مسجد کی زمین پر مبینہ قبضہ، شہریوں کا وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    شکرگڑھ(بولونیوز)اخلاص پور روڈ پر واقع تاریخی بغدادی مسجد مبینہ طور پر قبضہ مافیا کا نشانہ بن گئی ہے۔ شہریوں کے مطابق مسجد کے لیے 1900ء میں 17 مرلے زمین وقف کی گئی تھی، تاہم مبینہ طور پر قبضہ مافیا نے مسجد کی حدود کم کرکے اسے صرف 10 مرلے تک محدود کر دیا ہے، جبکہ باقی جگہ پر دکانیں تعمیر کر دی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مسجد کی انتظامیہ نے اپنے مؤقف کے ثبوت کے طور پر مسجد کے کاغذات کمشنر گوجرانوالہ اور اسسٹنٹ کمشنر شکرگڑھ کے دفاتر میں جمع کرا رکھے ہیں، جبکہ دکانداروں نے بھی اپنے طور پر جگہ سے متعلق مختلف دعوے کیے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر دکانیں واقعی مسجد کی ملکیتی زمین پر قائم کی گئی ہیں تو اعلیٰ حکام کو بغیر تاخیر کارروائی کرتے ہوئے مسجد کی زمین واپس دلوانی چاہیے اور اسے اس کی اصل حالت میں بحال کرنا چاہیے۔

    علاقہ مکینوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغدادی مسجد کی اصل حدود بحال کی جائیں اور اسے ضرورت کے مطابق وسعت دی جائے تاکہ نمازیوں کو سہولت میسر آ سکے۔

  • بوسیدہ واٹر سپلائی پائپ لائنوں سے زنگ آلود پانی کی فراہمی، نئےپائپ بچھانے کی اپیل

    شکرگڑھ(بولونیوز)محلہ امام بارگاہ اور گلی افضل بھٹی میں واٹر سپلائی کے بوسیدہ پائپ لائنوں کے باعث گھروں میں زنگ آلود اور بدبودار پانی کی فراہمی معمول بن گئی ہے۔ شہریوں کے مطابق پانی اس قدر آلودہ ہے کہ اسے پینے تو دور، برتن دھونے، نہانے یا گھریلو استعمال کے لیے بھی موزوں نہیں سمجھا جاتا۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پرانے اور بوسیدہ پائپوں میں گندے پانی کی آمیزش ہو جاتی ہے جس کے باعث پانی انتہائی مضر صحت ہو چکا ہے۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس آلودہ پانی کو اگر “زہر آلود” کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

    رہائشیوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محلہ امام بارگاہ اور گلی افضل بھٹی میں فوری طور پر نئی واٹر سپلائی لائنیں ڈالی جائیں تاکہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے اور انہیں درپیش سنگین مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے۔

  • وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پی آئی اے کی نجکاری کے خواہشمند کاروباری شخصیات کی ملاقات

    اسلام آباد(بولونیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری میں دلچسپی رکھنے والی تمام کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی ایئرلائن کی نجکاری کے جاری عمل اور اس کے مستقبل سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیرِ اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا کھویا ہوا تشخص بحال کرنا، ادارے کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کرنا اور اسے عالمی معیار کی ایئرلائن بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کا عمل شفاف اور سہل انداز میں جاری ہے۔

    وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے سیاحتی شعبے کی ترقی کے لیے قومی ایئرلائن کو جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنا انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا:

    “امید ہے کہ آپ میں سے جو بھی بِڈنگ کے بعد اس اہم ذمہ داری کو سنبھالے گا، وہ پی آئی اے کے تشخص کی بحالی اور اس کی ترقی کے لیے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کرے گا۔”

    ملاقات میں نجکاری کے تکنیکی اور آپریشنل پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وزیرِ اعظم نے سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

  • تھانہ ڈیفنس پولیس کا فیز 7 ایکسٹینشن میں مقابلہ، “کرولا گینگ” کے 5 ملزمان گرفتار

    کراچی(بولونیوز) ڈیفنس تھانے کی حدود فیز 7 ایکسٹینشن میں شوکت خانم اسپتال کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں نے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھ کر کارروائی کی، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔

    پولیس کی فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے جبکہ 2 ملزمان کو بغیر کسی فائرنگ کے گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق زخمی گرفتار ملزمان کی شناخت علی اصغر ولد محمد شفیق، واجد ولد حبیب اور محمد شبیر ولد سکندر علی کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ بلا ضرب گرفتار کیے گئے ملزمان میں ماجد سلطان ولد وحید بخش اور ابراہیم ولد حنیف شامل ہیں۔

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے سفید رنگ کی کرولا گاڑی، چار موبائل فونز، ایک لیپ ٹاپ، اور تین پستول برآمد کیے گئے، جن میں ایک 9 ایم ایم پستول بمعہ زندہ راؤنڈ اور دو 30 بور پستول بمعہ پانچ زندہ راؤنڈ لوڈ میگزین شامل ہیں۔

    ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار افراد متعدد وارداتوں میں ملوث اور مختلف مقدمات میں مفرور تھے۔ مزید یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزمان کا تعلق بدنام زمانہ “کرولا گینگ” سے ہے، جبکہ پولیس ان کے سابقہ کریمنل ریکارڈ کی تفصیلات بھی چیک کر رہی ہے۔

    زخمی ملزمان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • کورنگی میں ہونیوالی غیرقانونی تعمیرات،ادارہ ترقیات کا ایکشن

    کراچی(بولونیوز)ادارہ ترقیات کراچی کے شعبہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے عملے نے کمرشل پلاٹ نمبر ایس اے 1 ایس ٹی 1/1 سیکٹر 48-B کورنگی میں غیرقانونی تعمیرات کےخلاف ڈائریکٹراسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے ڈی اے محمد معراج کی نگرانی میں آپریشن کیا، آپریشن کےدوران شرپسند عناصرکی جانب سے مزاحمت بھی سامنے آئی،تاہم کارروائی بلاتعطل جاری رہی۔ڈائریکٹرجنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قابضین اور تجاوزات مافیا کے خلاف بھرپور قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رہیں گی ۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی صورت کے ڈی اے کی اراضیوں پر غیر قانونی قبضے یا تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے کہا کہ کورنگی سمیت شہر بھر کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے انہدامی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامع منصوبہ بندی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مضبوط تعاون کے ذریعے کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں جاری آپریشنز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے مطابق چند شرپسند عناصر ادارے کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ ادارہ ترقیات کراچی گزشتہ کئی برسوں سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کامیاب کارروائیاں کررہا ہے۔ مختلف علاقوں میں کھیلوں کے میدانوں اور تفریحی پارکس پر قائم تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرکے انہیں عوام کے لیے بحال کیا گیا، جب کہ ہزاروں ایکڑ اراضی واگزار کروا کر مستقل نگرانی کا نظام بھی نافذ کیا گیا ہے۔
    ادارہ ترقیات کراچی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تعاون اور ریاستی اداروں کی مدد سے شہر کو تجاوزات سے پاک رکھنے کا مشن جاری رہے گا۔