Category: انٹرنیشنل نیوز

  • میزائل پروگرام دفاعی مقصد کے لیے، مذاکرات کا کوئی معاملہ نہیں

    تہران(بولونیوز)ایران کی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ملک کا میزائل پروگرام صرف دفاعی مقاصد کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اس پر کسی قسم کے مذاکرات کا معاملہ نہیں ہے۔

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتیں دشمن کو حملے کے خیال سے روکنے کے لیے ہیں، اور یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں جس پر بات چیت کی جا سکے۔

    بقائی نے مزید کہا کہ ایک طرف اسرائیل کو بلا روک ٹوک اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ایران کے میزائل پروگرام کو خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیل ایران کے بیلسٹک میزائلوں کی پیداوار میں اضافے پر تشویش رکھتا ہے اور ممکنہ حملے کے آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ اسرائیل ایران کی یورینیم افزودگی کی تنصیبات کی بحالی پر بھی توجہ دے رہا ہے، جو سابقہ امریکی حملوں کا نشانہ بنی تھیں۔

    ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے ماسکو کے دورے کے دوران کہا کہ تہران کسی بھی ممکنہ حملے کے لیے مکمل تیار ہے اور جنگ کو روکنے کا بہترین طریقہ خود کو تیار رکھنا ہے، اگرچہ ایران جنگ کو خوش آمدید نہیں کہتا۔

  • اسپتالوں میں دواؤں کی شدید قلت، ہزاروں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں

    غزہ(بولونیوز) غزہ میں دواؤں اور طبی سامان کی شدید قلت کے باعث اسپتالوں میں زیرِ علاج ہزاروں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق ضروری ادویات کی کمی کے سبب مریضوں کا علاج بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

    محکمۂ صحت نے بتایا کہ لیبارٹری ٹیسٹس اور بلڈ بینک سے متعلق سامان کی قلت 59 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جس کی وجہ سے تشخیص اور ہنگامی علاج میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

    غزہ کے اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں نے بتایا کہ کئی ایسی ادویات مکمل طور پر ختم ہوچکی ہیں جو مریضوں کی جان بچانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کی وجہ سے مریضوں کی صحت یابی ممکن نہیں رہی اور صورتحال تشویشناک حد تک بگڑ گئی ہے۔

  • پاپوانیو گنی شدید زلزلے سے لرز اُٹھا، شدت 6.4 ریکارڈ

    پاپوا نیو گنی(بولونیوز)ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.4 ریکارڈ کی گئی۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جھٹکوں کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 108 کلومیٹر تھی، اور جھٹکوں کا مرکز حرض کے مشرق میں تقریباً 9 کلومیٹر کی دوری پر تھا۔

    حکام نے واضح کیا کہ اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باوجود سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں بھی 4.3 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا۔ قومی زلزلہ نگرانی نیٹ ورک کے اسٹیشنوں نے رات ایک بجکر 11 منٹ اور 23 سیکنڈ پر زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے۔

  • بنگلہ دیش، طلبہ تحریک کے رہنما عثمان ہادی کے قاتلوں‌ کی شناخت ہو گئی

    ڈھاکا(بولونیوز)حسینہ واجد کے خلاف چلنے والی طلبہ تحریک کے رہنما عثمان ہادی کے قتل میں ملوث دو افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔

    شریف عثمان ہادی، جو شیخ حسینہ واجد کی مطلق العنان حکومت کے خلاف طلبہ کی ملک گیر تحریک کے صفِ اول کے رہنماؤں میں شامل تھے، ایک قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد کئی روز تک موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

    عثمان ہادی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے پورے بنگلہ دیش میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور مظاہرین اس قتل کا الزام براہِ راست بھارت پر بھی عائد کر رہے ہیں۔

    گزشتہ روز عثمان ہادی کے قتل میں ملوث دو افراد کی شناخت فیصل کریم مسعود اور محمد عالمگیر شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کے طلبہ ونگ، کالعدم چھاترا لیگ سے وابستہ ہیں۔

  • ایپسٹین فائلز میں بل کلنٹن کی تصاویر دیکھ کر دکھ ہوا، ٹرمپ

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپسٹین فائلز میں بل کلنٹن کی تصاویر دیکھنے پر دکھ کا اظہار کیا۔

    صدر ٹرمپ نے پیر کو محکمہ انصاف کی طرف سے سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق فائلوں کے اجرا پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ایپسٹین فائلز میں تصاویر کی بنیاد پر کئی افراد کو تنقید کا سامنا ہے، میں نے اس کے جزیرے کا کبھی دورہ نہیں کیا، ہم نے جیفری ایپسٹین کو مار الاگو پام بیچ سے نکال دیا تھا۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جیفری ایپسٹین سے پارٹی میں ملنے والوں کی تصاویر سامنے آئی ہیں، کئی افراد کو اس کے بارے میں معلوم ہی نہیں تھا، ان فائلز سے وہ لوگ جو سزا یافتہ پیڈو فائل سے بے گناہ ہوتے ہوئے ملے، ان کی ساکھ تباہ ہو سکتی ہے۔

  • پاکستان کو امریکی خارجہ پالیسی میں فوقیت حاصل، “انڈیا فرسٹ” دور ختم

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی جریدے واشنگٹن ٹائمز نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں اہم تبدیلیوں کی نشاندہی کی ہے۔ جریدے کے مطابق ٹرمپ کی قیادت میں پاکستان کے حوالے سے امریکی سوچ میں نمایاں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے، اور سابقہ “انڈیا فرسٹ” پالیسی کا دور ختم ہو چکا ہے۔

    امریکی تجزیہ کاروں نے سال 2025 کو پاک-امریکا تعلقات میں انقلابی تبدیلی کا سال قرار دیا ہے، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں نمایاں ہیں۔

    واشنگٹن ٹائمز کے آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جغرافیائی، اسٹریٹجک اور خطے میں امن و استحکام میں کردار کو امریکی خارجہ پالیسی میں خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

  • سعودی وزیر دفاع سے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات

    ریاض(بولونیوز)چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M), HJ نے اپنی سرکاری دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی و عسکری تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور بدلتے ہوئے جیو اسٹریٹجک چیلنجز شامل تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے شاہی فرمان کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینٹ کلاس بھی عطا کیا گیا۔

    یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شاندار عسکری خدمات، قائدانہ صلاحیتوں اور پاکستان–سعودی دفاعی تعاون، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے میں ان کے نمایاں کردار کا اعتراف ہے۔ اعزاز خطے میں امن و استحکام، خصوصاً انسداد دہشت گردی اور سلامتی کے شعبوں میں مستقل تعاون کی قدردانی بھی ظاہر کرتا ہے۔

    سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خادمِ حرمین شریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قائم نہ ٹوٹنے والے تاریخی رشتے کی علامت ہے۔ انہوں نے مملکت کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

    کنگ عبدالعزیز میڈل کی یہ تقرری پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات اور دونوں ممالک کی جانب سے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہے۔

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں، مزید شہادتیں

    غزہ(بولونیوز) اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، صیہونی فوج کی تازہ کارروائی میں 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں صیہونی فوج کی بمباری سے تباہ خستہ خال عمارت گر گئی، جس میں 4 فلسطینی شہید ہوئے۔10ا کتوبر کی غزہ جنگ بندی کے بعد اب تک 40 تباہ حال عمارتیں گر چکی ہیں، عمارتیں گرنے کے واقعات میں اب تک 18 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

    غزہ میں اسکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 6 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، حملے کے وقت اسکول میں شادی کی تقریب جاری تھی۔

  • اسرائیلی آرمی چیف نے ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کی دھمکی دیدی

    تل ابیب(بولونیوز)اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر نے دشمن پر حملہ کرنے کی دھمکی دیدی۔اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر نے ایک مرتبہ پھر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کسی بھی وقت اپنے دشمنوں کے خلاف کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہے اور ضرورت پڑنے پر حملے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

    اسرائیلی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جہاں بھی ضرورت ہو گی ہم حملہ کریں گے اور اسرائیل دشمن کے خلاف کارروائی سے کبھی نہیں ہچکچائے گا، ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے دفاع اور سلامتی کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔

    ایال زمیر نے ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف سرگرم عناصر کو مالی اور عسکری مدد فراہم کرتا رہا ہے اور اسرائیل کو نقصان پہنچانے کے منصوبوں کے پیچھے بھی ایران کا ہاتھ ہے۔

    آرمی چیف ایال زمیر نے حالیہ بیان میں کہا کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کی حماس کے ساتھ جنگ شروع ہوئی لیکن بعد میں یمن اور ایران سمیت دیگر بھی اس میں شامل ہوگئے۔

    یاد رہے کہ اسرائیلی آرمی چیف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے واشنگٹن میں ملاقات کے دوران ایران پر نئے حملے سے متعلق بات چیت کرسکتے ہیں۔

  • ایران مذاکرات چاہتا ہے، ڈکٹیٹیشن نہیں، ایرانی وزیر خارجہ

    تہران(بولونیوز) ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران مذاکرات چاہتا ہے، ڈکٹیٹیشن نہیں، امریکا کے ساتھ ماضی میں برا تجربہ رہا۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکی ایلچی اسٹیو وٹ کاف سے رابطہ رہتا ہے، اب سلسلہ روکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کے پانچ راؤنڈز ہوچکے ہیں، ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کا چھٹا دور 15جون کو ہونا تھا۔

    ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے مذاکرات کے دوران ایران پر حملے کا منصوبہ بنایا امریکا نے ساتھ دیا، امریکا کے ساتھ ماضی میں برا تجربہ رہا۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں امریکا نے بغیر وجہ جوہری ڈیل مذاکرات سے دستبرداری اختیار کی، ایران مذاکرات چاہتا ہے، ڈکٹیٹیشن نہیں، منصفانہ ڈیل کے لیے تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم باہمی مفادات کی بنیاد پر کسی منصفانہ اور متوازن معاہدے کے لیے مذاکرات کی تجویز پر غور کرسکتے ہیں۔