Category: پاکستان

  • کراچی میں 4 گھنٹے کے دوران ہیوی ٹریفک نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا

    کراچی(بولونیوز)شہر قائد میں چار گھنٹے کے دوران ہیوی ٹریفک نے دو موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا اور ڈرائیور فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث چار گھنٹوں کے اندر دو موٹرسائیکل سوار حادثات کا شکار ہو گئے۔کشمیر روڈ پر ایک پرائیویٹ ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گیا جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹینکر سمیت فرار ہو گیا۔

    اسی دوران سائٹ ایریا میں پل پر ایک ٹریلر کی ٹکر سے بھی موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوا اور حادثے کے بعد ٹریلر کا ڈرائیور بھی فرار ہو گیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں حادثات کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔

    حکام نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

  • ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی

    کراچی(بولونیوز)لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آگ لگ گئی، ابتدائی طور پر آگ کپڑے کی فیکٹری میں لگی ہے۔

    کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں زون میں گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگ گئی ہے جس کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، اس وقت فائر بریگیڈ کی 11 گاڑیاں اور 2 اسنار کل آگ بجھانے میں مصروف ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ فیکٹری کے برابر میں گودام اور دوسری فیکٹری میں بھی آگ لگنےکا خدشہ ہے، متاثرہ فیکٹری کے برابر گودام میں کیمیکل موجود ہے۔

    اس کے علاقہ فیکٹری مالک کی جانب سے ریسکیو اداروں سے رابطے کی کوشش جاری ہے، فیکٹری مالک کے مطابق اگر آگ پر فوری قابو نہ پایا گیا تو بڑا نقصان ہوسکتا ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے جس سے فیکٹری کی دیواریں گرنے لگیں، فائر بریگیڈ کی 12 سے زائد گاڑیاں اور اسنار کل آگ بجھانے میں مصروف ہے، اطراف کی فیکٹریوں میں موجود فائر ٹیموں کو بھی طلب کر لیا گیا۔

  • امریکا میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے پر افغان شہری جان شاہ صفی گرفتار

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکا میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے پر ایک افغان شہری جان شاہ صفی گرفتار ہو گیا۔

    امریکا کے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے کہا ہے کہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) نے داعش خراسان سے تعلق رکھنے والے افغان شہری جان شاہ صفی کو گرفتار کر لیا ہے۔

    افغان شہری سابق صدر جو بائیڈن کے ’اتحادیوں کو خوش آمدید‘ کہنے کے پروگرام کے تحت امریکا میں داخل ہوا تھا، معلوم ہوا کہ اس نے عراق و شام کی اسلامی ریاست (خراسان شاخ ISIS-K) کی معاونت کی تھی، اور اس نے اپنے والد کو بھی ہتھیار فراہم کیے تھے جو افغانستان میں ایک ملیشیا گروہ کے کمانڈر ہیں۔

  • پیپلز پارٹی کے ووٹرز لینڈ مافیا کے رحم و کرم پر، 16 ایکڑ زمین پر قبضے کیخلاف خاتون سراپا احتجاج

    نواب شاہ(بولونیوز)نواحی علاقے کرنل موڑ کی رہائشی مسمات سارا بروہی نے اپنی 16 ایکڑ زمین پر قبضے کے خلاف حکام بالا سے مدد کی اپیل کر دی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے پرانے ووٹر ہیں لیکن ماسٹر غلام نبی بروہی نامی شخص پارٹی کا نام استعمال کر کے ہماری زمین پر قابض ہے اور وہاں سافکو کی مدد سے تعمیرات کروا رہا ہے۔

    خاتون نے کہا کہ عدالتی ڈگری ہمارے پاس ہے مگر ملزم غنڈہ گردی پر اتر آیا ہے اور قرآن پاک لے کر جانے کے باوجود قبضہ چھوڑنے کو تیار نہیں۔

    انہوں نے بی بی آصفہ بھٹو، فریال تالپور اور مقامی انتظامیہ سے اپیل کی کہ پارٹی کو بدنام کرنے والے عناصر کا محاسبہ کیا جائے اور بیوہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔

  • پنجاب پولیس کی شاندار روایت برقرار،متعدد مرد، خواتین اور بچوں کی بازیابی

    لاہور(بولونیوز) پنجاب پولیس کی گمشدہ افراد کو اُن کے اہلِ خانہ سے ملوانے کی روایت جاری ہے۔ لاہور صدر انویسٹی گیشن پولیس نے رواں ماہ کے دوران 28 مرد، 33 خواتین اور 15 بچوں کو بازیاب کرا کر ان کے گھروں تک پہنچایا، جبکہ رواں سال مجموعی طور پر 432 مرد، 822 خواتین اور 112 بچوں کو محفوظ طریقے سے بازیاب کروایا جا چکا ہے۔

    سندر انویسٹی گیشن پولیس کی بڑی کامیابی

    ایس پی انویسٹی گیشن صدر کی زیر نگرانی انچارج سندر اور ان کی ٹیم نے مقدمہ نمبر 4035/25 بجرم 363 تھانہ سندر میں لاپتہ ہونے والے مغوی کو جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت استعمال کرتے ہوئے بحفاظت بازیاب کر لیا۔

    مغوی کی بحفاظت بازیابی پر والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات اور دعائیں دیں۔

    پولیس کی حوصلہ افزائی

    سندر انویسٹی گیشن ٹیم کی اعلیٰ کارکردگی پر ایس پی انویسٹی گیشن صدر میاں معظم علی نے انچارج سندر اور پوری ٹیم کو شاباش دی۔

    ایس پی میاں معظم علی کا کہنا تھا:

    “عوام الناس کی حفاظت اور مدد کے لیے پنجاب پولیس ہر لمحہ تیار ہے۔”

    پولیس کی بروقت کارروائیوں سے شہریوں کا اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

  • بچوں کی جبری مشقت کے خاتمے کے لیے بڑا قدم،15 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی

    لاہور(بولونیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے سے بچوں کی جبری مشقت کے مکمل خاتمے کے لیے اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے 15 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو کمیٹی کی چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا اسٹیئرنگ کمیٹی کے شریک چیئرمین ہوں گے۔

    کمیٹی کے اہم ارکان

    کمیٹی میں صوبائی وزرا شامل ہیں:

    اسکول ایجوکیشن

    سرمایہ کاری و کامرس

    صنعت و تجارت

    سوشل ویلفیئر و بیت المال

    ہنرمندی و چھوٹے کاروبار کی ترقی

    جبکہ مختلف محکموں کے سیکریٹریز، چیئرمین PITB اور ڈی آئی جی پولیس بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

    کمیٹی کے اہم اختیارات و ذمہ داریاں

    صوبے بھر کے تمام شعبوں کی میپنگ کرنا۔

    ان شعبوں کی نشاندہی کرنا جہاں بچوں سے جبری مشقت لی جاتی ہے۔

    صنعتوں، بھٹوں، زراعت، ماہی گیری، ورکشاپس اور آٹو ری پئیر کے شعبوں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کرنا۔

    اے آئی اور GIS سے منسلک صوبائی سطح کا مرکزی ڈیٹا بینک قائم کرنا۔

    جبری مشقت کا شکار بچوں کے لیے متبادل حل اور معاونت کے طریقے وضع کرنا۔

    فوری، درمیانی اور طویل مدتی بنیادوں پر جامع حکمت عملی تیار کرنا۔

    والدین، اساتذہ اور معاشرے کے لیے آگاہی مہم کی منصوبہ بندی کرنا۔

    اس موضوع پر اداروں کی کارکردگی جانچنے کے معیار (میٹرکس) تیار کرنا۔

    پنجاب — بچوں کی جبری مشقت کے خاتمے کے لیے پہلا صوبہ

    سرکاری اعلامیے کے مطابق پنجاب وہ پہلا صوبہ ہے جو بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لیے اس نوعیت کے جامع اور منظم اقدامات کر رہا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف بچوں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوگا بلکہ صوبہ پنجاب کی عالمی رینکنگ بھی بہتر ہونے کی توقع ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق کمیٹی کی سفارشات کو عملی شکل دے کر صوبے میں جبری مشقت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی جائے گی۔

  • غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ جانے کی کوشش ناکام

    اسلام آباد(بولونیوز)ایف آئی اے امیگریشن کی کراچی ائرپورٹ پر بڑی کاروائی-ایف آئی اے امیگریشن نے غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنادی – 8 ملزمان گرفتار

    مسافروں میں عتیب الرحمان، قمر الدین، سعد فاروق اور محمد عادل شامل

    جبکہ گرفتار ایجنٹوں اور سہولتکاروں میں لیاقت علی، محمد الکریم، محمد عامر اور عبدالمقیت شامل

    عتیب الرحمان، قمر الدین، سعد فاروق اور محمد عادل نامی مسافر ایجنٹوں کی مدد سے البانیا جا رہے تھے۔

    مسافروں نے البانیا سے غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ جانا تھا

    مسافروں نے یورپ جانے کے لئے انسانی سمگلروں کو مجموعی طور پر 1 کروڑ روپے دیے۔

    مسافروں کی نشاندہی پر ایجنٹوں اور سہولتکاروں کو ائرپورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا

    گرفتار ایجنٹ انسانی سمگلنگ کا منظم گینگ چلا رہے تھے

    گرفتار انسانی سمگلر شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث ہیں

    گرفتار ایجنٹوں کا تعلق گجرات کے مختلف علاقوں سے ہے۔

    منظم گینگ کے دیگر ساتھی سعودی عرب اور یونان سے انسانی سمگلنگ کا نیٹ ورک چلا رہے ہیں

    مسافروں کے پاسپورٹ پر جعلی ویزے اور جعلی پروٹیکٹر اسٹمپ لگی ہوئی تھی

    مسافروں کے قبضے سے جعلی ائیر لائن ٹکٹ، 2200 یورو، 20 امریکی ڈالر اور 11.5 ملین ایرانی ریال بھی برآمد

    ملزمان کو بعد ازاں مزید قانونی کاروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا- مزید تفتیش جاری ہے

  • ایمان مزاری نے سوشل میڈیا پوسٹ کیس میں عبوری ریلیف نہ ملنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

    اسلام آباد(بولونیوز) انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ایمان زینب مزاری حاظر نے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی، جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ (IHC) کی جانب سے متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کیس میں عبوری ریلیف نہ دینے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔

    آئین کے آرٹیکل 185(3) کے تحت سینئر وکیل فیصل صدیقی کے ذریعے دائر کی گئی اپیل ایمان مزاری کے شوہر عبد الہادی محمد علی کی جانب سے مشترکہ طور پر دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ حقائق اور قانون کے منافی ہے، اس لیے اسے اس حد تک کالعدم قرار دیا جائے جہاں ٹرائل روکنے کے لیے عبوری ریلیف فراہم کرنے سے انکار کیا گیا۔

    یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب 12 اگست 2025 کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (انوائسٹی گیٹنگ آفیسر) — مدعا علیہ نمبر 2 — نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں درخواست گزاروں کے خلاف شکایت درج کرائی۔

    ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایمان مزاری کے خلاف جاری مقدمے کی کارروائی کو عبوری طور پر روکا جائے اور ہائی کورٹ کے حکم کو کالعدم قرار دیا جائے۔

  • پنجاب کے 4 اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری

    لاہور(بولونیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کے چار اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کے اہم تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف اضلاع میں نئے ڈپٹی کمشنرز کو تعینات کرتے ہوئے انتظامی تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق:

    محمد نعمان صدیق کو ڈپٹی کمشنر ملتان تعینات کر دیا گیا ہے۔

    محمد آصف رضا کو ڈپٹی کمشنر قصور مقرر کر دیا گیا ہے۔

    سید حسن رضا جو ڈپٹی کمشنر نارووال کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے، انہیں ڈپٹی کمشنر بہاولپور تعینات کر دیا گیا ہے۔

    محمد طیب خان کو ڈپٹی کمشنر نارووال تعینات کیا گیا ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق یہ تقرر و تبادلے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے اور اضلاع میں گورننس بہتر کرنے کے پیشِ نظر کیے گئے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت این ایف سی اجلاس کی تیاری

    پشاور(بولونیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی زیر صدارت نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے مالی اور آئینی حقوق پر جامع بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سابق فاٹا کا انتظامی انضمام تو مکمل ہو چکا ہے، تاہم مالی انضمام تاحال نہیں ہو سکا۔ بریفنگ کے مطابق این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا انضمام کے بعد سے ضم اضلاع کے 1375 ارب روپے بنتے ہیں، جو اب تک وفاق کی جانب سے فراہم نہیں کیے گئے۔

    مزید بتایا گیا کہ فاٹا انضمام کے وقت وفاق نے سالانہ 100 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، جو اب تک مجموعی طور پر 700 ارب روپے بنتے ہیں۔ اس میں سے وفاق نے محض 168 ارب روپے جاری کیے جبکہ 531.9 ارب روپے تاحال بقایا ہیں۔

    وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ ضم اضلاع کو این ایف سی میں ان کا حصہ نہ دینا آئین کے آرٹیکل 160 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے مالی و آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر بھرپور اور مؤثر آواز بلند کی جائے گی۔

    اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر، جیند اکبر، عاطف خان، علی اصغر، صوبائی وزیر مینا خان، مشیر خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے این ایف سی اجلاس میں خیبر پختونخوا اپنے مفادات کا مضبوط اور واضح مؤقف پیش کرے گا۔