Category: انٹرنیشنل نیوز

  • ٹرمپ کی امن تجاویز پر عمل نہ کیا گیا تو یوکرین مزید علاقے کھو سکتا ہے، صدر پیوٹن کا انتباہ

    ماسکو(بولونیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے خبردار کیا ہے کہ اگر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کی گئی امن تجاویز پر عمل نہ کیا گیا تو یوکرین کو مزید علاقوں سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ اگر مخالف فریق بات چیت سے گریز کرتا رہا تو روس اپنے علاقوں کو فوجی ذرائع سے آزاد کرانے کا عمل جاری رکھے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماسکو اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔

    صدر پیوٹن نے مزید کہا کہ روس کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ فوجی طاقت کے ذریعے یوکرین میں مزید علاقے حاصل کرے، اور اگر مذاکرات ناکام رہے تو یہی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

    روسی قیادت کے اس بیان کو خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

  • آسٹریلیا نے نفرت پھیلانے والوں کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا

    سڈنی(بولونیوز)آسٹریلوی وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ نفرت انگیز تقاریر کرنے اور تشدد کو فروغ دینے والے افراد کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے، اور ایسے قوانین مزید سخت کیے جائیں گے تاکہ ملک میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ بونڈائی بیچ پر ہوئے حملے میں جاں بحق کمسن بچی کی تدفین کر دی گئی ہے، جس سے فضا سوگوار ہو گئی ہے۔ حکومت اور عوام نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

  • بھارتی وزیراعلیٰ کی گھٹیا حرکت پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا شدید ردعمل

    نیویارک(بولونیوز) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی گھٹیا حرکت کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عورت کی عزت اور شناخت پر حملہ قرار دے دیا۔

    انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے خاتون کا نقاب ہٹا کر انتہائی شرمناک حرکت کی، وزیراعلیٰ کا عمل خاتون کی عزت، خود مختاری اور شناخت پرحملہ ہے۔

    خواتین کے ساتھ اس قسم کا سلوک ناقابل قبول ہے، کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی خاتون کے لباس کو کنٹرول کرے یا ان سے ناروا سلوک کرے، ایسی کارروائیاں خواتین میں خوف بڑھاتی ہیں۔

    پانے بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مزید کہا بہار کے وزیراعلیٰ کی اوچھی حرکت پر جوابدہی اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    دوسری جانب خاتون کا نقاب کھینچنے کو بھارتی سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور انسانی حقوق تنظیموں نے شرمناک قرار دے دیا، نقاب کھینچنے پر بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف ہراسمنٹ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

  • “ہماری سیاست سے دور رہیں” سابق آسٹریلوی وزیراعظم کا نیتن یاہو کو سخت پیغام

    لندن(بولونیوز) آسٹریلیا کے سابق وزیراعظم میلکم ٹرنبل نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آسٹریلیا کی اندرونی سیاست میں مداخلت نہ کریں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بات انہوں نے نیتن یاہو کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو سڈنی واقعے سے جوڑنے کی کوشش کے جواب میں کہی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کے روز یہودی مذہبی تہوار حنوکا کے موقع پر ہونے والی تقریب کے دوران فائرنگ سے 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    سڈنی واقعے پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا تھا کہ رواں سال فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے آسٹریلوی فیصلے نے یہود دشمنی کی “آگ پر تیل ڈالنے” کا کام کیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے چینل فور نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے میلکم ٹرنبل نے کہا کہ “میں احترام کے ساتھ نیتن یاہو سے کہنا چاہوں گا کہ براہِ کرم ہماری سیاست سے دور رہیں۔ اگر آپ کو اس نوعیت کے تبصرے کرنے ہیں تو یہ کسی طرح مددگار نہیں اور نہ ہی یہ درست عمل ہے۔

    ٹرنبل نے موجودہ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کی حکومت کے اس فیصلے کی حمایت کی کہ اگست میں، کئی دیگر مغربی ممالک کے ساتھ مل کر فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا گیا جب غزہ کی جنگ پر عالمی دباؤ میں اضافہ ہو رہا تھا۔

    واضح رہے کہ بونڈی بیچ حملے کے بعد ایک خطاب میں نیتن یاہو نے کہا تھا کہ چند ماہ قبل میں نے آسٹریلوی وزیراعظم کو لکھا تھا کہ آپ کی پالیسی یہود دشمنی کی آگ پر تیل ڈال رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہود دشمنی ایک سرطان ہے جو اس وقت پھیلتا ہے جب قیادت خاموش رہے۔

    سابق وزیر اعظم میلکم ٹرنبل کا کہنا تھا کہ دنیا کے بیشتر ممالک فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم کرتے ہیں اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔

  • امریکا میں یہودی لابی کی مضبوطی باقی نہ رہی، ڈونلڈ ٹرمپ کا اعتراف

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر نے ایک بار پھر اعتراف کیا ہے کہ امریکا اور کانگریس میں یہودی لابی کی حمایت کم ہو چکی ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں یہودی تہوار پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا امریکا میں اسرائیل کی حمایت کم ہو گئی ہے، کانگریس میں یہودی مخالف لابیز سرگرم ہیں اور ملک میں یہودی لابی کی مضبوطی باقی نہ رہی۔

    انھوں نے کہا سڈنی میں خطرناک حملہ ہوا، ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس ہے، حملے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، دہشت گردی کے خلاف امریکی قوم متحد کھڑی ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہم نے معاہدہ کر کے مشرق وسطیٰ میں امن قائم کیا ہے، حماس نے اسرائیلی قیدیوں کو رہا کر دیا اور لاشیں حوالے کیں، ہم نے ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کر دیا، اب روس یوکرین جنگ بھی جلد ختم کرنا چاہتا ہوں۔

    یاد رہے کہ ستمبر میں بھی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ حیران ہیں کہ واشنگٹن میں اسرائیل کی ایک زمانے کی طاقت ور لابی کانگریس میں اپنا اثر و رسوخ کھو رہی ہے۔ امریکی صدر نے اپنی ہی ریپبلکن پارٹی کے اندر رائے میں نسل در نسل تبدیلی کو تسلیم کیا۔

  • سڈنی حملہ، آسٹریلوی وزیراعظم کا بڑا انکشاف

    سڈنی(بولونیوز)آسٹریلوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سڈنی حملے کو روکنے کی ناکامی کے محرکات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔آسٹریلوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سڈنی حملے کی تحقیقات جاری ہیں، انٹیلی جنس اور پولیس کے اندرحقیقی مسائل موجود تھے۔

    آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ حملہ آوروں کو بندوقوں تک رسائی اور فلپائن کا سفر کرنے کی اجازت کیسے دی گئی، معاملے کی چھان بین کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ سڈنی بیچ کے ہلاک حملہ آور کا بھارتی پاسپورٹ پر سفر کرنے کے انکشاف کے بعد بھارتی میڈیا نے بھی ساجد اکرم کے بھارتی شہری ہونے کی تصدیق کردی۔

    ساجد اکرم کا تعلق بھارت کے شہر حیدرآباد تلنگانہ سے ہے جو 1998 میں اسٹوڈنٹ ویزے پر آسٹریلیا گیا تھا، آسٹریلیا منتقل ہونے کے بعد وہ صرف دو سے تین مرتبہ بھارت واپس گیا۔

    ساجد اکرم نے آخری بار 2022 میں بھارت کے شہر حیدرآباد کا سفر کیا لیکن اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

    حملہ آور نے بھارتی پاسپورٹ رکھا ہوا تھا، آسٹریلوی حکام تحقیقات کے لیے بھارتی ایجنسیز سے رابطے میں ہیں۔

    بھارتی میڈیا کی جانب سے جعلی سوشل میڈیا پروفائلز کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش بے نقاب ہوگئی۔ بانڈی بیچ واقعہ ایک بار پھر بھارتی میڈیا کے فالس فلیگ بیانیے کو بے نقاب کر گیا۔

  • ایران میں مسافر بس حادثے کا شکار، 13 افراد ہلاک

    تہران(بولونیوز)ایران میں ہائی وے پر پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں مسافروں سے بھری بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وسطی ایران کے ایک ہائی وے پر مسافر بس اصفہان سے شمال مشرقی شہر مشہد کی جانب جا رہی تھی کہ دورانِ سفر حادثے کا شکار ہو گئی۔ رپورٹس کے مطابق بس ہائی وے کے مرکزی گارڈ ریل سے ٹکرا کر مخالف سمت کی لین میں جا الٹی، جہاں اس کی ایک ٹیکسی سے بھی ٹکر ہو گئی۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 11 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ٹیکسی میں موجود دو مسافر بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    حادثے میں خواتین سمیت 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

  • چین میں رواں سال کے 11 ماہ کے دوران ریلوے کے ذریعے 4.28 بلین مسافر سفر

    چین(بولونیوز)نیشنل ریلوے گروپ نے 16 دسمبر کو بتایا ہے کہ رواں سال جنوری سے نومبر تک ملک بھر میں قومی ریلوے کے ذریعے مسافروں کے 4.28 بلین سفری ٹرپس ریکارڈ کیے گئے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6.6 فیصد اضافہ ہے۔ یہ اعداد و شمار تاریخی طور پر اس مدت کا نیا ریکارڈ قرار دیے جا رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق جنوری سے نومبر تک چین میں یومیہ اوسطاً 11 ہزار 258 مسافربردار ٹرینیں چلائی گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.1 فیصد زیادہ ہیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سرحد پار آمد و رفت میں اضافے سے بین الاقوامی سیاحت کو فروغ ملا ہے، جس سے افرادی تبادلے اور تجارتی روابط مضبوط ہوئے ہیں۔

    نیشنل ریلوے گروپ کے مطابق نقل و حمل کی صلاحیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ ریلوے خدمات کے معیار میں بھی مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ مسافروں کو مزید سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

  • بابری مسجد سے منسوب جذباتی واقعہ، یتیم بچی کی اینٹ نے سب کو آبدیدہ کر دیا

    انڈیا(بولونیوز)بھارت میں بابری مسجد سے منسوب ایک جذباتی واقعہ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں ایک یتیم بچی کی جانب سے لائی گئی اینٹ نے موجود افراد کی آنکھیں نم کر دیں۔

    روایت کے مطابق کلکتہ کے بزنس مین ہمایون کبیر نے بابری مسجد کی تعمیر کے لیے ذاتی حیثیت میں خطیر رقم جمع کرنے کا اعلان کیا، جبکہ ملک بھر سے مسلمانوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سابق بھارتی کرکٹ کپتان محمد اظہرالدین کی جانب سے بھی ایک کروڑ روپے عطیہ دینے کا ذکر کیا گیا۔

    دل کو چھو لینے والا منظر اس وقت سامنے آیا جب ایک معصوم یتیم بچی دور سے اپنے سر پر ایک اینٹ اٹھائے مسجد کے مقام پر پہنچی۔ بچی نے کہا کہ یہ اینٹ اس کی طرف سے ہے، اس کے والد کا انتقال ہو چکا ہے اور وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہتی ہے۔

    یہ سن کر ہمایون کبیر نے بچی کو گلے لگا لیا اور اعلان کیا کہ وہ اس اینٹ کو 20 لاکھ روپے میں خریدتے ہیں، اور یہ رقم مسجد فنڈ میں جمع کرا دی گئی۔ واقعے کے بعد وہاں موجود افراد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور روتے دکھائی دیے۔

    شرکا کے مطابق یہ اینٹ محض ایک اینٹ نہیں بلکہ ایمان، قربانی اور محبت کی علامت بن گئی، جس نے سب کے دلوں کو چھو لیا۔

  • “ووٹ چور گَدّی چھوڑ” مودی کیخلاف کانگریس کی ریلی

    بھارت(بولونیوز)مودی حکومت کی الیکشن دھاندلی کے خلاف اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے ووٹ چور گدی چھوڑ ریلی نکالی گئی۔

    بھارت کی کئی ریاستوں میں اس وقت انتخابات جاری ہیں اور اپوزیشن جماعت نے بہار، تلنگانہ سمیت دیگر ریاستوں میں مودی سرکار پر الیکشن دھاندلیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاجی تحریک جاری رکھی ہوئی ہے۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن جماعت کانگریس نے دارالحکومت دہلی میں ’’ووٹ چور، گَدّی چھوڑ‘‘ میگا ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کی جب کہ ملک بھر سے سیاسی رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔

    ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا کہ بھارت میں اصل لڑائی سچ اور اقتدار کے درمیان ہے۔ حکومت ووٹ چوری کے سہارے اقتدار میں ہے اور انتخابات میں پیسہ بانٹ کر اور ووٹر لسٹوں میں ہیرپھیر کر کے اپنے من پسند نتائج حاصل کر رہی ہے۔

    کانگریس نے دہلی کے رام لیلا میدان میں ’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ کے عنوان سے میگا ریلی کا انعقاد کیا، جس میں ملک بھر سے پارٹی کے سینئر قائدین، اراکینِ پارلیمنٹ اور بڑی تعداد میں کارکنان شریک ہوئے۔ ریلی کا مرکزی موضوع ووٹ چوری، انتخابی عمل میں شفافیت اور جمہوری اداروں کے تحفظ کا مطالبہ تھا۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے مودی حکومت پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اصل لڑائی سچ اور اقتدار کے درمیان ہے۔ ان کے مطابق ہندوستانی تہذیب اور تمام مذاہب کی بنیاد سچ پر ہے لیکن آج اقتدار میں بیٹھی قوتیں سچ کے بجائے طاقت کو اہمیت دے رہی ہیں۔

    انہوں نے مودی سرکار اور الیکشن کمیشن میں گٹھ جوڑ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ووٹ چوری نہ ہو تو عوام چند منٹوں میں اس حکومت کو اقتدار سے ہٹا دیں۔